اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قلت، 250 روپے کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا

اپ ڈیٹ 29 جولائ 2022
سیاسی عدم استحکام اور غیریقینی صورتحال کے سبب ڈالر مزید مہنگا ہوگیا— فائل فوٹو: ڈان آرکائیوز
سیاسی عدم استحکام اور غیریقینی صورتحال کے سبب ڈالر مزید مہنگا ہوگیا— فائل فوٹو: ڈان آرکائیوز

ڈالر کی قدر میں اضافے کا سلسلہ بدستور جاری ہے اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قلت کے باعث ریٹ 250 روپے تک کی ریکارڈ بلند ترین سطح پر آگیا ہے۔

فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان (ایف اے پی) کے مطابق گزشتہ روز 239 روپے 94 پیسے پر بند ہونے والا روپیہ آج انٹر بینک میں 55 پیسے کمی کے ساتھ 239 روپے 45 پیسے ہوگیا۔

میٹس گلوبل کے ڈائریکٹر سعد بن نصیر نے کہا کہ آج ڈالر کل کے کلوزنگ ریٹ پر مستحکم ہے، بلکہ انٹر بینک میں اس کی قیمت میں کچھ کمی ہوئی ہے جب کہ گزشتہ 2 سے 3 روز کے دوران اوپن مارکیٹ میں کچھ بے یقینی اور عدم استحکام نظر آرہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: روپے کی قدر میں مسلسل کمی، انٹربینک میں ڈالر 239 روپے 94 پیسے کا ہوگیا

ان کا کہنا تھا کہ مارکیٹ میں پائی جانے والے اس بے چینی کی وجہ عوام ہیں جو ڈالر خرید کر ذخیرہ کر رہے ہیں، جس کا فائدہ منی چینجر اٹھا رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس صورتحال پر قابو پانے کے لیے اسٹیٹ بینک کو اپنے کاؤنٹرز کھول دینے چاہئیں، اس وقت ڈالر کے ریٹ کو اوپر رکھ کر ٹریڈنگ کے ذریعے منافع کمایا جا رہا ہے، مارکیٹ میں پائی جانے والی اس بے چینی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ڈالر 245 سے 250 روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا اس وقت روپے پر درآمدات اور برآمدات کا دباؤ نہیں ہے، یہ عوام کی جانب سے خریداری کا دباؤ ہے جو جلد ختم ہوجائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ اسٹیٹ بینک پاکستان کے پاس تمام بایو میٹرک ریکارڈ موجود ہے جس کے ذریعے سے با آسانی پتا لگایا جاسکتا ہے کہ ڈالر سے منافع خوری میں کون ملوث ہے۔

مزید پڑھیں: ڈالر 4 روپے اضافے کے بعد 237 روپے کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا

ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے جنرل سیکریٹری ظفر پراچا کا کہنا ہے کہ افغانستان میں ڈالر کا ریٹ 255 روپے ہوگیا ہے جس کی وجہ سے بڑے پیمانے پر ڈالر یہاں سے افغانستان جارہے ہیں۔

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر ڈالر کی اسمگلنگ روکنے کے لیے اقدامات کرے اور افغانستان سے ڈالر کے بجائے پاکستانی کرنسی میں تجارت کرے تاکہ ڈالر کی قیمت میں استحکام لایا جاسکے۔

روپے پر دباؤ جلد ختم ہوگا، مفتاح اسمٰعیل

رواں ہفتے کے شروع میں وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسمٰعیل نے کہا تھا کہ روپے پر دباؤ ایک دو ہفتوں میں ختم ہو جائے گا۔

ایک انٹرویو کے دوران اظہار خیال کر تے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جلد پاکستان میں ڈالر کی آمد، اس کے اخراج سے زیادہ ہوجائے گی جس کے نتیجے میں شرح تبادلہ مستحکم ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: روپے کی قدر میں مسلسل کمی، ڈالر 233 روپے تک پہنچ گیا

انہوں نے ڈالر کے اخراج کو کم کرنے کے لیے درآمدی پابندیوں کی اپنی پالیسی کا دفاع کرتے ہوئے کہا تھا کہ سرجری سے کوئی بھی خوش نہیں ہوتا، لیکن بعض اوقات یہ ضروری ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے دیوالیہ ہونے کے خدشات ختم ہوچکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم اپنی درآمدات کو معتدل کرنے اور برآمدات کم نہ ہونے دینے کی کوشش کر رہے ہیں، ہم 2 سے 3 ماہ تک یہ پالیسی جاری رکھیں گے۔

مفتاح اسمٰعیل نے کہا کہ جلد ہی پالیسی پلان بنایا جائے گا، جس کے تحت درآمدات میں بتدریج کمی آئے گی اور برآمدات میں 3 ماہ کے اندر مضبوط اور ٹھوس بنیادوں پر اضافہ ہوگا۔

روپے کی مسلسل گراوٹ

یاد رہے کہ اپریل کے دوسرے ہفتے کے آغاز میں اسلام آباد میں نئی حکومت کے قیام کے بعد سے ڈالر کی قیمت میں 28 فیصد یا 51 روپے سے زیادہ کا اضافہ ہو چکا ہے۔7 اپریل (جب اس وقت کے وزیر اعظم عمران خان کو اقتدار سے سبکدوش کیا گیا تھا) اور 22 جولائی کے درمیانی عرصے میں ملک کے تجارتی خسارے، بڑھتے ہوئے سیاسی عدم استحکام اور غیر یقینی صورتحال کے باعث روپے کی قدر میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں 21.3 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔

مزید پڑھیں: ڈالر مزید مہنگا، 232 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا

22 جون کو 211 روپے 93 پیسے کی قیمت تک پہنچنے کے بعد جولائی کے پہلے ہفتے میں روپے کی قدر میں اضافہ دیکھا گیا تھا اور اس کی قیمت ڈالر کے مقابلے میں 204 روپے 56 پیسے تک آگئی تھی۔

جب 15 جولائی کو عالمی مالیاتی فنڈ کے ساتھ پاکستان کا اسٹاف لیول معاہدہ طے پایا تو ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں معمولی اضافہ دیکھا گیا لیکن اس کے بعد حالیہ دنوں میں اس کی قدر میں مسلسل کمی دیکھی جارہی ہے۔

گزشتہ ہفتے کاروبار کے دوران ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں 8.25 فیصد کمی دیکھی گئی، 22 جولائی کو روپیہ 228 روپے 36 پیسے کے ساتھ کم ترین سطح پر بند ہوا جبکہ 15 جولائی کو ڈالر کے مقابلے میں اس کا ریٹ 210 روپے 95 پیسے تھا۔

رواں ہفتے کے ابتدائی سیشن میں بھی روپے کی قدر میں مزید کمی دیکھی گئی جس کے بعد امریکی ڈالر کے مقابلے میں یہ 229 روپے 88 پیسے پر آگیا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں