سندھ میں 6 ستمبر سے نویں سے 12ویں جماعت کے طلبہ کو ویکسین لگانے کا فیصلہ

اپ ڈیٹ 31 اگست 2021
طلبہ کو ویکسین لگانے کا فیصلہ پیر کو سندھ کی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا— فوٹو: محکمہ صحت سندھ
طلبہ کو ویکسین لگانے کا فیصلہ پیر کو سندھ کی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا— فوٹو: محکمہ صحت سندھ

سندھ حکومت نے نویں سے 12ویں جماعت کے طلبہ کو 6 ستمبر سے صوبے بھر کے تمام نجی اور سرکاری شعبوں کے اسکولوں اور کالجوں میں کورونا وائرس کی ویکسین لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس حوالے سے فیصلہ پیر کو سندھ کی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا، وزیر تعلیم سید سردار شاہ سمیت دیگر حکام بھی اجلاس میں شریک تھے۔

مزید پڑھیں: حکومت سندھ نے کورونا بندشوں میں 15 ستمبر تک توسیع کردی

فیصلے کے مطابق نویں سے بارہویں جماعت 14لاکھ 20 ہزار طلبہ کو ویکسین دی جائے گی۔

وزارت صحت کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ مختلف اسکولوں اور کالجوں میں ویکسینیشن مہم میں 2ہزار 527 ٹیمیں حصہ لیں گی۔

بیان میں کہا گیا کہ ویکسینیشن پہلے ضلعی سطح پر شروع کی جائے گی اور بعد میں اسے تعلقہ کی سطح تک توسیع دی جائے گی۔

اس دوران وزیر صحت نے اسکولوں کی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ تعلیمی اداروں میں بچوں کو ویکسین لگانے کے لیے والدین کی رضامندی حاصل کریں۔

یہ بھی پڑھیں: این سی او سی نے کورونا سے متعلق پابندیوں کا نفاذ 27 شہروں تک بڑھا دیا

انہوں نے کہا کہ اس عمل کے مکمل ہونے کے بعد ویکسین لگوانے والے طلبہ کی رجسٹریشن بھی یقینی بنائی جائے گی۔

وزارت صحت نے کہا ہے کہ وہ تمام تعلیمی اداروں میں ویکسینیشن کا عمل شروع کرنے سے پہلے چھ دن کے اندر تمام ضروری انتظامات مکمل کر لے گی۔

ویکسین لازمی قرار

20 اگست کو وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا تھا کہ اسکول، کالج اور یونیورسٹیاں مزید ایک ہفتے کے لیے بند رہیں گی تاکہ تدریسی اور غیر تدریسی عملہ ویکسین لگوا سکے۔

کراچی میں وزیر اعلیٰ ہاؤس میں پریس کانفرنس میں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا تھا کہ اسکول 23 اگست کے بجائے 30 اگست کو دوبارہ کھلیں گے۔

وزیراعلیٰ نے کہا تھا کہ بچوں کو اسکولوں میں داخلے کے لیے اپنے والدین کے ویکسینیشن کارڈ دکھانا ہوں گے لہٰذا والدین کے لیے لازم ہو گیا ہے کہ وہ ایک ہفتے کے اندر خود کو ویکسین لگائیں۔

مزید پڑھیں: حکومت سندھ نے بھی مختلف شعبہ سے وابستہ افراد کیلئے ویکسین لگوانے کی ڈیڈ لائن دے دی

بعد ازاں 23 اگست کو ایک پریس کانفرنس میں صوبائی وزیر تعلیم نے اعلان کیا تھا کہ جن اسکولوں نے اپنے 100 فیصد عملے کو کووڈ-19 کی ویکسین دی ہے انہیں 30 اگست سے کھولنے کی اجازت دی جائے گی۔

انہوں نے کہا تھا کہ بچوں کو صرف اس صورت میں اسکول جانے کی اجازت دی جائے گی جب ان کے والدین ویکسین لگوا لیں گے، والدین کو نیشنل ڈیٹا بیس اور رجسٹریشن اتھارٹی سے ویکسینیشن سرٹیفکیٹ حاصل کر کے جمع کرانے ہوں گے۔

تبصرے (0) بند ہیں