Dawnnews Television Logo

'تبدیلی آ گئی ہے' سے 'گھبرانا نہیں ہے' تک عمران خان کے پانچ مقبول بیانات

چیئرمین تحریک انصاف کی 70ویں سالگرہ پر ان کے چند یادگار بیانات کا ذکر جو عوام و خواص میں یکساں مقبول ہوئے۔
شائع 05 اکتوبر 2022 03:37pm

کرکٹ میں اپنا لوہا منوانے والے قومی ٹیم کے سابق کپتان عمران خان اپنے خوبصورت انداز اور کھیل کی وجہ سے دنیا بھر میں مقبول تھے لیکن سیاست میں بھی ان کے بیانات اور انداز بیاں نے یکساں شہرت حاصل کی۔

چیئرمین تحریک انصاف کی 70ویں سالگرہ پر ہم ان کے چند یادگار بیانات آپ کے ساتھ شیئر کرتے ہیں جو ان کے مداحوں اور چاہنے والوں کے ساتھ ساتھ ناقدین میں بھی یکساں مقبول ہوئے۔

گھبرانا نہیں ہے

دنیا بھر میں بحیثیت سے آل راؤنڈر اور سابق وزیراعظم کی حیثیت سے مقبول عمران خان نے اقتدار سنبھالا تو ہر گزرتے دن کے ساتھ مہنگائی میں اضافہ ہوتا گیا لیکن اس موقع پر سابقہ حکمرانوں پر تنقید کرنے کے ساتھ ساتھ عوام کو بھی صبر کی تلقین کرتے رہے اور اس دوران ان کا جملہ 'گھبرانا نہیں ہے' ہر خاص و عام میں بے انتہا مقبول ہوا۔

اس جملے نے اس حد تک مقبولیت حاصل کی اپوزیشن لیڈر بھی طنزاً اپنے جلسوں اور پریس کانفرنس میں اس کا استعمال کرتے رہے جبکہ لالی وُڈ سینما میں اسی عنوان سے ایک فلم بھی بنی۔

'ہیرے بڑے سستے ہوتے ہیں'

جہاں ایک طرف عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس زیر سماعت ہے وہیں دوسری جانب ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی پر بزنس ٹائیکون ملک ریاض سے مبینہ طور پر ہیروں کا ہار لینے کے الزامات بھی عائد کیے جاتے رہے ہیں۔

تاہم جب اس الزام کے حوالے سے عمران خان سے سوال کیا گیا تو انہوں نے اس کا بھی برجستگی سے جواب دیا جو دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا۔

صحافی نے سوال کیا تھا کہ آپ کی اہلیہ بشریٰ بی بی پر ملک ریاض سے ہیروں کا ہار لینے کا الزام ہے، آپ اس بارے میں کیا کہیں گے تو چیئرمین تحریک انصاف نے روایتی مسکراہٹ کے ساتھ جواب دیا تھا کہ 'ہیرے بڑے سستے ہوتے ہیں، کوئی مہنگی چیز کی بات کرو'۔

ایبسولوٹلی ناٹ

عمران خان کی سابقہ حکومت نے دعویٰ کیا تھا کہ امریکا نے پاکستان سے بیسز اور اڈے دینے کا مطالبہ کیا تھا لیکن پاکستان نے امریکی مطالبے کو مسترد کرتے ہوئے 'ایبسولوٹلی ناٹ' کہہ دیا تھا۔

عمران خان کا یہ بیانیہ بھی بے انتہا مقبول ہوا تھا اور انہوں نے متعدد جلسوں اور تقریبات میں اپنے اس موقف کو دہرانے کے ساتھ ساتھ حکومت سے برطرفی کے بعد یہ دعویٰ بھی کیا کہ ان کی حکومت 'ایبسولوٹلی ناٹ' کا موقف اپنانے پر سازش کر کے ان کی حکومت ختم کی گئی۔

جیل جا کر اور خطرناک ہو جاؤں گا

عمران خان کے چند مقبول بیانات کی بات جائے تو ان میں 'خطرناک ہوتا جا رہا ہوں' کے بیان کا بھی سوشل میڈیا پر بے انتہا چرچا رہا البتہ اس بیان کی وجہ سے بھی انہیں حریفوں کی بے انتہا تنقید برداشت کرنا پڑی۔

حکومت کی برطرفی کے بعد عمران خان کی گرفتاری کی خبریں گردش کرنے لگیں اور جب پی ٹی آئی چیئرمین سے اس حوالے سے پوچھا گیا تو انہوں نے کہا تھا کہ اگر مجھے گرفتار کیا گیا تو میں مزید خطرناک ہو جاؤں گا۔

'تبدیلی آ نہیں رہی، تبدیلی آ گئی ہے'

اور سب سے آخر میں ہم تحریک انصاف کے سربراہ کے سب سے پرانے اور مقبول بیانیے کو کیسے بھول سکتے ہیں جب انہوں نے کہا تھا کہ 'تبدیلی آ نہیں آرہی، تبدیلی آ گئی ہے'۔