ڈالر کے مقابلے میں بھارتی روپے کی قدر میں ریکارڈ کمی

اپ ڈیٹ 26 ستمبر 2022
ادائیگیوں کے توازن کا خسارہ بھی بھارتی روپے پر مسلسل وزن ڈال رہا ہے— تصویر: رائٹرز
ادائیگیوں کے توازن کا خسارہ بھی بھارتی روپے پر مسلسل وزن ڈال رہا ہے— تصویر: رائٹرز

ڈالر کی قدر میں ریکارڈ اضافے کے بعد بھارتی روپیہ 81.58 روپے کی ریکارڈ کم ترین سطح پر گر گیا جبکہ برطانوی پاؤنڈ کی قیمت میں بھی کمی دیکھی گئی۔

برطانوی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے امریکی فیڈرل ریزرو کی جانب سے شرح سود میں مزید 75 بیسس پوائنٹس اضافے اور افراط زر کو کنٹرول کرنے کے لیے مزید بڑے پیمانے پر اضافے کی پیش گوئی کے بعد ڈالر کی قدر میں تیزی آئی۔

آئی ڈی ایف سی فرسٹ بینک کے ماہر اقتصادیات گورا سین گپتا نے کہا کہ 'آگے دیکھتے ہوئے ہمیں یقین ہے کہ ڈالر کی مضبوطی برقرار رہے گی۔'

یہ بھی پڑھیں: بھارتی روپیہ ڈالر کے مقابلے میں ریکارڈ کم ترین سطح پر پہنچ گیا

ان کا مزید کہنا تھا کہ 'امریکی معیشت کو دیکھتے ہوئے اس بات کا امکان زیادہ ہے کہ ایف ای ڈی کو شرح سود 4.6 فیصد تک بڑھانے اور اسے 2023 کے بقیہ عرصے میں برقرار رکھنے کی ضرورت ہوگی۔'

ایف ای ڈی کی شرح فی الحال 3 سے 3.25 فیصد پر ہے اور حکام نے پیش گوئی کی ہے کہ اس سال کے آخر تک یہ 4.44 فیصد تک پہنچ جائے گی۔

ڈالر کی مضبوطی کے ساتھ ساتھ ادائیگیوں کے توازن کا خسارہ بھی بھارتی روپے پر مسلسل وزن ڈال رہا ہے۔

گورا سین گپتا نے نشاندہی کی کہ اگر برآمدات مزید کمزور ہوتی ہیں تو بھارت کا کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ (سی اے ڈی) جی ڈی پی کے 3.5 فیصد اور ممکنہ طور پر 4 فیصد تک بڑھنے کی توقع ہے۔

مزید پڑھیں: مہنگائی کے خدشات کے سبب بھارتی روپیہ ڈالر کے مقابلے میں تاریخ کی کم ترین سطح پر

اسی دوران غیر ملکی پورٹ فولیو کے بہاؤ کے بھی غیر مستحکم رہنے کی توقع ہے۔

گورا سین گپتا نے تخمینہ لگایا کہ کرنٹ اکاؤنٹ کے بڑھتے خسارے اور پورٹ فولیو کے اخراج کے امتزاج کے نتیجے میں رواں مالی سال میں ادائیگیوں کے توازن کا خسارہ 63 ارب ڈالر ہوجائے گا، جو جی ڈی پی کے 3.5 فیصد کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کے برابر ہوگا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں