انڈس موٹر کمپنی (آئی ایم سی) نے ناموافق معاشی صورتحال کے سبب طلب میں کمی اور خام مال کی قلت کی وجہ سے چوتھی بار یکم فروری سے 14 فروری تک پلانٹ بند کرنے کا اعلان کر دیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق آٹو وینڈر ایگری آٹو انڈسٹری لمیٹڈ (اے آئی ایل) نے بھی رواں مہینے جزوی بندش کا اعلان کیا ہے اور اس کی وجہ آٹو مینوفیکچرز کی جانب سے پارٹس کی کم طلب کو قرار دیا ہے۔

ٹویوٹا گاڑیاں بنانے والے اسمبلر نے اسٹاک ایکسچینج کو خط میں بتایا کہ وہ پیداوار کو 15 فروری سے سنگل شفٹ میں بحال کریں گے۔

انڈس موٹر کمپنی نے بتایا کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) نے 2 جنوری کو کمرشل بینکوں کو صرف مخصوص شعبوں کے لیے درآمدات کی ترجیحات / سہولیات کی ہدایت دی تھی، جس میں آٹو سیکٹر شامل نہیں ہے، اس وجہ سے پوری سپلائی چین متاثر ہے اور وینڈرز کمپنی کو خام مال اور پرزہ جات فراہم نہیں کر پا رہے۔

کمپنی نے اپنے پلانٹ کو یکم سے 13 اگست، یکم سے 16 ستمبر اور 20 سے 30 دسمبر 2022 کے درمیان بھی بند رکھا تھا۔

پلانٹ بند کرنے اور مالی سال 2023 کی پہلی ششماہی میں گاڑیوں کی فروخت میں 52 فیصد کمی کے باوجود انڈس موٹر کمپنی کی جانب سے رواں مہینے کے دوسرے ہفتے میں گاڑیوں کے مختلف ماڈلز کی قیمتوں میں 2 لاکھ 80 ہزار سے 12 لاکھ روپے اضافے سے صارفین حیران ہیں۔

کیا لکی موٹر کارپوریشن نے بھی یکم فروری سے قیمتوں میں ایک لاکھ روپے سے 13 لاکھ روپے تک کا اضافہ کر دیا ہے۔

کمپنی کی ویب سائٹ کے مطابق کیا پیکانٹو مینول اور آٹو میٹک کی نئی قیمت بالترتیب 32 لاکھ اور 34 لاکھ روپے ہو گی، جس کی قیمت میں ایک لاکھ سے 2 لاکھ روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔

موٹرسائیکل بھی مہنگی

پاکستان کے نمبر 1 موٹرسائیکل اسمبلر اٹلس ہنڈا لمیٹڈ (اے ایچ ایل) نے 70 سی سی سے 150 سی سی موٹرسائیکلوں کی قیمت میں یکم فروری سے 7 ہزار 400 سے 30 ہزار روپے تک کا اضافہ کر دیا ہے۔

ہنڈا سی ڈی-70، سی ڈی-70 ڈریم، پرائڈر، سی جی-125، سی جی 125 ایس، سی بی 125 ایف، سی بی 150 ایف اور سی بی 150 ایف (سلور) کی قیمتیں بالترتیب ایک لاکھ 28 ہزار 900، ایک لاکھ 37 ہزار 900، ایک لاکھ 70 ہزار 900، ایک لاکھ 94 ہزار 900، 2 لاکھ 30 ہزار 900، 3 لاکھ 5 ہزار 900، 3 لاکھ 83 ہزار 900 اور 3 لاکھ 87 ہزار 900 روپے ہو گئیں۔

ملک کی دوسری بڑی موٹرسائیکل بنانے والی یونائیٹڈ آٹو انڈسٹریز نے بھی یکم فروری سے 70 سی سی سے 125 سی سی تک موٹرسائیکل کی قیمتوں میں 6 ہزار سے 10 ہزار روپے اضافے کا مطالبہ کر دیا۔

سپر اسٹار موٹرسائیکل بنانے والے میمن موٹر پرائیویٹ لمیٹڈ نے 30 جنوری سے 70 سی سی سے 125 سی سی تک موٹرسائیکلوں کی قیمت میں 6 ہزار روپے اضافہ کر دیا۔

اسی طرح این جے آٹو انڈسٹریز نے سپر پاور موٹرسائیکل کی قیمتوں میں 27 جنوری سے 70سی سی سے 200 سی سی تک 5 ہزار سے 8 ہزار روپے اضافہ کر دیا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں