پاکستان مشکلات سے دوچار معیشت کی بحالی کے لیے امریکی امداد کا خواہاں

اپ ڈیٹ 22 جولائ 2022
طارق فاطمی، وینڈی شرمین سے مصافحہ کر رہے ہیں — فوٹو بشکریہ ٹوئٹر
طارق فاطمی، وینڈی شرمین سے مصافحہ کر رہے ہیں — فوٹو بشکریہ ٹوئٹر

وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی نے امریکی نائب سیکریٹری خارجہ وینڈی شرمین کو بتایا کہ پاکستان مشکلات سے دوچار معیشت کی بحالی کے لیے امریکا کو ایک اہم پارٹنر کے طور پر دیکھتا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے کہا کہ ڈپٹی سیکریٹری وینڈی شرمین نے امریکا اور پاکستان کے درمیان سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ کا ذکر کیا اور ہمارے اقتصادی اور تجارتی تعلقات اور صحت سے متعلق تعاون کو آگے بڑھا کر پاک ۔ امریکا تعلقات کو بڑھانے کے لیے ہمارے مشترکہ اہداف کی توثیق کی۔

مزید پڑھیں: تاجربرادری کا ملک میں سری لنکا جیسے 'معاشی بحران' کے خدشات کا اظہار

پاکستانی سفارت خانے کی ایک پریس ریلیز میں کہا گیا کہ طارق فاطمی نے امریکی عہدیدار کو بتایا کہ پاکستان، امریکا کے ساتھ برابری، باہمی تعاون اور مشترکہ فائدے کی بنیاد پر قریبی اور خوشگوار تعلقات کا خواہاں ہے، انہوں نے ڈپٹی سیکریٹری کو بتایا کہ پاکستان علاقائی امن، سلامتی اور خوشحالی کو فروغ دینے میں ایک اہم ملک ہے اور دوطرفہ تعلقات کو خاطر خواہ انداز میں آگے بڑھانا دونوں ممالک کے مفادات میں کام کرے گا۔

طارق فاطمی نے وینڈی شرمین کو بتایا کہ اسلام آباد، واشنگٹن کو پاکستان کی مشکلات سے دوچار معیشت کی بحالی کی کوششوں میں ایک اہم شراکت دار کے طور پر دیکھتا ہے۔

تاہم ترجمان نیڈ پرائس نے افغانستان میں علاقائی استحکام پر ہم آہنگی پر زور دیا لیکن انہوں نے یوکرین پر روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے حملے کے تباہ کن اثرات سے نمٹنے کے لیے پاکستان اور دنیا بھر میں غذائی تحفظ پر تعاون کی کوششوں کی ضرورت کا بھی ذکر کیا۔

سفارت خانے کے بیان میں کہا گیا ہے کہ طارق فاطمی نے تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، ٹیکسٹائل اور آئی ٹی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون میں اضافے کی پاکستان کی خواہش پر زور دیا اور اسے پاکستان کی اہم ترجیح قرار دیا۔

تبصرے (0) بند ہیں