وٹامن بی 6 اور بی 12 ڈپریشن کم کرنے میں مددگار

22 جولائ 2022
وٹامن بی 6 اور 12 سے دماغی نظام کو سکون ملتا ہے، ماہرین—فوٹو: شٹر اسٹاک
وٹامن بی 6 اور 12 سے دماغی نظام کو سکون ملتا ہے، ماہرین—فوٹو: شٹر اسٹاک

برطانوی ماہرین کی جانب سے کی جانے والی تازہ تحقیق کے نتائج سے معلوم ہوا ہے کہ وٹامن بی سکس اور بی 12 کی وافر مقدار ڈپریشن کو ختم کرنے میں مددگار ہوتی ہے جب کہ ان سے بینائی بھی بہتر ہوتی ہے۔

وٹامن بی 6 اور بی 12 سمیت وٹامن بی کی دیگر اقسام کو ہڈیوں کی مضبوطی سمیت انسانی جسم کے اعصاب اور خاص طور پر دماغی نظام کے لیے بہتر سمجھی جاتی ہیں۔

ماہرین کے مطابق وٹامن بی 6 اور بی 12 کی کمی انسانی دماغی نظام میں پائے جانے والے ایک خاص کیمیکل کا سبب بنتی ہے، جس سے انسانی دماغی نظام متاثر ہوتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ڈپریشن کی وہ حیران کن نشانیاں جو لوگ نظرانداز کردیتے ہیں

مذکورہ وٹامنز کی کمی کے باعث کیمیکل کی قلت خصوصی طور پر ڈپریشن یا چڑچڑے پن کا سبب بنتی ہے جب کہ اس سے بینائی بھی متاثر ہوتی ہے، جس سے انسان ہر وقت بیزارگی کا مظاہرہ کرتا ہے۔

ماہرین نے تحقیق کے دوران یہ دیکھا کہ وٹامن بی 6 اور بی 12 کی کمی سے دماغی نظام کے لیے اہم سمجھے جانے والے خصوصی کیمیکل کی قلت کو کیسے پورا کیا جائے۔

اس لیے ماہرین نے 478 رضاکاروں کو تحقیق کے لیے بھرتی کیا اور تمام رضاکاروں نے خود کو ڈپریشن کا شکار شخص قرار دیا تھا۔

ماہرین نے تحقیق کے دوران رضاکاروں کو تین حصوں میں تقسیم کرکے کچھ افراد کو وٹامن بی 6، کچھ کو وٹامن بی 12 جب کہ باقیوں کو فرضی دوائی دی اور یہ عمل ایک ماہ تک دہرایا گیا۔

مزید پڑھیں: میں نے ڈپریشن سے کیسے نمٹا؟

آخر میں ماہرین نے تمام رضاکاروں سے سوالات کرنے کے علاوہ ان کی بینائی سمیت دیگر طرح کے ٹیسٹ بھی کیے۔

طبی جریدے ’ہیومن سائکوفارموکولاجی‘ میں شائع تحقیق کے مطابق نتائج سے معلوم ہوا کہ جن افراد کو وٹامن بی 6 کی اچھی خوراک دی گئی تھی، ان میں ڈپریشن کی سطح نمایاں طور پر کم ہوئی۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ وٹامن بی 12 کی خوراک لینے والے افراد نے بھی ڈپریشن کی سطح کم ہونے کی تصدیق کی جب کہ جنہیں فرضی دوائی دی گئی انہوں نے ڈپریشن میں کسی طرح کی تبدیلی نہ ہونے کا بتایا۔

ماہرین نے نتیجہ اخذ کیا کہ اگر ڈپریشن کے شکار افراد بی 6 اور بی 12 کی خوراک لیں تو وہ ڈپریشن سے بچ سکتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق اگر لوگ دونوں وٹامنز سے بھرپور غذائیں نہیں کھاتے تو انہیں طبی ماہرین کی ہدایت کے مطابق وٹامن بی 6 اور بی 12 کی گولیاں کھانی چاہئیے۔

واضح رہے کہ کیلے، چنے، مرغی، پپتے، کلیجی، بیف، دہی، دودھ اور انڈوں سمیت مچھلی میں مذکورہ دونوں وٹامنز پائی جاتی ہیں، ان کے علاوہ دیگر سبزیوں اور پھلوں میں بھی یہی وٹامنز پائی جاتی ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں