فلم ’ہوٹل روانڈا‘ کے اصل کردار کو دہشت گردی کے الزام میں سزا

اپ ڈیٹ 21 ستمبر 2021
روسیسا باگینا نامی شخص کی زندگی پر ہی ہوٹل روانڈا نامی فلم بنائی گئی تھی—فائل فوٹو: ٹوئٹر
روسیسا باگینا نامی شخص کی زندگی پر ہی ہوٹل روانڈا نامی فلم بنائی گئی تھی—فائل فوٹو: ٹوئٹر

ہولی وڈ کی ایوارڈ یافتہ فلم ’ہوٹل روانڈا‘ کی کہانی کے حقیقی کردار روانڈا کے شہری پال روسیسا باگینا کو عدالت نے دہشت گردی کے الزام میں 25 سال قید کی سزا سنادی۔

پال روسیسا باگینا کی خدمات پر ہولی وڈ کی فلم ’ہوٹل روانڈا‘ 2004 میں بنائی گئی تھی، ان کا کردار ڈان چیڈل نے ادا کیا تھا۔

مذکورہ فلم افریقی ملک روانڈا میں 1994 میں ہونے والی نسل کشی کے گرد گھومتی ہے۔

مذکورہ فلم کے حقیقی کردار روسیسا باگینا کو گزشتہ برس گرفتار کیا گیا تھا اور ان پر روانڈا کی عدالت میں مقدمہ چلایا گیا تھا۔

خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹڈ پریس‘ (اے پی) کے مطابق روسیسا باگینا کو عدالت نے 8 جرائم کے تحت 25 سال قید کی سزا سنائی جب کہ ان کے ہمراہ دیگر 20 افراد پر بھی فرد جرم عائد کی گئیں۔

روسیسا باگینا کو دہشت گرد تنظیم میں رکنیت، قتل اور لوگوں کے اغوا سمیت دیگر الزامات کے تحت سزا سنائی گئی۔

روانڈا کے شہری کو گزشتہ برس دبئی سے گرفتار کیا گیا تھا—فائل فوٹو: اے پی
روانڈا کے شہری کو گزشتہ برس دبئی سے گرفتار کیا گیا تھا—فائل فوٹو: اے پی

انہیں سزا سنائے جانے پر نہ صرف انسانی حقوق کی تنظیموں بلکہ امریکا اور بیلجیم نے بھی تنقید کی ہے اور دعویٰ کیا ہے کہ انہیں مقدمے کی پیروی کے لیے قانونی وسائل اور شفاف ٹرائل کی سہولیات فراہم نہیں کی گئی تھیں۔

انسانی حقوق کی تنظیموں نے روسیسا باگینا کو سزا سنائے جانے کو سیاسی کارروائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان سے روانڈا کے حالیہ صدر نے بدلہ لیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: 'ہوٹل روانڈا' کے ہیرو پر فرد جرم عائد، الزام ثابت ہونے کی صورت میں عمر قید کا خدشہ

روسیسا باگینا نے 1994 میں روانڈا میں ہونے والی نسل کشی کے دوران ’کیگالی کے ملی کولنز‘ نامی ہوٹل میں پناہ لینے والے مقامی 1200 افراد کو پناہ دے کر جنگجوؤں سے ان کی زندگی بچائی تھی۔

نسل کشی کے دوران ہوتو قبیلے کے انتہاپسندوں نے اقلیتی قبیلے توتسی کے لوگوں کو مارا تھا اور جھگڑوں کے دوران اندازا 8 لاکھ توتسی لوگ مارے گئے تھے۔

گزشتہ برس ستمبر میں ہی ان پر فرد جرم عائد کی گئی تھی—فائل فوٹو: اے پی
گزشتہ برس ستمبر میں ہی ان پر فرد جرم عائد کی گئی تھی—فائل فوٹو: اے پی

روسیسا باگینا نے توتسی قبیلے کے ہی 1200 افراد کو ہوٹل میں پناہ دے کر بچایا تھا، وہ اس وقت ہوٹل کے منیجر تھے، مذکورہ ہوٹل اس وقت کا پرتعیش اور محفوظ ترین ہوٹل تھا۔

اسی واقعے سے متاثر ہوکر ہی 2004 میں ’ہوٹل روانڈا‘ نامی فلم بنائی تھی، جس کے بعد روسیسا باگینا کی شہرت میں مزید اضافہ ہوا۔

مزید پڑھیں: ہوٹل روانڈا کے 'ہیرو' کو دھوکے سے روانڈا لے جانے کا انکشاف

نسل کشی کم ہونے کے بعد 1996 میں روسیسا باگینا پہلے بیلجیم منتقل ہوئے تھے، جہاں انہیں شہریت دی گئی تھی اور بعد ازاں وہ امریکا منتقل ہوئے، وہاں بھی انہیں شہریت دی گئی، علاوہ ازیں انہیں اعلیٰ امریکی سرکاری ایوارڈز سے بھی نوازا گیا۔

روسیسا باگینا کو گزشتہ برس اگست میں روانڈا کی سیکیورٹی فورسز نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ریاست دبئی سے اغوا کرکے گرفتار کیا تھا اور چند دن بعد ان کی گرفتاری کو ظاہر کیا تھا۔

روسیسا باگینا کو روانڈا لے جاکر وہاں ان کے خلاف مقدمہ چلایا گیا، جس پر انسانی حقوق کی تنظیموں، امریکا اور بیلجیم کی حکومتوں نے آوازیں بھی اٹھائیں اور انہیں شفاف ٹرائل کے لیے قانونی مدد فراہم کرنے کے مطالبات بھی کیے۔

تبصرے (0) بند ہیں