ووٹ پاکستان: لائیو بلاگ
لائیو

ووٹ پاکستان: لائیو بلاگ

آپ کے لیے تازہ اور اہم خبروں کا مرکز ، خصوصی آراء اور تبصرے بھی شامل

تازہ ترین
1:04 AM

این اے-60میں انتخابات کے التواپر پی پی پی کا الیکشن کمیشن کوخط

12:20 AM

’کراچی والو! کیا آپ کو یہاں فوج نے بھیجا ہے؟‘

22 جولائ ,2018
11:49 PM

بلوچستان عوامی پارٹی پھر دہشت گردی کا نشانہ

9:51 PM

پوسٹل ووٹ کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے والے دھرلیے گئے

5:26 PM

پیپلز پارٹی کا اکرام اللہ گنڈاپور کی ہلاکت پر سیاسی سرگرمیاں معطل کرنے کا اعلان

5:12 PM

جماعت اسلامی کے کارکنان نے تحریک انصاف کے کارکنان کو پانی پلایا

1:42 PM

پاکستانی ’پی کے‘ کا انتخابی امیدواروں سے کڑے سوالات کا سلسلہ جاری

1:27 PM

عامر لیاقت کا پی پی پی کے کارکنان پر پی ٹی آئی کے بینرز اتارنے کا الزام

12:47 PM

‘عوام کی عدالت 25 جولائی کو فیصلہ سنائے گی‘

12:18 PM

ڈی آئی خان میں خودکش دھماکا، تحریک انصاف کے امیدوار جاں بحق

11:38 AM

انتخابات سے قبل ہی دھاندلی کا الزام

11:11 AM

الیکشن کمیشن کا پہلی مرتبہ جوڈیشل افسر کے خلاف اختیارات کا استعمال

10:24 AM

لیاری آج بھی مسائل سے دوچار

10:17 AM

لیاری میں مسلم لیگ (ن) کے حق میں نعرے

12:10 AM

حنیف عباسی انتخابات میں حصہ لینے کیلئے نااہل

21 جولائ ,2018
10:42 PM

’خواتین کو ووٹ ڈالنے سے روکنے پر حلقے میں الیکشن ملتوی ہوسکتے ہیں‘

9:25 PM

کالعدم تنظیم سے روابط پر پی پی رہنما پارٹی سے فارغ

8:35 PM

الیکشن کمیشن نے فوج سے تعاون طلب کیا، آئی ایس پی آر

8:04 PM

یوٹرن کے سائن بورڈز پر عمران خان کی تصویریں لگادی جائیں، شہباز شریف

7:36 PM

کرک جلسے کے دوران عمران خان نے اپنے ہی امیدوار کو دھکا مارا؟

مزید خبریں
جولائ 23, 2018 01:04am

این اے-60میں انتخابات کے التواپر پی پی پی کا الیکشن کمیشن کوخط

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے راولپنڈی میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے-60 میں انتخابات ملتوی کرنے کے خلاف الیکشن کمیشن آف پاکستان کو خط لکھ دیا۔

پیپلز پارٹی الیکشن سیل کےسربراہ تاج حیدرکی جانب سےلکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن صرف کسی امیدوارکی موت پرانتخاب ملتوی کرسکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کو کسی امیدوار کی نااہلی پر الیکشن کے التوا کا اختیار نہیں ہے۔

تاج حیدر نے خط میں کہا ہے کہ کیپٹن (ر) صفدراورمریم نوازکی نااہلی پر بھی انتخابات ملتوی نہیں کیے گئے تھے اس لیے انتخابات کا التواغیرضروری اورشفافیت پرسوالیہ نشان ہے۔

انھوں نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر التوا کے فیصلے کو ختم کرکےانتخابات کو یقینی بنائیں۔

شیخ رشید نے بھی حنیف عباسی کی نااہلی پر انتخابات کے التوا پر تحفظات کا اظہار کیا۔

تبصرے(0)

Email


جولائ 23, 2018 12:20am

’کراچی والو! کیا آپ کو یہاں فوج نے بھیجا ہے؟‘

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ عالمی سازش کے تحت پاکستان میں انتخابات کو متنازع بنایا جارہا ہے لیکن عوام 25 جولائی کو اپنے اتحاد سے یہ عالمی سازش ناکام بنا دیں گے۔

کراچی کے باغ جناح میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ’عالمی میڈیا عالمی اسٹیبلشمنٹ کے اشارے پر چلتا ہے، سازش کے تحت ملک میں دھاندلی کے الزامات لگائے جارہے ہیں، کراچی والوں سے پوچھتا ہوں کیا انہیں یہاں فوج نے بلایا ہے؟ تمام سرویز میں پی ٹی آئی سب سے آگے ہے کیا وہ فوج کی وجہ سے ہے؟ تحریک انصاف واحد جماعت ہے جو ملک بھر میں جلسے کر رہی ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’2013 کے عام انتخابات کے بعد جب میں یہ کہہ رہا تھا کہ دھاندلی ہوئی تو یہی جماعتیں کہہ رہی تھیں کہ میں فوج کے کہنے پر یہ الزام لگا رہا ہوں، مجھے جمہوریت کے لیے خطرہ قرار دیا گیا، اب یہی جماعتیں انتخابات سے قبل ہی دھاندلی کا شور مچا رہی ہیں۔‘

خبر کی مزید تفصیل یہاں پڑھیں۔

جولائ 22, 2018 11:49pm

بلوچستان عوامی پارٹی پھر دہشت گردی کا نشانہ

بلوچستان کے شہر دالبندین میں بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) کے دفتر پر دستی بم حملے کے نتیجے میں 20 افراد زخمی ہوگئے۔

— فوٹو: ڈان نیوز
— فوٹو: ڈان نیوز

پولیس کے مطابق دالبندین کے علاقے کلی خدائے رحیم میں موٹر سائیکل سوار شدت پسند بی اے پی کے انتخابی امیدوار میر امان اللہ نوتزئی کے دفتر پر دستی بم حملہ کیا۔

واقعے میں 4 افراد شدید زخمی ہوئے جنہیں علاج کے لیے کوئٹہ منتقل کیا جارہا ہے۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے بلوچستان عوامی پارٹی کے انتخابی دفتر پر دستی بم حملے کی مذمت کی۔

ان کا کہنا ہے کہ دہشت گرد ملک کی ترقی، خوشحالی اور جمہوریت کو سبوتاژ کرنے کے درپے ہیں، جن کے مذموم مقاصد کو روکنے اور جمہوریت کی بقا کے لیے سیاسی جماعتوں کو اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنا ہوگا۔

رپورٹ: سید علی شاہ

جولائ 22, 2018 09:51pm

پوسٹل ووٹ کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے والے دھرلیے گئے

سیہون پولیس نے سابق وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے جامشورو کے حلقہ پی ایس 80 میں پوسٹل بیلٹ کے ساتھ ٹیمپرنگ کرنے والے محکمہ تعلیم کے 5 عہدیداروں کو گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق سندھ یونائیٹڈ پارٹی (ایس یو پی) کے کارکنان نے، انتخابات کے دوران ڈیوٹیاں انجام دینے والے سرکاری ملازمین کے لیے مختص پوسٹل بیلٹس کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے والے محکمہ تعلیم کے چار عہدیداران کو پکڑ لیا۔

سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے رہنما اور ایڈووکیٹ اسداللہ شاہ نے کہا کہ ان کی جماعت نے اسسٹنٹ ریٹرننگ افسر (اے آر او) اور تعلقہ کے ایجوکیشن افسر قربان میمن سمیت اور دیگر افراد کے پکڑے جانے سے متعلق ڈپٹی کمشنر جامشورو کو بتایا۔

ڈی آئی جی حیدر آباد سلطان خواجہ نے ایس ایس پی جامشورو کو الیکشن ایکٹ 2017 کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا۔

پولیس نے بیلٹس بھرنے والے پرائمری ٹیچرز ایسوسی ایشن (پی ٹی اے) کے صدر عزیز راہوپوٹو، قربان میمن، محمد صالح، عابد علی، اسلم بِرہامانی اور غلام مصطفیٰ سولنگی کے خلاف مقدمہ درج کیا اور قربان میمن کے علاوہ مقدمے میں نامزد تمام ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

رپورٹ: محمد حسین خان

خبر کی مزید تفصیل یہاں پڑھیں۔

جولائ 22, 2018 05:46pm

پیپلز پارٹی کا اکرام اللہ گنڈاپور کی ہلاکت پر سیاسی سرگرمیاں معطل کرنے کا اعلان

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے امیدوار اکرام اللہ گنڈاپور کی شہادت پر سوگ منانے کے لیے خیبر پختونخوا میں آج ہونے والی تمام سیاسی سرگرمیوں کو دعائیہ تقریبات میں تبدیل کرنے کا اعلان کردیا۔

پی پی پی کے میڈیا سیل سے جاری بیان کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے اکرام اللہ گنڈا پور پر ہونے والے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردوں کی طرف سے انتخابی امیدواران پر حملے سازش ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ شہید اکرام گنڈاپور کے خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

جولائ 22, 2018 05:12pm

جماعت اسلامی کے کارکنان نے تحریک انصاف کے کارکنان کو پانی پلایا

جماعت اسلامی (جے آئی) سے تعلق رکھنے والے کارکنان نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکنان کو گرمی میں موسم میں پانی پلا کر قومی جذبے کو پروان چڑھایا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر شائع تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ خیبرپختونخوا کے علاقے دیر میں انتخابی مہم کے سلسلے میں تحریک انصاف کی ریلی رواں دواں تھی کہ راستے میں جماعت اسلامی کے کارکنان نے سیاسی تفریق سے بالا تر ہوکر انہیں پانی پلایا۔

واضح رہے کہ ایسا ہی ایک دلچسپ واقعہ پنجاب میں بھی پیش آچکا ہے جہاں مسلم لیگ (ن) کے کارکنان نے اپنے سیاسی حریف پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنان کو اس گرم موسم میں اپنے کیمپوں سے پانی پلایا تھا۔

جولائ 22, 2018 06:10pm

پاکستانی ’پی کے‘ کا انتخابی امیدواروں سے کڑے سوالات کا سلسلہ جاری

پاکستانی ‘پی کے’ کے عوام کو ’رانگ کال‘ سے خبردار کرنے کے لیے انتخابی امیدواروں سے انٹرویو جاری ہیں۔

انہوں نے گولے (پاکستان) میں بجلی اور پانی کی عدم فراہمی اور ایمانت دار سیاست کے حوالے سے انتخابی امیدواروں سے سخت سوالات کر ڈالے۔

جولائ 22, 2018 01:27pm

عامر لیاقت کا پی پی پی کے کارکنان پر پی ٹی آئی کے بینرز اتارنے کا الزام

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عامر لیاقت حسین نے الزام عائد کیا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے کارکنان ان کی جماعت کے انتخابی بینرز ہٹا رہے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں عامر لیاقت حسین نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے کارکنان پی ٹی آئی اور عمران خان کے بینرز اتار رہے ہیں۔

انہوں نے چیئرمین پی پی پی کو مخاطب کرکے کے کہا کہ آئندہ انتخابات میں تحریک انصاف ہی کامیاب ہوگی۔

جولائ 22, 2018 12:47pm

‘عوام کی عدالت 25 جولائی کو فیصلہ سنائے گی‘

مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ عوام کی عدالت 25 جولائی کو فیصلہ سنائے گی اور وہ لوگ جو انصاف پر ’اثر انداز‘ ہو رہے ہیں وہ کبھی عوام کے جذبے پر اثر انداز نہیں ہو سکتے۔

لاہور میں غازی آباد میں عوامی جلسے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کا ہر ورکر اور انتخابی امیدوار پارٹی کے خلاف ہر منفی پراپیگنڈہ کے خلاف محاذ بنا لے۔

ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ کو انتخابی کامیابی ملے گی اور فیصلہ بہت سے لوگوں کے لیے تلخ ہوگا۔

جولائ 22, 2018 04:46pm

ڈی آئی خان میں خودکش دھماکا، تحریک انصاف کے امیدوار جاں بحق

صوبہ خیبرپختونخوا کے علاقے ڈیرہ اسمٰعیل خان (ڈی آئی خان) میں خود کش حملے کے نتیجے میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے انتخابی امیدوار اکرام اللہ خان گنڈاپور اور ان کے ڈرائیور جاں بحق جبکہ ان کے محافظ زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق دھماکا ڈی آئی خان کے علاقے کلاچی میں پی ٹی آئی رہنما کی گاڑی کے قریب ہوا۔

دھماکے کے بعد سیکیورٹی اداروں نے جائے وقوع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا تاہم ڈی پی او منظور آفریدی کے مطابق دھماکا خود کش تھا جس کے حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔

امدادی ٹیموں نے واقعے کے بعد پی ٹی آئی رہنما اکرام اللہ گنڈاپور سمیت ان کے ڈرائیور اور 2 محافظوں کو قریبی ہسپتال منتقل کیا۔

جولائ 22, 2018 03:52pm

انتخابات سے قبل ہی دھاندلی کا الزام

صوبہ سندھ کے شہر سیہون میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور سندھ یونائیٹڈ پارٹی (ایس یو پی) نے انتخابات سے پہلے ہی مبینہ دھاندلی کا الزام لگادیا۔

سیاسی جماعتوں نے پرائمری ٹیچرز ایسوسی ایشن کے صدر پر الزام عائد کیا کہ ان کی جانب سے اسسٹنٹ رٹرننگ افسر کے دفتر میں پوسٹل بیلٹ پیپرز پر ٹھپے لگائے گئے۔

پی ٹی آئی رہنما سردار غلام نبی سولنگی اور ایس یو پی رہنما روشن برڑو سمیت دیگر رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ان کے پہنچنے پر اے آر او کے آفس میں کھلبلی مچ گئی۔

دونوں پارٹیوں کے کارکنوں نے پوسٹل بیلٹ پیپرز پر مبینہ طور پر ٹھپے لگانے کے خلاف مظاہرہ کیا اور نعرے لگائے۔

اس موقع پر مظاہرین نے الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) سے نوٹس لینے کا مطالبہ بھی کیا۔

جولائ 22, 2018 03:55pm

الیکشن کمیشن کا پہلی مرتبہ جوڈیشل افسر کے خلاف اختیارات کا استعمال

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے پہلی مرتبہ جوڈیشل افسر کے خلاف اپنے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے اوکاڑہ کے ریٹرننگ افسر کو اس کے عہدے سے ہٹا دیا۔

ای سی پی کو شکایت موصول ہوئی کہ متعلقہ ریٹرننگ افسر جانبدار ہے۔

ای سی پی کے ایک عہدیدار نے ڈان کو بتایا کہ مذکورہ شکایت اوکاڑہ ضلعی ریٹرننگ افسر کو فراہم کی گئی جنہوں نے تصدیق کی کہ ریٹرننگ افسرغیر جانبدار نہیں تھا۔

تاہم معطل ہونے والے ریٹرننگ افسر کی تعیناتی کے احکامات آج (اتوار) کو جاری کیے جانے کا امکان ہے۔

خبر کی مزید تفصیل

جولائ 22, 2018 03:56pm

لیاری آج بھی مسائل سے دوچار

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) گذشتہ 5 سالہ حکومت میں جہاں کراچی کے بیشتر علاقوں میں بنیادی مسائل حل نہ کرسکی، وہیں پیپلزپارٹی کا قلعہ کہلانے والا علاقہ لیاری بھی انہیں مسائل کی داستان بیان کررہا ہے۔

لیاری کے علاقے کلری میں جگہ جگہ کچرے کے ڈھیر ہی نہیں، بلکہ سیوریج کا نظام تباہ ہوچکا ہے، جس کے باعث مکینوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔

اس علاقے میں ایک اور مسئلہ پینے کے صاف پانی کا بھی ہے، کیونکہ کئی عرصے سے علاقے کے لوگ پانی کی بوند بوند کے لیے ترس رہے ہیں۔

شہریوں کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتوں کے لوگ صرف الیکشن میں علاقے کا رخ کرتے ہیں اور منتخب ہونے کے بعد وہ اسے بھول جاتے ہیں۔

جولائ 22, 2018 03:57pm

لیاری میں مسلم لیگ (ن) کے حق میں نعرے

کراچی کے علاقے لیاری میں مسلم لیگ (ن) کے حق میں نعرے لگائے گئے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

واضح رہے کہ لیاری پیپلزپارٹی کی انتخابی مہم کا مرکز رہا ہے جہاں گزشتہ دنوں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی آمد پر سخت احتجاج کیا گیا۔

وائرل ہونے والی ویڈیو میں لیاری سے تعلق رکھنے والا ایک شخص مخصوص اور منفرد انداز میں نعرے لگا رہا ہے جس کے جواب میں سب ’شیرآیا‘ جواب دے رہے ہیں۔

۔

12:10 AM, جولائ 22

حنیف عباسی انتخابات میں حصہ لینے کیلئے نااہل

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور قومی اسمبلی کے حلقہ این اے-60 سے امیدوار حنیف عباسی کے خلاف انسداد منشیات عدالت نے عمرقید کی سزا سنادی اور انتخابات کے لیے نااہل قرار دے دیا۔

عدالت کی جانب سے فیصلے کے بعد حنیف عباسی عام انتخابات میں حصہ نہیں لے سکیں گے جس کے بعد عوامی لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کے لیے مقابلہ آسان ہوگیا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سینیٹر چوہدری تنویر کا کہنا تھا کہ ووٹ کو عزت دے کر مخالفین کو شکست دیں گے کیونکہ ایک سیاسی یتیم کو جتوانے کے لیے جتن کیے جارہے ہیں۔

شیخ رشید نے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ حنیف عباسی نے جو بویا وہ کاٹ رہے ہیں اور اب حلقے میں میرا مقابلہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) سے ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ حنیف عباسی کا کوئی کورنگ امیدوار بھی نہیں ہے اس لیے مسلم لیگ (ن) اس حلقے میں مقابلے سے باہر ہوگئی ہے۔

متعلقہ خبر پڑھیں:ایفی ڈرین کوٹہ کیس میں حنیف عباسی کو عمر قید کی سزا

10:42 PM, جولائ 21

’خواتین کو ووٹ ڈالنے سے روکنے پر حلقے میں الیکشن ملتوی ہوسکتے ہیں‘

خیبرپختونخوا الیکشن کمیشن نے مختلف علاقوں میں ممکنہ طور پر خواتین کو ووٹ ڈالنے سے روکنے کا نوٹس لے لیا۔

صوبائی الیکشن کمشنر کی جانب سے پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ خیبرپختونخوا اور سابق فاٹا کے شامل ہونے والے کچھ علاقوں میں باقاعدہ معاہدے کے تحت خواتین ووٹرز کو ووٹ ڈالنے سے روکا جاتا ہے۔

25 جولائی کو اگر اس طرح کی کوئی صورتحال سامنے آئی کہ جس میں کسی خاتون ووٹر کو حق رائے دہی سے روکا گیا ہے تو متعلقہ حلقے کا الیکشن ملتوی کیا جاسکتا ہے۔

صوبائی الیکشن کمیشن کے مطابق خواتین کو ووٹ ڈالنے سے روکنے والے شخص کر تین سال قید اور ایک لاکھ جرمانے کی سزا بھی ہوسکتی ہے۔

خیبرپختونخوا کے الیکشن کمیشن نے پریس ریلیز میں صوبے کے کئی علاقوں کے نام لکھے ہیں اور وہاں کے عمائدین کو متنبہ کیا ہے کہ خواتین ووٹر کو روکنے سے متعلق کوئی معاہدہ نہ کیا جائے اور صاف و شفاف انتخابات کے لیے خواتین کو پولنگ اسٹیشنز تک پہنچانے کے انتظامات کیے جائیں۔

9:25 PM, جولائ 21

کالعدم تنظیم سے روابط پر پی پی رہنما پارٹی سے فارغ

پاکستان پیپلز پارٹی نے اپنی جماعت کے فیڈرل کونسل کے رکن مظفر علی شجرہ کو کالعدم تنظیم سے روابط کے الزام میں پارٹی سے خارج کردیا۔

پیپلز پارٹی کے مرکزی میڈیا سیل کے مطابق مظفر علی شجرہ کو اس لیے پارٹی سے نکالا گیا کیونکہ انہوں نے انتخابات میں کالعدم تنظیم کی حمایت حاصل کی تھی۔

گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر ایک تصویر وائرل ہوئی تھی، جس میں پاکستان راہ حق پارٹی کے تحت عوام دوست گروپ کے پلیٹ فارم سے متفقہ امیدوار سامنے آئے تھے۔

ان امیدواروں میں کالعدم اہل سنت والجماعت کے اورنگزیب فاروقی قومی اسمبلی کی نشست پر جبکہ مظفر علی شجرہ صوبائی اسمبلی کی نشست پر متفقہ امیدوار تھے۔

اس انتخابی پوسٹر کے مطابق این اے 238 پر اورنگزیب فاروقی کا انتخابی نشان استری جبکہ پی ایس 91 پر مظفر علی شجرہ کا انتخابی نشان نلکا تھا۔

8:35 PM, جولائ 21

الیکشن کمیشن نے فوج سے تعاون طلب کیا، آئی ایس پی آر

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈی جی میجرجنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے انتخابات2018 کے پرامن انعقاد کے لیے فوج کی خدمات مانگ لی ہیں اور فوج اپنے مینڈیٹ میں رہتے ہوئے خدمات انجام دے گی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے ٹویٹر پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ انتخابات 2018 کے لیے فوج سے خدمات آئین کی شق 220 اور 245 کے تحت طلب کی گئی ہیں۔

میجرجنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ فوج اپنے مینڈیٹ میں رہتے ہوئے پاکستان کے عوام کو پرامن ماحول میں شفاف و غیرجانبدارانہ انتخابات کو یقینی بنائے گی۔

8:04 PM, جولائ 21

یوٹرن کے سائن بورڈز پر عمران خان کی تصویریں لگادی جائیں، شہباز شریف

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ’اگر ملک میں یوٹرن کے سائن بورڈز کو تبدیل کرکے عمران خان کی تصویر لگا دی جائے تو عوام خود سمجھ جائیں گے کہ اس اشارے کا کیا مطلب ہے‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’عمران خان ایک بات کرنے کے بعد اسے تبدیل کرتے ہوئے دوسری بات کہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان ایک وقت میں کہیں گے کہ ’میں آپ کو کالج بنا کردوں گا، اگلے منٹ ہی کہیں گے کہ میں نے آپ کو نہیں بنا کر دینا‘۔

سرگودھا میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے عمران خان کو ’الزام خان‘ کا لقب بھی دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے پاس سوائے جھوٹ اور الزام تراشی کے کچھ نہیں ہے۔

7:36 PM, جولائ 21

کرک جلسے کے دوران عمران خان نے اپنے ہی امیدوار کو دھکا مارا؟

پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو کیمرے نے این اے 34 سے اپنی ہی جماعت کے امیدوار شاہد احمد خٹک کو دھکا دیتے ہوئے عکس بند کرلیا۔

ویڈیو میں دیکھا گیا کہ شاہد خٹک، عمران خان سے پہلے جلسے کے اسٹیج پر چڑھنے کی کوشش کر رہے تھے جس پر عمران خان نے انہیں پیچھے دھکا دے کر روک دیا۔

شاہد خٹک کو کپتان کی جانب سے پیچھے روکنے کے باوجود وہ اسٹیج پر پہنچتے ہی دوبارہ عمران خان کے آگے کھڑے ہوگئے۔