اسلام آباد: ملک میں 6 کروڑ سے زائد افراد کو ویکسین کی خوراکیں لگانے کا سنگ میل عبور کرلیا گیا ہے جس کے ساتھ ہی نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے ویکسین کی دوسری خوارک لگوانے والے افراد کے لیے اتوار کا دن مخصوص کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق این سی او سی نے 6 ستمبر کو ویکسینیشن مراکز کو کھلا رکھنے کا بھی فیصلہ کیا تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو بغیر کسی رکاوٹ کے ویکسین لگائی جا سکے۔

مزید پڑھیں: فلپائن کا پاکستان سمیت 10 ممالک کیلئے سفری پابندی ختم کرنے کا فیصلہ

این سی او سی کا یہ فیصلہ صوبہ خیبرپختونخوا اور پنجاب کے 24 اضلاع میں تعلیمی اداروں کی بندش سمیت مزید پابندیاں متعارف کرائے جانے کے ایک روز بعد سامنے آیا ہے۔

منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات کے وزیر اور این سی او سی کے سربراہ اسد عمر نے وزیر اعظم عمران خان کو ملک میں کووڈ 19 کی موجودہ صورتحال اور انہیں وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا تھا۔

جن اضلاع میں نئی پابندیاں نافذ کی گئی ہیں وہ راولپنڈی، لاہور، گجرات، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، شیخوپورہ، فیصل آباد، سرگودھا، خوشاب، میانوالی، رحیم یار خان، خانیوال، بھکر، ملتان اور پنجاب کے بہاولپور، ہری پور، مالاکنڈ، مانسہرہ، صوابی شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: اشناہ شاہ 9 دن میں کورونا سے صحت یاب

علاوہ ازیں خیبر پختونخوا میں ڈیرہ اسمٰعیل خان، سوات، ایبٹ آباد اور پشاور کے ساتھ اسلام آباد بھی شامل ہیں۔

این سی او سی نے اتوار کو ویکسینیشن مراکز کو کھلا رکھنے کا فیصلہ کیا اور لوگوں کو ویکسینیشن مکمل کرانے پر زور دیا۔

این سی او سی اعلامیے میں کہا گیا کہ جن لوگوں نے اپنی مقررہ تاریخ گزرنے کے باوجود دوسری ویکسین نہیں لگوائی، ان کو ہدایت دی جاتی ہے کہ وہ ہفتے میں کسی بھی دن ویکسینیشن سینٹرز کا دورہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ اتوار خاص طور پر ان لوگوں کے لیے وقف کیا گیا ہے جنہیں ویکیسن کی دوسری خوراک لگوانی ہے۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ جن لوگوں نے دوسری خوراک لگوانی ہے ان کی تعداد ان لوگوں کے مقابلے میں 50 فیصد کم ہے جنہوں نے ابھی پہلی خوارک لگوائی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ہیلتھ کیئر پروفیشنلز کو نظر انداز کرنے پر سینئر ڈاکٹر نے احتجاجاً تمغہ امتیاز واپس کردیا

این سی او سی کے مطابق 4 کروڑ 54 لاکھ 98 ہزار 115 افراد کو ویکسین کی پہلی خوارک لگائی جاچکی ہے جبکہ ایک کروڑ 85 لاکھ 12 ہزار 319 افراد کی مکمل ویکسینیشن ہوچکی ہے۔

دوسری جانب یہ اعلان کیا گیا کہ ملک بھر میں کووڈ 19 ویکسین کی 6 کروڑ سے زیادہ ویکسین دی گئی ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا سے مزید 79 افراد جاں بحق جبکہ مزید 3 ہزار 980 کیسز رپورٹ ہوگئے۔

این سی او سی کے مطابق کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 6.21 فیصد ہے۔

این ایچ ایم پی میں بھریتاں 20 ستمبر تک شیڈول

نیشنل ہائی وے اینڈ موٹروے پولیس (این ایچ ایم پی) میں 300 اسامیوں کے لیے پٹرولنگ افسر/سب انسپکٹر کی بھرتی 20 ستمبر سے دوبارہ شیڈول کی گئی ہیں۔

اس سے قبل یہ بھرتیاں 6 ستمبر سے شیڈول تھیں۔

ایک بیان کے مطابق یہ فیصلہ این سی او سی کے بین الصوبائی پبلک ٹرانسپورٹ پر پابندی کے فیصلے کی روشنی میں لیا گیا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں