کراچی کے جوڈیشل مجسٹریٹ نے خواجہ سرا رہنما شہزادی رائے کو دھمکانے اور ہراساں کرنے والے ملزم کو 31 مارچ تک عدالتی ریمانڈ پر جیل منتقل کردیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پولیس نے دعویٰ کیا تھا کہ ملزم شیراز گرفتار کرکے 16 مارچ کو گلستان جوہر میں خواجہ سراؤں کے حقوق کی کارکن شہزادی رائے کو قتل کرنے کی دھمکیاں دینے کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا ہے۔

ملزم کا 14 روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کرنے کے لیےکیس کے تفتیشی افسر نے گرفتار ملزم کو جوڈیشل مجسٹریٹ عبدالاحد میمن کی عدالت میں پیش کیا۔

تفتیشی افسر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ مشتبہ ملزم نے مبینہ طور خواجہ سرا رہنما شہزادی رائے کے گھر میں گھسنے کی کوشش کی اس دوران ملزم کے پاس مبینہ طور پر تیزاب کی بوتل بھی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ ملزم نے مبینہ طور پر شکایت کنندہ شہزادی رائے کو جان سے مارنے اور تیزاب سے حملہ کرنے کی دھمکیاں دیں۔

تفتیشی افسر کا کہنا تھا کہ ملزم کو گرفتار کرنے اور دیگر قانونی کارروائیاں اور تفتیش مکمل کرنے کے لیے ملزم کو جسمانی تحویل میں لینا ضروری ہے۔

عدالت نے تفتیشی افسر کی جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے ملزم کو 31 مارچ تک عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

عدالت نے تفتیشی افسر کو حکم دیا کہ اگلی سماعت تک کیس کی تفتیشی رپورٹ کے ساتھ ملزم کو پیش کیا جائے۔

خواجہ سرا رہنما شہزادی رائے کا کہنا تھا کہ انہیں ماضی میں کئی بار نامعلوم افراد نے ہراساں کیا تھا۔

شہزادی رائے کو ہراساں کرنے کے الزام میں ملزم کے خلاف تعزیرات پاکستان کی دفعہ 452، 511، 506 اور 34 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں