برٹنی اسپیئرز کے پیغامات اور کالز کی نگرانی کی گئی، ڈاکیومنٹری میں انکشاف

25 ستمبر 2021
گلوکارہ کے والد جیمز اسپیئرز 2008 سے ان کے قانونی سرپرست ہیں
—فائل فوٹو:رائٹرز
گلوکارہ کے والد جیمز اسپیئرز 2008 سے ان کے قانونی سرپرست ہیں —فائل فوٹو:رائٹرز

نیویارک ٹائمز کی دستاویزی فلم کے مطابق امریکی پاپ گلوکارہ برٹنی اسپیئرز کے والد کی مقرر کی گئی سیکیورٹی فرم نے 2008 سے لے کر اب تک قانونی سرپرستی کے دوران گلوکارہ کی فون کالز اور ٹیکسٹ میسیجز کی نگرانی کی۔

برطانوی خبررساں ادارے 'رائٹرز' کی رپورٹ کے مطابق جمعہ کو ریلیز ہونے والی دستاویزی فلم میں سابق بلیک باکس سیکیورٹی کمپنی کے ملازم ایلکس ولاسوو، جن کے مطابق انہوں نے گلوکارہ کی ٹیم کے ساتھ تقریباً 9 سال تک کام کیا۔

انہوں نے کہا کہ کمپنی نے آئی پیڈ پر برٹنی اسپیئرز کے آئی کلاؤڈ اکاؤنٹ کو لاگ اِن کیا تھا اور گلوکارہ کے فون کے نظام کو اس پر آن کردیا تھا۔

مزید پڑھیں: والد کی ’سرپرستی‘ ستمبر کے آخر تک ختم کی جائے، برٹنی اسپیئرز

ایلکس ولاسوو نے کہا کہ برٹنی اسپیئرز کے سونے کے کمرے میں سننے کا آلہ بھی رکھا گیا تھا۔

انہوں نے فلمسازوں کو بتایا کہ ان سے کہا گیا تھا کہ وہ برٹنی اسپیئرز کی پیغامات پر ہونے والی گفتگو کو انکرپٹ کریں تاکہ وہ ان کے والد جیمی اسپیئرز اور ایک بزنس منیجمنٹ کمپنی کے ملازم کو بھیجا جا سکے جسے انہوں نے ملازمت پر رکھا تھا۔

—فائل فوٹو: انسٹاگرام
—فائل فوٹو: انسٹاگرام

ایلکس ولاسوو نے جب برٹنی اسپیئرز کی نگرانی پر سوال اٹھایا تو انہیں بتایا گیا تھا کہ گلوکارہ کے رابطوں کا جائزہ 'ان کی اپنی حفاظت اور تحفظ کے لیے' کیا گیا تھا اور یہ کہ قانونی سرپرستی کی نگرانی کرنے والی عدالت 'اس سے آگاہ' تھی۔

انہوں نے کہا کہ نگرانی میں برٹنی اسپیئرز اور ان کے وکیل سیم انگھم کے درمیان ہونے والی بات چیت شامل تھی۔

جیمز اسپیئرز کے وکیل ویوین تھورین نے مخصوص الزامات پر بات نہیں کی لیکن کہا کہ ان کے اقدامات 'عدالت کی طرف سے ان کو دی گئی اتھارٹی کے پیرامیٹرز کے اندر تھے' اور 'برٹنی ان کی عدالت یا عدالت کے مقرر کردہ وکیل کی رضامندی سے کیے گئے تھے'۔

یہ بھی پڑھیں: برٹنی اسپیئرز کا والد کی سرپرستی ختم کرانے کیلئے چوتھی مرتبہ عدالت سے رجوع

گلوکارہ کے والد جیمز اسپیئرز 2008 سے ان کے قانونی سرپرست ہیں، جس کے تحت وہ بیٹی کے ہر برے اور اچھے فیصلے کرنے کے مالک ہیں اور بیٹی ان کی اجازت کے بغیر کوئی کام نہیں کر سکتیں۔

عدالت نے ان کے والد کو اس وقت سرپرست مقرر کیا تھا جب کہ 2008 میں گلوکارہ ڈپریشن کا شکار ہوگئی تھیں۔

تب سے آج تک گزشتہ 13 سال سے ان کے والد ہی ان کے سرپرست ہیں اور گلوکارہ نے گزشتہ دو سال سے متعدد بار انہیں ہٹانے کی درخواستیں دائر کی تھیں، جنہیں مسترد کیا گیا تھا مگر اب خیال کیا جا رہا ہے کہ ان کی درخواست منظور کی جائے گی۔

برٹنی اسپیئرز نے حال ہی میں 13 ستمبر کو اپنے دیرینہ بوائے فرینڈ سام اصغری سے منگنی بھی کی تھی، جن سے ان کے دیرینہ تعلقات ہیں۔

گلوکارہ کے والد بھی سرپرستی چھوڑنے کے لیے رضامند ہیں—فائل فوٹو: اے پی
گلوکارہ کے والد بھی سرپرستی چھوڑنے کے لیے رضامند ہیں—فائل فوٹو: اے پی

سام اصغری سے قبل برٹنی اسپیئرز نے 2004 میں اپنے بچپن کے دوست جیسن ایلن الیگزینڈر سے شادی کی تھی مگر بدقسمتی سے اسی سال دونوں کے درمیان طلاق ہوگئی تھی۔

بعد ازاں برٹنی اسپیئرز نے گلوکار کیون فیڈرلائن سے 2004 کے آخر یں شادی کی، جن سے 2007 میں ان کی طلاق ہوگئی۔

برٹنی اسپیئرز کو دوسرے شوہر سے دو بچے بھی ہیں اور ان کی حوالگی نہ ملنے سمیت دیگر قانونی مسائل اور پیچیدگیوں کی وجہ سے گلوکارہ 2008 میں ذہنی توازن کھو بیٹھی تھیں، جس وجہ سے ان کے والد کو عدالت نے ان کا قانونی سرپرست مقرر کیا تھا۔

گلوکارہ نے حال ہی میں سام اصغری سے منگنی کی تھی، جن سے ان کے 2016 سے تعلقات ہیں—فائل فوٹو: اے پی
گلوکارہ نے حال ہی میں سام اصغری سے منگنی کی تھی، جن سے ان کے 2016 سے تعلقات ہیں—فائل فوٹو: اے پی

تبصرے (0) بند ہیں