لاہور کے کھانوں نے تھوڑا مایوس کیا، کراچی کے کھانے شاندار تھے، معین علی

اپ ڈیٹ 18 اکتوبر 2022
انگلینڈ کے کپتان  نے دورے کو یادگار قرار دیتے ہوئے پاکستان کی مہمان نوازی کی تعریف کی— فائل فوٹو بشکریہ انگلینڈ کرکٹ
انگلینڈ کے کپتان نے دورے کو یادگار قرار دیتے ہوئے پاکستان کی مہمان نوازی کی تعریف کی— فائل فوٹو بشکریہ انگلینڈ کرکٹ

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سات ٹی20 میچوں کی سیریز اختتام کو پہنچی اور انگلینڈ نے آخری میچ میں پاکستان کو یکطرفہ مقابلے کے بعد شکست دے کر سیریز 3-4 سے اپنے نام کر لی

اتوار کو قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سیریز کے ساتویں اور آخری ٹی20 میچ میں انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو 210 رنز کا ہدف دیا۔

مزید پڑھیں: انگلینڈ نے پاکستان کو ساتویں ٹی20 میں باآسانی شکست دے کر سیریز3-4 سے جیت لی

ہدف کے تعاقب میں اوپنرز کے جلد آؤٹ ہونے کے بعد پاکستان کی بیٹنگ بالکل بے جان محسوس ہوئی اور صرف 142 رنز بنا سکی، اس طرح انگلینڈ نے میچ میں 67 رنز سے کامیابی سمیٹ کر سیریز بھی 3-4 سے اپنے نام کر لی۔

میچ کے بعد پریس کانفرنس میں اپنی ٹیم کی کارکردگی پر مطمئن کپتان معین علی نے سات ٹی20 میچوں کی سیریز کو ورلڈ کپ کی تیاریوں کے لیے بہترین موقع قرار دیا۔

دوران پریس کانفرنس انگلش کپتان کھیل سے ہٹ کر بھی مختلف سوالوں کے جوابات دیے اور پاکستان بالخصوص کراچی کے کھانوں کو پسندیدگی کی سند عطا کی۔

ایک سوال کے جواب میں معین علی نے کہا کہ مجھے لاہور کے کھانوں نے تھوڑا مایوس کیا، کراچی کے کھانے بہت شاندار تھے۔

انہوں نے دورے کو یادگار قرار دیتے ہوئے پاکستان کی مہمان نوازی کی تعریف کی اور کہا کہ ہمارا بہت اچھے سے خیال رکھا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: چھٹا ٹی20: انگلینڈ نے پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی

سیریز کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہمارے لیے آخری دونوں میچ جیتنا ضروری تھا، ورلڈ کپ سے قبل یہ میچز بہت اہمیت کے حامل تھے اور اب ان دو میچز کو جیتنے کے بعد ہم ورلڈ کپ سے قبل بہت اچھی پوزیشن میں ہیں۔

تاہم معین علی نے ورلڈ کپ کے لیے انگلش ٹیم کو فیورٹ ماننے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ ہم ایک خطرناک ٹیم ہیں لیکن میں نہیں سمجھتا کہ ہم ورلڈ کپ کے لیے فیورٹس ہیں، میرا ماننا ہے کہ آسٹریلیا اور انڈیا اس ایونٹ کے لیے فیورٹ ہیں۔

ٹی20 ورلڈ کپ رواں ماہ 16 اکتوبر سے 13 نومبر تک آسٹریلیا میں کھیلا جائے گا جہاں میزبان اور دفاعی چیمپیئن آسٹریلین ٹیم اپنے اعزاز کا دفاع کرے گی۔

تبصرے (0) بند ہیں