پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے میچز میں کھلاڑیوں کے درمیان گرما گرمی اور جارحانہ انداز نہ ہو تو کرکٹ شائقین میچ کو انجوائے نہیں کرپاتے۔

گزشتہ روز کوالیفائر میں لاہور قلندرز کے کپتان شاہین آفریدی اور ملتان سلطانز کے بلے باز کیرون بولارڈ کے درمیان جملوں کے تبادلے کی ویڈیو سوشل میڈیا وائرل ہوگئی۔

قذافی اسٹیڈیم میں لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کے درمیان کوالیفائر میچ ہوا جس میں سلطانز نے قلندرز کو شکست دیتے ہوئے فائنل میں جگہ بنا لی۔

میچ میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو جیت کے لیے 161 رنز کا ہدف دیا تھا۔

ملتان سلطانز کی جانب سے کیرون پولارڈ 57 رنز بنا کر نمایاں بیٹر رہے جبکہ شاہین شاہ آفریدی لاہورقلندرز کے سب سے مہنگے باؤلر ثابت ہوئے اور انہوں نے 4 اوورز میں 47 رنز دیے۔

میچ کے دوران شاہین شاہ آفریدی اور کیرون پولارڈ کے درمیان جملوں کا تبادلہ بھی ہوا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ملتان سلطانز کی اننگز کے 19ویں اوور میں چھکا لگنے کے بعد شاہین شاہ آفریدی اور کیرون پولارڈ کا ایک دوسرے سے آمنا سامنا ہوا۔

دونوں کھلاڑی ایک دوسرے سے کچھ کہتے ہیں اور پھر شاہین آفریدی آگے بڑھ کر کیرون پولارڈ کی جانب پلٹ کر دوبارہ کچھ کہتے ہیں، اس دوران کیرون پولارڈ نفی میں سر ہلاتے ہیں۔

پولارڈ کا انداز قدرے جارحانہ رہا اور انہوں نے 34 گیندوں پر 6 چھکوں کی مدد سے 57 رنز کی اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کی معقول مجموعے تک رسائی میں اہم کردار ادا کیا۔

ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ٹوئٹر صارفین نے بھی دلچسپ تبصروں کا اظہار کیا۔

ایک صارف نے لکھا کہ ’اب واقعی لگ رہا ہے کہ پی ایس ایل شروع ہوا ہے‘۔

تو کوئی صارف پی ایس ایل کے میچز میں اس کھلاڑیوں کے درمیان گرما گرمی کو انجوائے کرتا نظر آیا۔

ایک صارف نے پی ایس ایل کو ’پھڈا سپر لیگ‘ کا نام دے دیا۔

گزشتہ روز شاہین اور پولارڈ کے علاوہ رائلی روسوو اور فخر زمان کے درمیان بھی سخت جملوں کا تبادلہ ہوا۔

ویڈیو پر ایک صارف نے دلچسپ ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ فخر زمان، رائلی روسوو کو لاہور کی سڑکوں کا راستہ بتانے کی کوشش کر رہے ہیں’۔

ایک صارف نے لکھا کہ ’اس کی جگہ اگر عامر ہوتا تو عوام نے پاگل ہوجانا تھا‘۔

یاد رہے کہ پی ایس ایل سیزن 8 میں اس سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق نوجوان کھلاڑی محمد عامر کی جانب سے دیگر چند کھلاڑیوں کے لیے جارحانہ رویہ دیکھا گیا جس کی ویڈیو کئی روز تک سوشل میڈیا پر گردش کرتی رہی۔

پشاور زلمی کے محمد حارث اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے حسن نواز جیسے نوجوانوں کے خلاف جارحانہ رویہ دکھانے پر محمد عامر کو سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں