مائیکرو سافٹ کا ایک نیا لیپ ٹاپ اور 3 ٹیبلیٹس متعارف

22 ستمبر 2021
سرفیس لیپ ٹاپ اسٹوڈیو — فوٹو بشکریہ مائیکرو سافٹ
سرفیس لیپ ٹاپ اسٹوڈیو — فوٹو بشکریہ مائیکرو سافٹ

مائیکرو سافٹ نے اپنے سرفیس سیریز کے نئے ٹیبلیٹس اور لیپ ٹاپ متعارف کرا دیئے ہیں۔

ایک ایونٹ کے دوران کمپنی کی جانب سے 3 ٹیبلیٹس اور ایک لیپ ٹاپ کو پیش کیا گیا۔

یہ سب ڈیوائسز سب سے پہلے امریکا میں فروخت کے لیے پیش کی جائیں گی۔

سرفیس لیپ ٹاپ اسٹوڈیو

یہ اس کمپنی کے سرفیس بک سیریز کا نیا لیپ ٹاپ ہے جس کو مکمل طور پر ری ڈیزائن کیا گیا ہے اور ریموو ایبل ڈسپلے کی جگہ لیپ ٹاپ کو ٹیبلیٹ میں تبدیل کرنے کے آپشن کو اپنایا گیا جسے کمپنی نے اسٹوڈیو موڈ کا نام دیا ہے۔

14.4 انچ کے پکسل سنس ڈسپلے والے اس لیپ ٹاپ میں 120 ہرٹز ریفریش ریٹ اور ڈولبی ویژن کے فیچرز موجود ہیں۔

اس میں موجود لچکدار hinge سے لیپ ٹاپ کو ٹیبلیٹ میں تبدیل کرنے میں مدد ملتی ہے اور اس میں لیپ ٹاپ، اسٹیج اور اسٹوڈیو 3 موڈز ہیں۔

لیپ ٹاپ موڈ میں ڈسپلے ایک عام لیپ ٹاپ کی طرح کام کرتا ہے جس پر کام کرنے کے لیے کی بورڈ اور ایک نیا ٹچ پیڈ ہیپٹک سپورٹ کے ساتھ دیا گیا ہے۔

اسٹٰج موڈ میں ڈسپلے ایک ایسے اینگل میں تبدیل ہوتا ہے جو گیمنگ، اسٹریمنگ یا سلائیڈز پریزینٹ کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔

اس موڈ میں کی بورڈ کور ہو جاتا ہے اور نئے سرفیس سلیم پین 2 کو بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔

اس ڈیوائس میں 2 یو ایس بی 4 پورٹس تھنڈر بولٹ 4 کے ساتھ ہیں جبکہ سرفیس کنکٹ چارجنگ پورٹ اور ہیڈ فون جیک بھی موجود ہے۔

تھنڈر بولٹ سپورٹ کا مطلب یہ ہے کہ اس لیپ ٹاپ کو ملٹی پل 4K ڈسپلے سے کنکٹ کیا جاسکتا ہے، ہائی اسپیڈ ایکسٹرنل اسٹوریج کو استعمال اور ایکسٹرنل جی پی یو انکلوژر کے ذریعے ڈیوائس کو فل گیمنگ پی سی میں تبدیل کیا جاسکتا ہے۔

یہ لیپ ٹاپ ونڈوز 11 آپریٹنگ سسٹم سے لیس ہوگا جس میں انٹیل کا 11 جنریشن کواڈ کور پراسیسر اور نویڈیا کا آر ٹی ایکس 3050 ٹی آئی جی پی یو موجود ہے۔

کمپنی کے مطابق یہ لیپ ٹاپ 5 اکتوبر کو دستیاب ہوگا مگر ابھی پری آرڈر میں بک کرایا جاسکتا ہے اور اس کی قیمت 1600 ڈالرز (2 لاکھ 69 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) رکھی گئی ہے۔

سرفیس پرو ایکس

فوٹو بشکریہ مائیکرو سافٹ
فوٹو بشکریہ مائیکرو سافٹ

اس بار مائیکرو سافٹ کی جانب سے کوئی زیادہ اپ گریڈ نہیں کی گئی مگر ایک نیا وائی فائی اونلی ورژن ضرور متعارف کرایا گیا ہے جبکہ ایک سیلولر کنکٹویٹی والے اے آر ایم پر مبنی ورژن بھی پیش کیا گیا ہے۔

سیلولر کنکٹویٹی والے ورژن میں کاسٹیوم ایس کیو 2 پراسیسر موجود ہے جو کوالکوم کے اسنیپ ڈراگون 8 سی ایکس جنریشن پراسیسر پر مبنی ہے۔

یہ پراسیسر 5 جی سپورٹ فراہم کرسکتا ہے مگر کمپنی نے اسے 4 جی ایل ٹی ای سیلولر کنکٹویٹی تک محدود رکھا گیا ہے۔

کمپنی کے مطابق یہ اب تک کا سب سے سستا سرفیس پرو ایکس ٹیبلیٹ ہے جبکہ اس کے ساتھ اے آر ایم کے لیے ونڈوز 11 سپورٹ کو بہتر کیا گیا ہے۔

اس کا وائی فائی ماڈل پری آرڈر میں 22 ستمبر سے دستیاب ہے جس کی قیمت 899 ڈالرز (ایک لاکھ 51 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) رکھی گئی ہے اور یہ 5 اکتوبر سے دستیاب ہوگا۔

سرفیس گو 3

فوٹو بشکریہ مائیکرو سافٹ
فوٹو بشکریہ مائیکرو سافٹ

مائیکرو سافٹ کی جانب سے سب سے چھوٹے سرفیس ٹیبلیٹ کو بھی ریفریش کیا گیا ہے۔

10.5 انچ کے اس ٹیبلیٹ کی کارکردگی کو بڑھانے پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔

اس کے بیس ماڈل انٹیل کے 10 جنریشن کور آئی تھری پراسیسر کو دیا گیا ہے اور کمپنی کے مطابق اس کی رفتار سابقہ ماڈل سے 60 فیصد بہتر ہوگی۔

یہ 4 سے 8 جی بی ریم اور 64، 128 سے 256 جی بی اسٹوریج کے آپشنز کے ساتھ دستیاب ہوگا جبکہ ایس ڈی سلاٹ بھی موجود ہے۔

کمپنی کے مطابق ٹیبلیٹ کی بیٹری 11 گھنٹے تک کام کرسکے گی جبکہ ایل ٹی ای ڈیٹا آپشن بھی موجود ہے۔

یہ بھی پری آرڈر میں ابھی بک کرایا جاسکتا ہے اور 5 اکتوبر کو دستیاب ہوگا جس کا 4 جی بی ریم اور 64 جی بی اسٹوریج والا ماڈل 400 ڈالرز (67 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں دستیاب ہوگا۔

سرفیس پرو 8

مائیکرو سافٹ کا ایک اور ٹیبلیٹ جس میں 13 انچ کا پکسل سنس ڈسپلے 120 ہرٹز ریفریش ریٹ سپورٹ کے ساتھ موجود ہے۔

اور ہاں اس ٹیبلیٹ کو بھی ونڈوز 11 کو ذہن میں رکھ کر تیار کیا گیا ہے۔

اس میں انٹیل کا نیا 11 جنریشن پراسیسر موجود ہے جبکہ تھنڈر بولٹ 4 سپورٹ بھی پہلی بار اس سیریز کا حصہ بنی ہے جو یو ایس بی سی پورٹس کے ذریعے فراہم کی گئی۔

تھنڈر بولٹ 4 کے فوائد تو اوپر درج کیے جاچکے ہیں جبکہ بیک کیمرا بھی 8 میگا پکسل کی بجائے 10 میگا پکسل کا ہوگا اور 4K سپورٹ بھی دی گئی ہے۔

فرنٹ کیمرا 5 میگا پکسل کا ہوگا اور کمپنی کے مطابق یہ کیمرا کم روشنی میں بہترین کارکردگی دکھائے گا۔

اس کا کواڈ کور انٹیل کور آئی 7 والا ماڈؒ 32 جی بی ریم اور ایک ٹی بی اسٹوریج سے لیس ہوگا جبکہ ایل ٹی ای ماڈل میں 512 جی بی اسٹوریج ہوگی، مگر 128 سے 256 جی بی اسٹوریج کے آپشن بھی ہوں گے۔

کمپنی نے دعویٰ کیا ہے کہ سرفیس پرو 8 گزشتہ ماڈل یعنی پرو 7 کے مقابلے میں دگنا سے زیادہ تیز ہے جبکہ 74 فیصد زیادہ تیز گرافکس پرفارمنس، 40 فیصد سی پی یو بہتر پرفارمنس بھی صارفین کو مل سکے گی۔

کمپنی نے بیٹری پاور تو نہیں بتائی مگر یہ ضرور بتایا کہ وہ 16 گھنٹے تک کام کرسکے گی جو گزشتہ ماڈل کے مقابلے میں لگ بھگ 6 گھنٹے زیادہ ہے، جبکہ اسے ایک گھنٹے میں 80 فیصد تک چارج کیا جاسکے گا۔

یہ بھی 22 ستمبر سے پری آرڈر میں جبکہ 5 اکتوبر کو صارفین دستیاب ہوگا جس کی قیمت 11 سو ڈالرز (ایک لاکھ 85 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) سے شروع ہوگی۔

تبصرے (0) بند ہیں