اسلام آباد، کے پی اور پنجاب کے مخصوص اضلاع میں کورونا بندشوں میں 15 ستمبر تک توسیع

اپ ڈیٹ 09 ستمبر 2021
این سی او سی نے رواں ماہ کے شروع میں بندشوں کا اعلان کیا تھا—فائل/فوٹو: رائٹرز
این سی او سی نے رواں ماہ کے شروع میں بندشوں کا اعلان کیا تھا—فائل/فوٹو: رائٹرز

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول (این سی او ی) نے اسلام آباد، خیبر پختونخوا (کے پی) اور پنجاب کے کورونا کیسز کی بلند شرح والے اضلاع میں عائد بندشوں کو 12 ستمبر سے 15 ستمبر توسیع کردی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر این سی او سی کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ ‘این سی او سی کے اجلاس میں 24 انتہائی متاثرہ اضلاع میں نافذ این پی آئیز کا جائزہ لیا گیا’۔

مزید پڑھیں: این سی او سی کا خیبرپختونخوا، پنجاب کے مخصوص اضلاع میں اضافی بندشوں کا اعلان

نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ ‘انتہائی نگہداشت، ہسپتالوں میں داخلے اور درکار آکسیجن پر دباؤ کے پیش نظر فورم نے چند خصوصی این پی آئیز کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا’۔

این سی او سی نے کہا کہ ‘اسلام آباد، کے پی اور پنجاب کے انتہائی متاثرہ 24 اضلاع میں 12 ستمبر تک نافذ این پی آئیز میں 15 ستمبر 2021 تک توسیع کردی گئی ہے’۔

قبل ازیں 3 ستمبر کو این سی او سی نے کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کے رجحان کے پیش نظر پنجاب، خیبر پختونخوا اور اسلام آباد کے مختلف اضلاع میں 4 ستمبر سے 12 ستمبر تک تعلیمی شعبے کی بندش سمیت اضافی پابندیوں کا اعلان کیا تھا۔

این سی او سی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ وبا کے پھیلاؤ کو کم کرنے کے لیے منتخب اضلاع میں 4 سے 12 ستمبر تک اضافی این پی آئیز نافذ کی جائیں گی۔

مختلف اضلاع میں نافذ ہونے والی ان این پی آئیز کی تفصیل یہ تھیں:

• تعلیمی شعبے کی بندش

• بیماری کے زیادہ پھیلاؤ والے اضلاع اور شہروں میں انٹرسٹی ٹرانسپورٹ کی آمد و رفت پر پابندی

• ان ڈور اور آؤٹ ڈور تمام تقریبات پر پابندی

• شادی بیاہ کی تقریبات کی اجازت صرف آؤٹ ڈور اور 300 افراد تک تعداد سے مشروط

• انڈور جم پر پابندی

این سی او سی کا کہنا تھا کہ یہ اضافی این پی آئیز کا نفاذ پنجاب میں سرگودھا، خوشاب، میانوالی، رحیم یار خان، خانیوال، فیصل آباد، بھکر، گجرات، گجرانوالا، ملتان، بہاولپور، لاہور، راولپنڈی، سیالکوٹ اور شیخوپورہ میں ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: این سی او سی نے کورونا سے متعلق پابندیوں کا نفاذ 27 شہروں تک بڑھا دیا

نوٹیفکیشن میں بتایا گیا تھا کہ خیبرپختونخوا میں یہ پابندیاں ہری پور، مالاکنڈ، مانسہرہ، صوابی، ڈی آئی خان، سوات، ایبٹ آباد اور پشاور میں کی جائیں ہیں۔

این سی او سی نے کہا تھا کہ مذکورہ پابندیوں کا اطلاق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد پر بھی ہوگا۔

تبصرے (0) بند ہیں