پاک-افغان ٹی 20 سیریز کیلئے اسکواڈ کا اعلان، شاداب خان کپتان مقرر

اپ ڈیٹ 13 مارچ 2023
نجم سیٹھی نے کہا کہ ہم بابر اعظم، رضوان، فخر، حارث رؤف اور شاہین آفریدی کوآرام دے رہے ہیں — فوٹو: ڈان نیوز
نجم سیٹھی نے کہا کہ ہم بابر اعظم، رضوان، فخر، حارث رؤف اور شاہین آفریدی کوآرام دے رہے ہیں — فوٹو: ڈان نیوز

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاک۔افغان ٹی 20 سیریز کے لیے اسکواڈ کا اعلان کردیا جس میں شاداب خان کو کپتان مقرر کیا گیا ہے۔

چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی نجم سیٹھی نے چیف سلیکٹر ہارون رشید کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم سے افغانستان نے سیریز کے لیے رابطہ کیا کیونکہ ان کی آسٹریلیا کے ساتھ سیریز ختم ہوگئی ہے۔

نجم سیٹھی نے کہا کہ ہماری ٹیم کے کھلاڑیوں کے ریسٹ اور انجریز کے سبب ہم نے منع کرنے کی کوشش کی لیکن ان کا بہت اصرار تھا، اس دوران ہمیں بتایا گیا کہ حکومت نے بھی افغانستان کے ساتھ سیریز کھیلنے کی ہدایت کی ہے، اس لیے ہم نے درخواست قبول کرلی۔

انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے افغانستان کے ساتھ معاملات طے کرنے کے لیے بات چیت چلتی رہی، اس دوران میڈیا میں مختلف طرح کی قیاس آرائیاں بھی شروع ہوگئیں حالانکہ ہم نے کسی قسم کا کوئی عندیہ نہیں دیا تھا۔

نجم سیٹھی نے کہا کہ اب اس حوالے سے افغانستان کے ساتھ ہمارے معاملات طے پاگئے ہیں، تمام سینئر کھلاڑیوں کو اعتماد میں لے کر فیصلے کیے ہیں اس پر سب کو اتفاق ہے، ہمیں اب ورلڈ کپ کا سوچنا ہے، ابھی سے اسسمنٹ کریں گے تو ابھی سے یہ کام کرنا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ آگے بہت سارے میچز آرہے ہیں، اس لیے ہم نے سوچا کہ کچھ پلیئرز کو آرام دینا چاہیے، جن کی انجریز ہیں ان کو بھی آرام دینا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اصل دھیان اب ورلڈ کپ پر دینا ہے، نوجوان کھلاڑیوں کو تیار کرنے کے لیے ابھی سے کام شروع کرنا پڑے گا، اس لیے نوجوان کھلاڑیوں کو جانچنے کے لیے ہم اس سیریز کو ٹریننگ راؤنڈ سمجھیں گے۔

چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی نے کہا کہ ہم بابر اعظم، محمد رضوان، فخر زمان، حارث رؤف اور شاہین آفریدی کو آرام دے رہے ہیں، میں نے سب سے بات کرلی ہے، کسی کو کوئی اعتراض نہیں ہے، بابر ہمارا بہترین کپتان ہے، وہ ٹیم کےکپتان برقرار ہیں، جس دن وہ کہیں گے اس پر ان کی کپتانی کا فیصلہ کریں گے، ہمارے سینیئر کھلاڑیوں کو کوئی خطرہ نہیں ہے، ان کی جگہ پکی ہے، نئے کھلاڑیوں کو ٹیسٹ کر رہے ہیں۔

انہوں نے اعلان کیا کہ پاک۔افغان ٹی 20 سیریز کے لیے شاداب خان کو کپتان بنانے کا فیصلہ کیا ہے، اس حوالے سے شاداب خان کو بھی آگاہ کردیا ہے۔

چیف سلیکٹر ہارون رشید نے قومی ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ اسکواڈ میں احسان اللہ، صائم ایوب، طیب طاہر اور زمان خان ڈیبیو کریں گے، اس کے علاوہ اعظم خان، عبداللہ شفیق، فہیم اشرف، افتخار احمد، محمد حارث، محمد نواز، وسیم جونیئر، نسیم شاہ، شان مسعود اور عماد وسیم اسکواڈ کا حصہ ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ ابرار احمد، حسیب اللہ اور اسامہ میر سیریز کے لیے ریزرو کھلاڑی ہوں گے۔

خیال رہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان تین 20 ٹوئنٹی میچز کی سیریز 24 سے 27 مارچ تک شارجہ میں کھیلی جائے گی۔

تبصرے (0) بند ہیں