حکومت سندھ نے سردی کی وجہ سے اسکول کھولنے کا وقت تبدیل کردیا

اپ ڈیٹ 26 جنوری 2023
شدید سردی کے باعث سندھ حکومت نے تعلیمی اداروں کی اوقات بڑھا دی— فائل فوٹو: ٹوئٹر
شدید سردی کے باعث سندھ حکومت نے تعلیمی اداروں کی اوقات بڑھا دی— فائل فوٹو: ٹوئٹر

حکومتِ سندھ کے محکمہ تعلیم نے شدید سردی کے باعث اسکول کھولنے کا وقت تبدیل کرکے صبح ساڑھے 8 بجے مقرر کردیا۔

محکمہ تعلیم کی طرف سے جاری نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ محکمہ تعلیم کی اسٹیرنگ کمیٹی نے اس سے پہلے فیصلہ کیا تھا کہ تعلیمی اداروں کے کھولنے کا وقت 8:30 بجے ہوگا۔

ڈائریکٹوریٹ انسپکشن اینڈ رجسٹریشن پرائیویٹ اسکول کی ایڈیشنل ڈائریکٹر رجسٹریشن رافعہ جاوید کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ اب اسکول صبح ساڑھے 8 بجے کھلیں گے۔

اعلامیہ کے مطابق اسکول کھولنے کے لیے مقررہ وقت کا نفاذ 31 مارچ 2023 تک ہوگا۔

واضح رہے کہ 10 جنوری 2023 کو محکمہ موسمیات نے کہا تھا کہ سائبیرین ہواؤں کا اثر پورے خطے کو متاثر کر رہا ہے جس کے نتیجے میں کراچی میں بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب کم از کم درجہ حرارت سات سے پانچ ڈگری سینٹی گریڈ تک گر سکتا ہے۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق 12 جنوری سے 17 جنوری تک سندھ میں سردی کی لہر آنے کا امکان ہے، اس کے نتیجے میں لاڑکانہ، قمبر شہداد کوٹ، کشمور، جیکب آباد، جامشورو، دادو، تھرپارکر کے اضلاع میں کم سے کم درجہ حرارت چار سے دو ڈگری سینٹی گریڈ تک گر سکتا ہے۔

اس کے علاوہ شہید بینظیر آباد، نوشہروفیروز، خیرپور، سکھر، گھوٹکی، سانگھڑ کے اضلاع میں پارہ پانچ سے تین ڈگری سینٹی گریڈ تک گر سکتا ہے جبکہ کراچی، حیدرآباد، ٹنڈو الہ یار، ٹنڈو محمد خان اور ٹھٹھہ کے اضلاع میں کم سے کم درجہ حرارت سات سے پانچ ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں