بابر اعظم پر الزامات لگانے پر پی سی بی کی فاکس کرکٹ پر تنقید

اپ ڈیٹ 17 جنوری 2023
بابر اعظم نے تاحال اس معاملے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا— فائل فوٹو / ڈان
بابر اعظم نے تاحال اس معاملے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا— فائل فوٹو / ڈان

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کے خلاف بے بنیاد الزامات لگانے پر ’فاکس کرکٹ‘ نامی نشریاتی ادارے کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

پی سی بی نے ٹوئٹر پر فاکس کرکٹ کی جانب سے شیئر کی گئی ایک نیوز اسٹوری کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’بطور ہمارے میڈیا پارٹنر، آپ کو ایسے بے بنیاد ذاتی الزامات کو نظر انداز کرنا چاہیے تھا جنہیں بابر اعظم نے جواب دینے کے قابل نہیں سمجھا۔‘

فاکس کرکٹ کی طرف سے ٹوئٹر پر شیئر کی گئی نیوز اسٹوری میں کپتان بابر اعظم پر الزام عائد کیا گیا کہ انہوں نے اپنی ٹیم کے ایک کھلاڑی کی گرل فرینڈ کو نازیبا میسیجز کیے۔

فاکس کرکٹ کی وہ ٹوئٹ حذف کردی گئی مگر بابر اعظم کے خلاف الزامات کی اسٹوری ابھی تک ان کی ویب سائٹ پر موجود ہے۔

فاکس کرکٹ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بابر اعظم نے مبینہ طور پر خاتون سے وعدہ کیا تھا کہ اگر وہ ان کے ساتھ جنسی تعلقات برقرار رکھیں گی تو پاکستان الیون میں ان کے بوائے فرینڈ موجود رہیں گے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پیروڈی اکاؤنٹ نے اوریجنل ٹوئٹ ڈیلیٹ کردی اور بابراعظم سے براہ راست معذرت کرلی ہے۔

تاہم بابر اعظم نے تاحال اس معاملے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

انہوں نے ایک دن قبل ٹوئٹر پر اپنی ایک تصویر ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا تھا کہ خوش رہنے کے لیے زیادہ کچھ نہیں چاہیے۔

نومبر 2020 میں بابر اعظم پر ایک خاتون نے سنگین الزامات عائد کیے تھے اور ان کے خلاف دھوکادہی اور ہراساں کرنے کے تحت مقدمے کے اندراج کا مطالبہ کیا تھا۔

لاہور کے سیشن جج نے بابر کے خلاف فوری مقدمے کے اندراج کا حکم دیا تھا البتہ 2021 میں لاہور ہائی کورٹ نے سیشن کورٹ کے حکم کو معطل کردیا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں