امریکا افراتفری پھیلا کر خودمختاری کی خلاف وزری کی کوشش کر رہا ہے، ایران

اپ ڈیٹ 26 ستمبر 2022
انہوں نے کہا امریکا اور دیگر یورپی ممالک پر الزام عائد کیا کہ وہ المناک حادثے کے بعد فسادیوں کی حمایت کر رہے ہیں — فوٹو: رائٹرز
انہوں نے کہا امریکا اور دیگر یورپی ممالک پر الزام عائد کیا کہ وہ المناک حادثے کے بعد فسادیوں کی حمایت کر رہے ہیں — فوٹو: رائٹرز

ایران کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ پولیس کی حراست میں خاتون کی ہلاکت کے بعد احتجاج کے معاملے پر ایران کی خودمختاری کی خلاف ورزی کرنے کی امریکی کوششوں کا جواب دیا جائے گا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ‘رائٹرز’ کے مطابق ایران میں اس وقت عوامی سطح پر مظاہرے شروع ہوئے تھے جب گزشتہ ہفتے ایران کی اخلاقی پولیس کے ہاتھوں غیر موزوں لباس پہننے پر گرفتار 22 سالہ نوجوان خاتون مہسا امینی ہلاک ہوگئی تھیں۔

اس معاملے پر عالمی سطح پر مذمت کی گئی تھی، ایران نے کہا کہ امریکا فسادیوں کی حمایت کر رہا ہے اور ایران کو غیر مستحکم کرنا چاہتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ایران میں ’اخلاقی پولیس‘ کی زیر حراست خاتون کی موت پر مظاہرے

ایران کے وزیر خارجہ نصیر کنانی نے ‘نور نیوز’ کو بتایا کہ واشنگٹن ہمیشہ ایران کے استحکام اور سیکیورٹی کو کمزور کرنے کی کوشش کرتا ہے حالانکہ وہ ناکام ہوتا ہے۔

انسٹاگرام پر نصیر کنانی نے امریکا اور دیگر یورپی ممالک پر الزام عائد کیا کہ وہ المناک حادثے کے بعد فسادیوں کی حمایت کر رہے ہیں اور ملک کے نظام کی حمایت کرنے والے لاکھوں لوگوں کی سڑکوں پر موجودگی کو نظر انداز کر رہے ہیں۔

2019 میں ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کے بعد سے یہ حکومت کے خلاف سب سے بڑے مظاہرے ہیں، رائٹرز نے رپورٹ کیا تھا کہ 2019 میں مظاہرین پر کریک ڈاؤن کے نتیجے میں 1500 افرد ہلاک ہوگئے تھے۔

ایران نے مسلح کرد باغیوں پر ملک میں جاری بدامنی میں ملوث ہونے کا الزام لگایا ہے۔

مزید پڑھیں: ایران میں مظاہرے: امن یقینی بنانے کیلئے ’دشمنوں سے مقابلہ‘ کریں گے، ایرانی فوج

خبر ایجنسی ‘تسنیم’ کے مطابق ایران کے پاسداران انقلاب نے شمالی عراق کے کرد علاقے میں ایرانی عسکریت پسند حزب اختلاف کے ٹھکانوں پر ڈرون حملہ کیا ہے۔

ایران میں مظاہرے، پارلیمنٹری گروپ کے پانچویں رکن ہلاک

ایران میں جھڑپوں کے درمیان ایرانی والنٹیئر پارلیمنٹری گروپ کے پانچویں رکن ہلاک ہوگئے، جبکہ سرکاری میڈیا نے انہیں فسادی قرار دیا۔

امریکی نشریاتی ادارے ’سی این این‘ کی رپورٹ کے مطابق ایران کے صدر ابراہیم رئیسی نے مظاہرین کو خبردار کیا ہے کہ ان سے فیصلہ کن طریقے سے نمٹا جائے گا۔

ایران کی سرکاری نیوز ایجنسی ‘اِرنا’ نے بتایا کہ ایران کے شمال مشرقی شہر ارمیا میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ایک شخص ہلاک ہوگیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں