کوئٹہ میں فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم جماعت الاحرار کے 4 دہشت گرد ہلاک

28 ستمبر 2022
سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ منشیات کی رقم دہشت گرد تنظیمیں استعمال کرتی تھیں—آن لائن/فائل
سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ منشیات کی رقم دہشت گرد تنظیمیں استعمال کرتی تھیں—آن لائن/فائل

صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے علاقے ہزار گنجی میں محکمہ انسداد دہشت گردی(سی ٹی ڈی) کی ٹیم نے کالعدم جماعت الاحرارسے تعلق رکھنے والے 4 مبینہ دہشت گردوں کو فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک کردیا۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق ترجمان سی ٹی ڈی بلوچستان نے بتایا کہ سی ٹی ڈی اہلکاروں نے کوئٹہ کے مضافاتی علاقے گلزار چوکی سے کراچی میں منیشات اسمگل کیے جانے کی خفیہ اطلاع پر ٹرک کو روکا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: کوئٹہ: سی ٹی ڈی کی کارروائی میں 5 مشتبہ دہشت گرد ہلاک

ٹرک میں سوار نامعلوم مسلح دہشت گردوں نے ٹرک روکنے کے بجائے سی ٹی ڈی اہلکاروں پر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی۔

سی ٹی ڈی اہلکاروں کی جانب سے جوابی کارروائی کی گئی، فائرنگ کا تبادلہ آدھے گھنٹے تک جاری رہا جس کے نیتجے میں 4 دہشت گرد مارے گئے۔

انہوں نے بتایا کہ ٹرک کی تلاشی لینے پر خفیہ خانوں سے 27 کلو گرام ہیروئن برآمد ہوئی جو اسمگل کی جانی تھی۔

مزید پڑھیں: مستونگ: سی ٹی ڈی کی کارروائی میں 11 مبینہ دہشت گرد ہلاک

سی ٹی ڈی ترجمان نے بتایا کہ ’واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے جبکہ فائرنگ میں مارے گئے 4 دہشت گردوں کا تعلق جماعت الاحرار سے ہے۔‘

یاد رہے کہ کوئٹہ میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف بلوچستان سی ٹی ڈی کی یہ دوسری کارروائی تھی، جبکہ 2 ہفتے قبل ہولیس اور سی ٹی ڈی اہلکاروں نے شہر کے نالے میں مشترکہ آپریشن کے دوران 8 منشیات اسمگلر کو ہلاک کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: سی ٹی ڈی کی کارروائی، کوئٹہ سے کالعدم تنظیم کا ٹارگٹ کلر گرفتار

سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ منشیات کی رقم دہشت گرد تنظیمیں استعمال کرتی ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں