ایک شخص کے پیٹ سے نگلے ہوئے نوکیا 3310 کو نکال لیا گیا

اپ ڈیٹ 05 ستمبر 2021
نوکیا 3310 — شٹر اسٹاک فوٹو
نوکیا 3310 — شٹر اسٹاک فوٹو

نوکیا 3310 ایسا موبائل فون ہے جو 2 دہائیوں سے لوگوں کے ذہنوں میں زندہ ہے۔

ویسے تو نوکیا نے 2005 میں اس کی فروخت ختم کردی تھی مگر 2017 میں اس کی نئی شکل میں واپسی ہوئی۔

مگر کیا کوئی فرد اس موبائل فون کو نگل سکتا ہے؟ یورپی ملک کوسوو میں ایسا ہی حیران کن واقعہ پیش آیا۔

پریسٹینا نامی شہر میں 33 سالہ شخص کے معدے سے ڈاکٹروں نے نوکیا 3310 کو نکالا۔

حیران کن طور پر یہ موبائل فون 4 دن سے اس شخص کے معدے میں موجود تھا اور یہ معلوم ہی نہیں ہوسکا کہ اس نے کب اور کیسے اسے نگل لیا۔

کامیاب آپریشن کے ذریعے اسے نکالنے والے ڈاکٹروں نے فیس بک پر اس فون کی تصاویر بھی پوسٹ کیں جبکہ ایکسرے اور اینڈو اسکوپ تصاویر میں بھی اسے دیکھا جاسکتا ہے۔

ڈاکٹروں نے اس موبائل فون کو معدے کو کاٹے بغیر نکالنے میں کامیاب حاصل کی اور اس کے لیے خصوص ڈیوائسز اینڈو اسکوپ کا استعمال کیا گیا اور 2 گھنٹے میں فون نکال لیا۔

ڈاکٹروں کے مطابق اس عمل کے دوران کوئی پیچیدگیاں پیدا نہیں ہوئیں۔

متاثرہ شخص نے فون نگلنے کے بعد پیٹ میں درد کے باعث ہسپتال سے رجوع کیا تھا۔

طبی ماہرین نے بتایا کہ بیٹری فون کا سب سے خطرناک حصہ ہوتا ہے جس کے پھٹنے کا خطرہ ہوتا ہے جبکہ نققصان دہ کیمیکلز کا اخراج بھی ہوسکتا تھا۔

موبائل فون نکلنے کے بعد اب اس شخص کی حالت بہتر ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں