یاسر حسین کا عمر شریف جیسے اداکاروں کو خراج تحسین پیش نہ کیے جانے کا شکوہ

05 اکتوبر 2022
اداکار نے ٹی وی چینلز سے بھی شکوہ کیا—اسکرین شاٹ
اداکار نے ٹی وی چینلز سے بھی شکوہ کیا—اسکرین شاٹ

بھارت کے مشہور کامیڈین راجوشری واستو کچھ عرصہ علیل رپنے کے بعد گزشتہ ماہ 21 ستمبر کو انتقال کر گئے تھے، جنہیں پوری بولی وڈ انڈسٹری نے خراج تحسین پیش کیا تھا جب کہ حال ہی میں کامیڈین و میزبان کپل شرما نے بھی انہیں اپنے پروگرام میں خراج تحسین پیش کیا۔

بھارتی کامیڈین کو کپل شرما کی جانب سے پروگرام میں خراج تحسین پیش کیے جانے پر پاکستانی اداکار یاسر حسین نے اپنی شوبز شخصیات اور ٹی وی چینلز کو لیجنڈری کامیڈین عمر شریف اور امان اللہ کو ان کی برسی پر یاد نہ کرنے پر آڑے ہاتھوں لیا اور ساتھ ہی شکوہ کیا کہ ہم اپنی لیجنڈری شخصیات کو وہ مقام نہیں دیتے جو انہیں دیا جانا چاہیے۔

یاسر حسین نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں کپل شرما شو کی تصویر شیئر کرتے ہوئے شکوہ کیا کہ پاکستان کے کسی بھی ٹی وی چینل پر عمر شریف اور امان اللہ جیسے کامیڈین کو ایسا خراج تحسین پیش نہیں کیا گیا۔

انہوں نے خواہش ظاہر کی کہ پاکستانی شوبز انڈسٹری بھی مرحوم کامیڈی لیجنڈ عمر شریف اور امان اللہ کو بھی اسی طرح خراج تحسین پیش کرے جیسے راجو شری واستو کو پیش کیا گیا۔

یاسر حسین نے شکوہ کیا کہ عمر شریف اور امان اللہ کو یاد نہیں کیا گیا—اسکرین شاٹ
یاسر حسین نے شکوہ کیا کہ عمر شریف اور امان اللہ کو یاد نہیں کیا گیا—اسکرین شاٹ

بادشادہ بیگم کے اداکار نے انسٹاگرام کی اسٹوری میں لکھا کہ ‘دی کپل شرما شو میں راجو شریواستو کو خراج تحسین پیش کر رہے ہیں اور یہاں پر عمر شریف اور امان اللہ کے لئے ایسا کچھ بھی نہیں کیا گیا۔

انہوں نے سوال کیا کہ کیا ہمارے پاس کامن سینس کی کمی ہے یا ہم اپنے سینیئرز کا احترام نہیں کرتے؟ ساتھ ہی انہوں نے یہ وضاحت بھی کی کہ وہ یہ سوال اپنے آپ سے کر رہے ہیں اپنے فالوورز سے نہیں۔

یہاں یہ بات بھی واضح ہو کہ گزشتہ ہفتے کےآخر میں دی کپل شرما شو کی اسپیشل قسط پیش کی گئی جس میں تمام کامیڈین نے راجو شری واستو کو خراج تحسین پیش کیا، اس خصوصی پروگرام کی تصاویر جے وجے سچن نے بھی شیئر کیں ۔ خیال رہے کہ کامیڈی کنگ عمر شریف گزشتہ برس طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے تھے جبکہ امان اللہ لاہور میں ستر سال کی عمر میں خرابی صحت کے سبب زندگی کی بازی ہار گئے تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں