’ہم کہاں کے سچے تھے‘ کی تعریف پر ماہرہ خان بھارتی فلم ساز کی مشکور

25 ستمبر 2021
ماہرہ خان اور راہول ڈھولکیا نے رئیس میں ایک ساتھ کام کیا تھا—فائل فوٹو: فیس بک
ماہرہ خان اور راہول ڈھولکیا نے رئیس میں ایک ساتھ کام کیا تھا—فائل فوٹو: فیس بک

ٹی وی پر نشر کیے جانے والے ڈرامے ’ہم کہاں کے سچے تھے‘ کی تعریفیں کرنے پر اداکارہ ماہرہ خان نے بولی وڈ فلم ساز راہول ڈھولکیا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کے اور ان کی والدہ کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔

بولی وڈ فل ساز نے چند دن قبل اپنی ایک ٹوئٹ میں بتایا تھا کہ انہیں ان کی والدہ نے ماہرہ خان کا ڈراما ’ہم کہاں کے سچے تھے‘ دیکھنے کی تجویز دی ہے۔

راہول ڈھولکیا نے ماہرہ خان کی 2017 کی پہلی بولی وڈ فلم ’رئیس‘ کی نہ صرف ہدایات دی تھیں بلکہ انہوں نے اس کی کہانی بھی لکھی تھی۔

اپنی پہلی بولی وڈ فلم کے ڈائریکٹر اور لکھاری کی جانب سے ڈرامے کی تعریفیں کیے جانے اور والدہ کی جانب سے دیکھنے کی تجویز کا جواب دیتے ہوئے ماہرہ خان نے ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی فلم ساز، ماہرہ خان کے ڈرامے ’ہم کہاں کے سچے تھے‘ کے معترف

ماہرہ خان نے راہول ڈھولکیا کی ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا جب کہ فلم ساز کی والدہ کے لیے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

ماہرہ خان نے اپنی ٹوئٹ میں دل اور محبت کے ایموجیز بھی استعمال کیے، جس پر راہول ڈھولکیا نے بھی کمنٹس کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔

’ہم کہاں کے سچے تھے‘ کو چند ہفتوں سے ہم ٹی وی پر نشر کیا جا رہا ہے، مذکورہ ڈرامے کے ذریعے ماہرہ خان نے 6 سال بعد چھوٹی اسکرین پر واپسی کی ہے۔

عمیرہ احمد کے لکھے گئے ناول سے ماخوذ ڈرامے کی ہدایات فاروق رند نے دی ہیں، اسے نینا کاشف اور مومنہ درید نے پروڈیوس کیا ہے۔

ڈرامے کی مرکزی کہانی تین کرداروں کے گرد گھومتی ہے جو رشتوں کی پیچیدگیوں، معاشرتی مسائل اور غلط فہمیوں کی وجہ سے کئی پریشانیوں کا سامنا کرتے ہیں، جس کی وجہ سے ان کے درمیان تلخیاں بھی جنم لیتی ہیں، ساتھ ہی انہیں بچپن میں ملنے والے صدمے اور بزرگوں کی غلط رہنمائی بھی ان کی زندگی میں مشکلات کا باعث بنتی ہے۔

مزید پڑھیں: ہم کہاں کے سچے تھے کے ذریعے ماہرہ خان کی ٹی وی پر واپسی

مذکورہ ڈرامے میں ماہرہ خان ’مہرین منصور‘ نامی، کبریٰ خان ’مشعل‘ اور عثمان مختار ’اسود‘ کا کردار ادا کر رہے ہیں۔

اس ڈرامے سے قبل ماہرہ خان آخری مرتبہ چھوٹی اسکرین پر 2015 کے مقبول رومانوی ڈرامے ’بن روئے‘ میں دکھائی دی تھیں، جسے 2016 میں فلم کی صورت میں بھی پیش کیا گیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں