بلوچستان کی ترقی کیلئے 1.6 ارب ڈالر مختص

19 اپريل 2014
اسلام آباد میں کابینہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ وہ خود ان منصوبوں کی نگرانی کریں گے۔ فائل فوٹو۔۔۔
اسلام آباد میں کابینہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ وہ خود ان منصوبوں کی نگرانی کریں گے۔ فائل فوٹو۔۔۔

اسلام آباد : وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ صوبے بلوچستان میں مختلف ترقیاتی منصوبوں پر 1.6 ارب ڈالر خرچ کئے جائیں گے ساتھ ہی گوادر کو ایک ماڈل شہر کے طور پر ترقی دی جا رہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم نے جمعہ کو اسلام آباد میں کابینہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں ترقی حکومت کے ترجیحی شعبہ جات میں شامل ہے۔

نواز شریف نے کہا کہ بلوچستان کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کرنے کے لئے ترقیاتی منصوبہ جات پر تیزی سے عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ گوادر کو ایک ماڈل شہر کے طور پر ترقی دی جا رہی ہے اور اس کیلئے سماجی و اقتصادی پیکیج وضع کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گوادر ائرپورٹ اور بندرگاہ جدید خطوط پر تیار کئے جا رہے ہیں۔

نواز شریف نے بتایا کہ ان منصوبوں پر 1.6 ارب ڈالر خرچ کئے جائیں گے اور وہ خود ان منصوبوں کی نگرانی کریں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان کیلئے سماجی و اقتصادی پیکیج میں صحت و تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں انسانی وسائل کی تربیت کے ذریعے ہنرمند افرادی قوت کی فراہمی شامل ہے جبکہ بلوچستان کے عوام کے لئے صحت و تعلیم کے بنیادی ڈھانچہ کی ترقی کی بھی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ قومی دولت (پبلک منی) مقدس ہے ، ہمیں اس کے منصفانہ اور صحیح استعمال کو یقینی بنانا چاہئے، وزیر اعظم نے کہا کہ معیشت ہماری اولین ترجیح ہے اور اس حوالے سے ملک کے تمام حصوں میں برابر توجہ دی جا رہی ہے۔

وفاقی کابینہ نے وزارت پٹرولیم و قدرتی وسائل کی جانب سے مسابقانہ بولی کے عمل کے ذریعے حاصل کئے جانے والے ایل این جی سروسز پروجیکٹ کے لئے 0.66 ڈالر/ایم ایم بی ٹی یو کے ٹیرف کی بھی منظوری دیدی۔

ٹیرف کیلئے پالیسی گائیڈ لائن اوگرا کو آگاہ کی جانی چاہئے، تجارتی معاہدے کے دیگر پہلوؤں کو دونوں فریقین ایس ایس جی سی اور ای پی ٹی ایل کے درمیان طے کیا جائے گا۔

وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی نے کابینہ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ایل این جی کی قیمت بین الاقوامی مارکیٹ کے ساتھ مسابقانہ ہے۔

انہوں نے بتایا کہ معاہدہ 15 سال کے لئے ہوگا اور پہلے سال میں 200 ایم ایم بی ٹی یو ایل این جی فراہم ہوگی اور دوسرے سال سے 400 ایم ایم بی ٹی یو تک بڑھائی جائے گی۔

تبصرے (0) بند ہیں