اگر آپ دو کامیاب ڈراموں 'داستان' اور 'ہمسفر' کو یکجا کردیں تو اس کا نتیجہ کیا برآمد ہوگا؟ یقیناً ایک کامیاب ڈرامہ۔

کم از کم مومنہ دُرید نے 'صدقے تمھارے' کی تیاریاں کرتے ہوئے یہی سوچا تھا 'دُختر' میں بہترین اداکاری پر ڈھیروں داد وصول کرنے والی سمیعہ ممتاز اور ماہرہ خان ڈرامے کی مرکزی اداکارائیں ہیں۔

جب کہ کہانی 'پیارے افضل' سے شہرت پانے والے خلیل الرحمان قمر کی تحریر کردہ ہے۔

ماہرہ خان کچھ عرصے سے اداکاری سے دور ہیں مگر اس ڈرامے کے ذریعے وہ گاؤں کی گوری کے کردار میں ایک بار پھر تہلکہ مچانے کے لیے تیار ہیں۔

بالخصوص ماہرہ کے مخصوص انداز میں ادا کردہ یہ مکالمہ 'محبت میں الہام نہ ہو تو فٹے منہ محبت کا' ناظرین میں پہلے ہی مقبول ہوگیا ہے۔

ماہرہ خان کی طویل عرصے بعد چھوٹی اسکرین پر دوبارہ واپسی ہو رہی ہے، انہیں ڈرامہ سیریل 'شہر زات' اور 'ہمسفر' سے شہرت ملی تھی۔

صدقے تمہارے میں عدنان ملک نے اس سیریل میں ماہرہ کے مقابل مرکزی کردار نبھایا ہے۔

ہم ٹی وی نیٹ ورک کے مطابق دیہی علاقے کے پس منظر میں بنائے گئے اس ڈرامے میں ماہرہ خان اور فلم ساز عدنان ملک کی، ممکنہ طور پر غمناک پریم کہانی دکھائی جائے گی۔

جن کی پہلی ملاقات گاؤں میں ہونے والی ایک شادی کے دوران ہوتی ہے اور پہلی ہی نظر میں دونوں ایک دوسرے کی محبت میں گرفتار ہوجاتے ہیں۔

روایتی غرارہ، پٹیالہ شلوار اور کڑھائی دار دوپٹے قمیص میں ملبوس ماہرہ ہمیشہ کی طرح حسین لگ رہی ہے۔

وہ عشق میں مبتلا گاؤں کی روایتی لڑکی کے کردار کو، جو راتوں میں چھپ چھپ کر محبت ناموں کا تبادلہ کرتی ہے، خوب انجوائی کرتی ہوئی نظر آرہی ہیں۔

اگرچہ کئی لوگ ایک قدرے غیر معروف اداکار کے ساتھ ماہرہ کی جوڑی کو پسند کرنے پر تیار نہیں ہیں، پھر بھی اس ڈرامے سے انھوں نے بہت سی توقعات وابستہ کرلی ہیں جس کی پہلی قسط آج (10 اکتوبر) رات 8 بجے ہم ٹی وی پر دکھائی جائے گی۔

تبصرے (0) بند ہیں