بیوی سے جھوٹ بول کر دفتری کام کے لیے بیرون ملک جاکر محبوبہ کے ساتھ وقت گزارنے اور بیوی سے معاشقے کو چھپانے کے لیے پاسپورٹ کے پیجز پھاڑنے والے شوہر کو جیل جانا پڑ گیا۔

بھارتی اخبار انڈیا ٹوڈے کے مطابق ریاست مہاراشٹر کے شہر ممبئی کے شوہر نے پہلے اہلیہ کو بتایا کہ وہ دفتری کام کے حوالے سے بیرون ملک جا رہے ہیں اور بعد ازاں اہلیہ سے بیرون ملک کے چکر لگانے کی ہسٹری چھپانے کے لیے پاسپورٹ کے ویزا پیجز ہی پھاڑ دیے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ بیوی سے جھوٹ بولنے والا 32 سالہ انجنیئر پڑوسی ملک مالدیپ اپنی محبوبہ کے ہمراہ گیا تھا، جس کے ساتھ ان کے غیر ازدواجی تعلقات تھے۔

رپورٹ کے مطابق شوہر جیسے ہی محبوبہ کے ہمراہ مالدیپ پہنچا تو ان کی اہلیہ نے انہیں واٹس ایپ پر فون کالز کرنا شروع کیں مگر ملزم نے اہلیہ کی ایک کال تک رسیو نہیں کیں۔

یہ بھی پڑھیں: بیوی کے کہنے پر اس کے جوتے بھی اٹھا سکتا ہوں، شہروز سبزواری

اہلیہ کی جانب سے بار بار فون کالز کیے جانے کے باوجود شوہر نے ان کا فون رسیو نہیں کیا، جس پر ان کی اہلیہ کو شک بھی گزرا، تاہم انہوں نے ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی۔

بعد ازاں وطن واپسی پر شوہر نے بیوی سے مالدیپ کے سفر کی ہسٹری چھپانے کے لیے پاسپورٹ کے ویزا پیجز ہی پھاڑ دیے، جس پر ایئرپورٹ سیکیورٹی حکام نے انہیں گرفتار کرلیا۔

ایئرپورٹ سیکیورٹی حکام نے ملزم کو امیگریشن قوانین توڑنے، پاسپورٹ کی بے حرمنی کرنے اور چیٹنگ کرنے جیسے الزامات کے باعث مقامی پولیس کے حوالے کردیا۔

بیوی سے معاشقہ چھپانے کی کوشش کرنے والے شخص کو مقامی پولیس نے تحویل میں رکھ کر تفتیش کی، جس پر انہوں نے اعتراف کیا کہ انہوں نے اہلیہ سے بچنے کے لیے پاسپورٹ کے پیجز پھاڑے۔

ملزم نے پولیس کو بتایا کہ انہیں اس بات کا علم نہیں تھا کہ پاسپورٹ کے پیجز پھاڑنا قانونی جرم ہے مگر انہوں نے ایسا قدم بیوی کے غصے سے بچنے کے لیے اٹھایا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں