پاکستان کا صحت، حفاظت سے متعلق عالمی لیبر آرگنائزیشن کنونشنز کی منظوری پر غور

اپ ڈیٹ 27 ستمبر 2022
سینئر سرکاری عہدیدار نے بتایا محفوظ، صحت مند ورکنگ کنڈیشن کام کے لیے بنیادی حیثیت رکھتی ہیں — فوٹو: وائٹ اسٹار
سینئر سرکاری عہدیدار نے بتایا محفوظ، صحت مند ورکنگ کنڈیشن کام کے لیے بنیادی حیثیت رکھتی ہیں — فوٹو: وائٹ اسٹار

پاکستان عالمی معیار پر پورا اترنے کے لیے اپنی ذمہ داریوں کے طور پر عالمی لیبر آرگنائزیشن (آئی ایل او) کے 2 پیشہ ورانہ کنونشنز کی توثیق کرنے پر غور کر رہا ہے جو حفاظت اور صحت کے شعبوں سے متعلق ہیں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق سمندر پار پاکستانیوں اور انسانی وسائل کی ترقی کی وزارت کے سینئر عہدیدار نے پیشہ ورانہ حفاظت اور صحت سے متعلق قومی سہ فریقی ورکشاپ کو بتایا کہ محفوظ اور صحت مند ورکنگ کنڈیشن کام کے لیے بنیادی حیثیت رکھتی ہیں اور اس طرح محفوظ، صحت مند اور پیداواری ماحول پیدا کرنا پاکستان میں سماجی و اقتصادی ترقی کے اہم ایجنڈے کے طور پر تیزی سے اہمیت اختیار کرتا جارہا ہے۔

ورکشاپ میں آئی ایل او کے پیشہ ورانہ حفاظت اور صحت کے کنونشن نمبر 155 اور صحت و تحفظ کے کنونشن نمبر 187 کے پروموشنل فریم ورک پر خصوصی طور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: مہنگے برانڈز کے سستے مزدوروں کی بپتا

وفاقی حکومت، کارکنوں اور ملازمت کے مواقع فراہم کرنے والی تنظیموں کے نمائندوں نے پیشہ ورانہ حفاظت اور صحت سے متعلق صوبائی اور قومی پالیسیوں کا جائزہ لیا اور گزشتہ ہفتے اسلام آباد میں منعقدہ پیشہ ورانہ حفاظت اور صحت سے متعلق قومی سہ فریقی ورکشاپ میں آئی ایل او کنونشنز پر تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر پاکستان میں یورپی یونین کے وفد کے دیہی ترقی اور معاشی تعاون کے سربراہ ڈاکٹر اسٹیفن لینگریل نے کہا کہ پاکستان کی ایس ایم ایز میں عالمی لیبر اور ماحولیاتی معیارات کے اطلاق کا مقصد پاکستان میں عالمی لیبر اور ماحولیاتی معیارات کا احترام اور ان کی تعمیل کے لیے موجودہ اور نئی قانون سازی کو نافذ کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس کی سرگرمیاں جی ایس پی پلس اسکیم کے تحت ترجیحی یورپی مارکیٹ تک رسائی کے لیے لازمی معیارات کی تعمیل میں پاکستان کی مدد کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

مزید پڑھیں: لیبر ڈے

محفوظ اور صحت مند کام کرنے والے ماحول سے متعلق عالمی لیبر اسٹینڈرڈز، پیشہ ورانہ حفاظت اور صحت سے متعلق کنونشن نمبر 155 اور پیشہ ورانہ حفاظت اور صحت کے کنونشن کے پروموشنل فریم ورک نمبر 187 کو 110ویں عالمی لیبر کانفرنس میں آئی ایل او کے بنیادی اصولوں اور کام کے حقوق میں شامل کیا گیا۔

کنونشن نمبر 155 مربوط قومی پیشہ ورانہ حفاظت اور صحت کی پالیسی کو اپنانے کے ساتھ ساتھ کام کے حالات کو بہتر بنانے کے لیے پیشہ ورانہ حفاظت اور صحت مند ماحول کو فروغ دینے کے لیے حکومتوں اور کاروباری اداروں کے اندر اقدامات تجویز کرتا ہے۔

کنونشن نمبر 187 کا مقصد حکومت، کارکنوں اور ملازمت کے مواقع فراہم کرنے والی تنظیموں کے درمیان بات چیت کے ذریعے پیشہ ورانہ حفاظت اور صحت سے متعلق مربوط قومی پالیسیاں بنانے، ان پر عمل درآمد کرنے، حفاظتی اقدامات اور صحت مند کلچر کو فروغ دینا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں