پیٹرولیم ڈویژن کی پرتعیش ورکشاپ، کفایت شعاری کے دعوے دھرے رہ گئے

16 مارچ 2023
حکومت نے کفایت شعاری کے اقدامات کو یقینی بنانے کے لیے سختی سے تعمیل کی ہدایات جاری کر رکھی ہیں—فائل فوٹو: پی آئی ڈی
حکومت نے کفایت شعاری کے اقدامات کو یقینی بنانے کے لیے سختی سے تعمیل کی ہدایات جاری کر رکھی ہیں—فائل فوٹو: پی آئی ڈی

پیٹرولیم ڈویژن نے تیل اور گیس کے شعبے کے مسائل پر گفتگو کے لیے 3 روزہ ورکشاپ کلرکہار میں تاریخی مقام تخت بابری کے بجائے خیبرپختونخوا میں واقع وِسپرنگ پائنز ہوٹل میں منتقل کر دی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق وزیر مملکت ڈاکٹر مصدق ملک سمیت ملک بھر سے پبلک سیکٹر اداروں کے 55 سے زائد اعلیٰ افسران اور پیٹرولیم ڈویژن کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ خاطر خواہ نقد رقم ساتھ لے کر آئیں کیونکہ ورکشاپ کے مقام پر اے ٹی ایم موجود نہیں ہیں۔

22 فروری کو وفاقی کابینہ کے ایک فیصلے کے تحت حکومت نے کفایت شعاری کے اقدامات کو یقینی بنانے کے لیے سختی سے تعمیل کی ہدایات جاری کی ہیں، سرفہرست ہدایات میں سے ایک یہ بھی ہے کہ سرکاری تقریبات/اجلاسوں میں صرف ایک ڈش یا چائے اور بسکٹ پیش کیے جائیں گے، یہ چیزیں بھی صرف سرکاری عمارتوں کے حدود میں ہونے والی تقریبات میں ہی پیش کی جائیں گی، ہوٹلوں میں یہ چیزیں صرف غیر ملکی وفد کی آمد کے موقع پر پیش کی جائیں گی۔

تاہم پیٹرولیم ڈویژن کی ورکشاپ میں پبلک سیکٹر کے تمام ملازمین شرکت کریں گے اور اب یہ خیبر پختونخواہ کے ضلع ہری پور میں واقع وِسپرنگ پائنز ہوٹل میں منعقد ہوگی۔

متعلقہ نجی اداروں کو بھیجے گئے پیغام کے مطابق ’اس ورکشاپ کا مقصد پاکستان میں پیٹرولیم سیکٹر کے لیے ایک اسٹریٹجک روڈ میپ تیار کرنے کے لیے توانائی کے شعبے میں کام کرنے والے اسٹیک ہولڈرز، کارپوریشنز اور کمپنیوں کو ایک جگہ اکٹھا کرنا ہے‘۔

اخراجات کم کرنے کے لیے تمام ایگزیکٹوز سے کہا گیا کہ وہ اپنے متعلقہ اداروں کے اکاؤنٹس سے فضائی سفر، لاجسٹک سپورٹ اور رہائش کے لیے ادائیگی کریں۔

پیٹرولیم ڈویژن کے ترجمان کیپٹن (ر) شہباز نے ایک روز قبل تصدیق کی تھی کہ اسٹریٹجک روڈ میپ ڈیولپمنٹ ورکشاپ پیٹرولیم ڈویژن کی تنظیموں کی ایک محدود تقریب ہوگی۔

انہوں نے ورکشاپ پر آنے والے کُل اخراجات کا تخمینہ ظاہر کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ ورکشاپ کے انعقاد کے لیے کم سے کم اخراجات کیے جائیں گے، دلچسپ بات یہ ہے کہ او جی ڈی سی ایل اور اس جیسی کچھ دیگر کمپنیوں کے پاس اپنی دفتری عمارتوں کے اندر وسیع کانفرنس ہال موجود ہیں جہاں تیل اور گیس پر عالمی کانفرنسیں منعقد ہوتی رہی ہیں۔

پیٹرولیم ڈویژن نے کہا کہ وہ شرکا کو 18 سے 20 مارچ تک ہوٹل میں رہائش کے لیے بکنگ کے حوالے سے مدد فراہم کرے گا، تمام شرکا سے کہا گیا ہے کہ وہ ورکشاپ کے لیے لیپ ٹاپ یا آئی پیڈز کے ساتھ پورٹیبل انٹرنیٹ ڈیوائسز بھی ساتھ لائیں۔

پیٹرولیم ڈویژن نے 2020 میں 2043 تک آئل اینڈ گیس انڈسٹری کے لیے 80 صفحات پر مشتمل ترقیاتی منصوبہ تیار کیا تھا جس پر پیش رفت کے لیے اٹھائے جانے والے اقدمات نامعلوم ہیں، نئے مجوزہ اسٹریٹجک روڈ میپ کے اہداف میں سستی، محفوظ اور پائیدار توانائی فراہم کرنے کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے غیرمعمولی آپشنز کی تلاش شامل ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں