ہارٹ سرجری کے بعد ٹرپل ایچ نے ریسلنگ کو الوداع کہہ دیا

اپ ڈیٹ 28 مارچ 2022
ٹرپل ایچ — فوٹو بشکریہ ڈبلیو ڈبلیو ای
ٹرپل ایچ — فوٹو بشکریہ ڈبلیو ڈبلیو ای

پال مائیکل لیوسق المعروف ٹرپل ایچ نے اپنے ریسلنگ کیرئیر کو الوداع کہہ دیا ہے جس کی وجہ دل کے مسائل کے باعث موت کے منہ میں پہنچ جانا بنا۔

ای ایس پی این کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں 52 سالہ ڈبلیو ڈبلیو ای اسٹار نے بتایا کہ وہ اب کبھی ریسلنگ رنگ میں ان ایکشن نظر نہیں آئیں گے جس کی وجہ ستمبر 2021 میں کارڈک سرجری تھی۔

انہوں نے کہا 'پہلی بات تو یہ ہے کہ میرے سینے میں ڈی فیبلیٹر (کارڈک اریسٹ کے شکار مریضوں میں دل کی دھڑکن کو برقرار رکھنے میں مدد فراہم کرنے والا آلہ) موجود ہے، تو لائیو ٹی وی میں مرنا کوئی اچھا خیال نہیں'۔

انہوں نے مزید کہا 'جہاں تک رنگ میں اترنے کی بات ہے تو اس کو الوداع کہہ چکا ہوں، میں اب کبھی کسی سے مقابلہ نہیں کروں گا'۔

انٹرویو کے دوران ٹرپل ایچ نے اس لمحے کے بارے میں بتایا جب انہیں احساس ہوا کہ دل میں کچھ خرابی ہے۔

ان کا کہنا تھا 'مجھے وائرل نمونیا ہوا، میرے پھیپھڑے ورم کا شکار ہوگئے، اگلے چند دن تک یہ سلسلہ چلتا رہا اور جب میں گھر آیا تو حالت زیدہ بدتر ہوگئی، میری بیوی نے کھانسی کے دوران خون کو دیکھا، تو میں ہسپتال گیا اور معائنہ کرایا۔ یہ وائرل نمونیا کا نتیجہ تھا مگر میرے پھیپھڑوں میں سیال اکٹھا ہوگیا تھا اور کچھ سیال دل میں بھی تھا'۔

دل کے متعدد ٹیسٹوں کے بعد ٹرپل ایچ کو بتایا گیا کہ ان کا دل درست طریقے سے کام نہیں کررہا۔

انہوں نے وضاحت کی 'ہمارا دل کا 55 سے 65 فیصد تک کام کرنا اچھا نمبر ہوتا ہے مگر میرا نمبر 30 تھام مجھے فوری میسج دیا گیا کہ وقت نہ لیں اور ایمرجنسی روم کا رخ کریں'۔

جب وہ ہسپتال میں پہنچے تو دل کی حرکت کی شرح 22 فیصد تک پہنچ گئی تھی اور ٹرپل ایچ کے مطابق یہ ہارٹ فیلیئر کا عندیہ تھا۔

اگلی صبح یہ شرح 12 فیصد تک گھٹ گئی۔

انہوں نے بتایا کہ وہ درحقیقت موت کے منہ میں پہنچ چکے تھے اور ڈاکٹروں نے ان کی زندگی بچائی۔

دی گیم، دی سیریبل اسساسین اور دی کنگ آف کنگز کے نامون سے معروف ٹرپل ایچ ڈبلیو ڈبلیو ای کی تاریخ کے چند مقبول ترین اور کامیاب اسٹارز میں سے ایک ہیں۔

1995 میں کمپنی کا حصہ بننے کے بعد ٹرپل ایچ نے 14 بار ورلڈ چیمپئن شپس اپنے نام کیں اور اس حوالے سے جان سینا اور رک فلیئر ان سے آگے ہیں۔

حالیہ برسوں میں وہ زیادہ توجہ این ایکس ٹی کو چلانے پر مرکوز کررہے ہیں مگر بڑے ایونٹس میں بطور ریسلر بھی شرکت کرتے رہے ہیں۔

ان کا آخری میچ 11 جنوری 2021 کو ہوا جس میں وہ اور رینڈی اورٹن ایک اسٹریٹ فائٹ مقابلے کے لیے مدمقابل آئے۔

ریسل مینیا میں انہوں نے 23 مقابلوں میں شرکت کی جو انڈرٹیکر کے بعد سب سے زیادہ ہے اور ڈبلیو ڈبلیو ای کے سب سے بڑے ایونٹ میں ان کا آخری مقابلہ ریسل مینیا 35 میں بٹیسٹا کے خلاف تھا جو بٹیسٹا کا بھی بطور ریسلر آخری مقابلہ تھا۔

ٹرپل ایچ کا رنگ میں کیرئیر تو ختم ہوگیا مگر آنے والے برسوں میں وہ ڈبلیو ڈبلیو ای میں پس پردہ کافی کچھ کریں گے۔

وہ ڈبلیو ڈبلیو ای کے چیئرمین ونس میکموہن کے داماد ہیں اور انہیں ونس میکموہن کے کمپنی سے علیحدگی کے بعد اپنی اہلیہ اسٹیفنی کے ہمراہ کمپنی کو کنٹرول کرنے کے لیے مضبوط امیدوار تصور کیا جاتا ہے۔

اس وقت وہ ڈبلیو ڈبلیو ای میں گلوبل ٹیلنٹ اسٹرٹیجی اینڈ ڈویلپمنٹ کے ایگزیکٹیو نائب صدر ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں