انڈس موٹرز، سوزوکی کے بعد ہونڈا نے بھی اپنی گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی کردی

اپ ڈیٹ 18 اگست 2022
قیمتوں میں کمی کی وجہ روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر میں کمی کو قرار دیا— فائل فوٹو: شٹراسٹاک
قیمتوں میں کمی کی وجہ روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر میں کمی کو قرار دیا— فائل فوٹو: شٹراسٹاک

جولائی میں ڈالر کی قدر 250 روپے تک پہنچنے کے بعد سے مسلسل کم ہونے پر گاڑیاں بنانے والی کمپنیوں کی جانب سے مختلف ماڈلز کی قیمتوں میں کمی کا سلسلہ جاری ہے۔

اس سے قبل انڈس موٹرز کمپنی نے اپنی گاڑٖیوں کی قیمت میں 3 لاکھ 30 ہزار سے 4 لاکھ 40 ہزار روپے اور پاک سوزوکی نے 75 ہزار سے 1 لاکھ 99 ہزار روپے تک کمی کا اعلان کیا تھا۔

اسی سلسلے کی پیروی کرتے ہوئے اب ہونڈا اٹلس نے بھی اپنے مختلف ماڈلز کی قیمتوں میں 2 لاکھ 80 ہزار سے 5 لاکھ 50 ہزار روپے تک کمی کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ڈالر کی قیمت میں کمی، انڈس موٹرز نے گاڑیاں سستی کردیں

ساتھ ہی قیمتوں میں کمی کی وجہ روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر میں کمی کو قرار دیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ہونڈا موٹرز کی جانب سے اپنے ڈیلرز کو جاری سرکلر کے مطابق سٹی ایم ٹی 1.2 ایل کی نئی قیمت 37 لاکھ 69 ہزار، سٹی سی وی ٹی 1.2 ایل 38 لاکھ 99 ہزار، سٹی سی وی ٹی 1.5 ایل 41 لاکھ 39 ہزار روپے میں دستیاب ہوگی۔

اسی طرح سٹی ایسپائر ایم ٹی 1.5 ایل کی نئی قیمت 46 لاکھ 9 ہزار روپے، سٹی ایسپائر سی وی ٹی 1.5 ایل کی قیمت 47 لاکھ 99 ہزار روپے جبکہ بی آر وی سی وی ٹی ایس کی نئی قیمت 52 لاکھ 99 ہزار روپے ہوگئی ہے۔

اس کے علاوہ سوک 1.5 ایل ایم سی وی ٹی 67 لاکھ 99 ہزار روپے، سوک 1.5 ایل اوریئل ایم سی وی ٹی 70 لاکھ 99 ہزار روپے سوک آر ایس 1.5 ایل ایل ایل سی وی ٹی 75 لاکھ 49 ہزار روپے میں دستیاب ہوگی۔

سرکلر کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق 17 اگست 2022 سے ہوگا۔

مزید پڑھیں: پاک سوزوکی نے بھی گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کردیا

قبل ازیں پاک سوزوکی نے ویگن وی ایکس آر، وی ایکس ایل اور اے جی ایس ماڈلز کی قیمت کم کر کے بالترتیب 24 لاکھ 21 ہزار روپے، 25 لاکھ 64 ہزار روپے اور 28 لاکھ 2 ہزار روپے جبکہ کلٹس وی ایکس آر، وی ایکس ایل اور اے جی ایس ماڈلز کی قیمتیں 27 لاکھ 54 ہزار، 30 لاکھ 24 ہزار اور 32 لاکھ 34 ہزار روپے کردی تھی۔

اس کے علاوہ سوئفٹ جی ایل، ایم ٹی، سی وی ٹی، جی ایل ایکس سی وی ٹی کی نئی قیمت بالترتیب 31 لاکھ 80 ہزار روپے، 34 لاکھ 20 ہزار اور 37 لاکھ 60 ہزار روپے جبکہ راوی، بغیر ڈیک والی راوی، بولان وین اور بولان کارگو کی قیمتیں 14 لاکھ 24 ہزار، 13 لاکھ 49 ہزار، 15 لاکھ اور 14 لاکھ 87 ہزار کردی گئی تھیں۔

دوسری جانب انڈس موٹرز کی جانب سے ٹویوٹا یارس کے مختلف ماڈل کی قیمت میں 2 لاکھ 60 ہزار روپے سے 3 لاکھ 10 ہزار روپے تک کی کمی کی گئی جبکہ ٹویوٹا ہائی لکس ریو اور فارچیونر کی قیمتوں میں بالترتیب 6 لاکھ 50 ہزار روپے سے 8 لاکھ 20 ہزار روپے اور 9 لاکھ 10 ہزار روپے سے 11 لاکھ 40 ہزار روپے تک کی کمی کی گئی تھی۔

اس کے علاوہ فارچیونر 2.7 جی کی قیمت کم ہو کر ایک کروڑ 15 لاکھ 79 ہزار روپے، 2.7 وی کی ایک کروڑ 32 لاکھ 59 ہزار، سگما 4 کی ایک کروڑ 39 لاکھ 69 ہزار اور لیجنڈر کی نئی قیمت ایک کروڑ 46 لاکھ 99 ہزار روپے کردی گئی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں