صومالیہ: الشباب کے خودکش حملے میں 7 افراد ہلاک

اپ ڈیٹ 26 ستمبر 2022
الشباب نے موغادیشو پر 2011 تک حکومت کی لیکن اسی سال افریقی یونین کے فوجیوں نے انہیں شہر سے نکال دیا تھا —فوٹو: اے ایف پی
الشباب نے موغادیشو پر 2011 تک حکومت کی لیکن اسی سال افریقی یونین کے فوجیوں نے انہیں شہر سے نکال دیا تھا —فوٹو: اے ایف پی

صومالیہ کے دارالحکومت موغادیشو میں شدت پسند گروپ ’الشباب‘ کی جانب سے خودکش حملے میں 7 افراد ہلاک اور 9 زخمی ہوگئے۔

ڈان اخبار میں شائع غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق مقامی فوجی کمانڈر عبداللہ عدن نے بتایا کہ عسکریت پسند تنظیم نے صومالی دارالحکومت کے جنوب میں واقع نانسے فوجی اڈے میں خود کو بم دھماکے سے اڑایا، دہشت گرد نئے بھرتی ہونے والے فوجیوں کی قطار میں کھڑا ہوگیا اور خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔

یہ بھی پڑھیں: صومالیہ: موغادیشو میں صدارتی محل کے قریب خود کش حملے میں 8 افراد ہلاک

انہوں نے کہا کہ خودکش دھماکے میں 7 افراد ہلاک اور 9 زخمی ہوئے ہیں۔

عینی شاہد احمے گوبے نے کہا کہ ’میں جائے وقوع کے بہت قریب کھڑا تھا، دھماکا بہت شدید تھا، میں نے ہلاک اور زخمی افراد کو بھی دیکھا تھا۔‘

ایک اور عینی شاہد آشا عمر نے کہا کہ ’میں نے کم از کم 10 افراد کو ایمبولینس میں لے جاتے ہوئے دیکھا۔‘

القاعدہ سے منسلک شدت پسند گروپ الشباب نے خودکش حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے، یہ گروپ 15 سال سے صومالی ریاست کے خلاف بغاوت کر رہا ہے۔

یاد رہے کہ شدت پسند گروپ کے جنگجوؤں نے رواں ماہ کے اوائل میں وسطی صومالیہ میں کم از کم 19 شہریوں کو ہلاک کیا تھا۔

دوسری جانب شدت پسند گروپ نے رواں سال اگست میں موغادیشو کے ایک ہوٹل میں حملہ کیا تھا جس میں 30 گھنٹے کے محاصرے کے بعد 21 افراد ہلاک اور 117 زخمی ہوگئے تھے۔

مزید پڑھیں: صومالیہ: صدر کا وزیر اعظم کو عہدے سے ہٹانے کا اعلان، وزیر اعظم کا فیصلہ تسلیم کرنے سے انکار

واضح رہے کہ صومالی صدر حسن شیخ محمد نے رواں سال مئی میں انتخابات کے بعد شدت پسند گروپ الشباب کی بغاوت کا سامنا کیا، انہوں نے اس گروپ کے خلاف ہر قسم کی جنگ کرنے کا عزم کیا ہے۔

حسن شیخ محمد کو ملک میں 40 سالوں میں بدترین خشک سالی کی وجہ سے قحط کا بھی سامنا کرنا پڑا۔

البتہ القاعدہ سے وابستہ دہشت گرد گروپ الشباب نے موغادیشو پر 2011 تک حکومت کی لیکن اسی سال افریقی یونین کے فوجیوں نے انہیں شہر سے نکال دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: صومالیہ: خودکش حملے میں 5 فوجی ہلاک، ایک امریکی فوجی زخمی

دوسری جانب امریکی فوج کا کہنا تھا کہ انہوں نے صومالیہ کی فوج کی حمایت کرتے ہوئے ملک کے وسطی علاقے میں فضائی حملے کے دوران الشباب کے 27 جنگجوؤں کو ہلاک کردیا۔

واضح رہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن نے رواں سال مئی میں شدت پسندوں سے لڑنے کے لیے صومالیہ میں امریکی فوج کی موجودگی کی بحالی کا فیصلہ کیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں