آئی فون 6 پلس کا بڑا نقص پکڑا گیا

اپ ڈیٹ 24 ستمبر 2014
آئی فون سکس اور آئی فون سکس پلس۔ — رائٹرز
آئی فون سکس اور آئی فون سکس پلس۔ — رائٹرز

آئی 6 پلس کے متعدد مالکان نے شکایت کی ہے کہ ان کا فون جیب میں رکھنے سے مڑجاتا ہے جو کہ بظاہر اس فون کا کوئی فیچر نہیں، ڈیزائن کی خرابی نظر آتی ہے۔

اس مہنگے فون کے متعدد مالکان نے ٹوئٹر پر تصاویر پوسٹ کیں جن میں فون کو مڑا ہوا دیکھا جاسکتا ہے۔

سوشل میڈیا ویب سائٹس پر اس خرابی کو ’بینڈ گیٹ‘ کے نام سے پکارا جارہا ہے۔ کچھ افراد نے مشورہ دیا ہے کہ فون کے درمیانے حصے پر زیادہ زور نہ پڑنے دیا جائے کیوں کہ بظاہر یہی فون کا کمزور حصہ ہے۔

ایپل کے ان نئے فونز کو ایلیمونیم دھات سے بنایا گیا ہے جو کہ گرم کرنے پر باآسانی مڑجاتی ہے۔


مزید پڑھیں: نئے ایپل سافٹ ویئر کی 15 سحر انگیز خصوصیات


خیال رہے کہ ایپل کے ان نئے فونز کی ریکارڈ سیل جاری ہے۔

ایپل نے پچھلے سال لانچ کے پہلے ہفتے میں نوے لاکھ فون فروخت کرنے کا اپنا ہی ریکارڈ توڑا ہے۔

ایپل کے چیف ایگزیکٹیو ٹم کک نے بتایا کہ آئی فون سکس اور آئی فو ن سکس پلس کی فروخت ان کی امیدوں سے کہیں زیادہ رہی اور وہ اس سے زیادہ خوش نہیں ہو سکتے۔

'ہم بڑے پیمانے پر سپلائی کی مدد سے مزید آئی فون فروخت کر سکتے تھے اور ہم جلد از جلد آرڈر پورے کرنے کی بھرپور کوششیں کر رہے ہیں'۔

آئی فون سکس کی سکرین 4.7 جبکہ آئی فون سکس پلس کی سکرین 5.5 انچ ہے۔

ماضی میں ایپل نے روایتی 4.0 انچ سکرین کے ساتھ ہی جڑے رہنے کا عہد کیا تھا تاہم نئے ماڈلز کی لانچ سےکمپنی نے تیزی سے 'فیبلٹ' مارکیٹ میں اپنا حصہ بنانے کے لیے پیش قدمی کی ہے۔

ایپل کا سب سے بڑا حریف اور ایشیا میں مقبول سام سنگ بڑے ہینڈ سیٹ مارکیٹ میں کافی عرصہ سے غلبہ رکھتا ہے اور وہ جلد ہی نیا گلیکسی نوٹ فور لانچ کرنے جا رہا ہے۔

ایپل کا کہنا ہے کہ فروخت کا اعلان ہونے کے چوبیس گھنٹوں میں انہیں چالیس لاکھ سے زائد آرڈر موصول ہو چکے تھے۔

تبصرے (1) بند ہیں

Ehsanullah Sep 27, 2014 12:47pm
Vbb