پشاور کا بولی وڈ سے گہرا تعلق

اپ ڈیٹ 09 دسمبر 2014
کپور ہاؤس کی تاریخی عمارت — آصف سعید فوٹو
کپور ہاؤس کی تاریخی عمارت — آصف سعید فوٹو

بولی وڈ کے لیجنڈ اداکار پرتھوی راج کپور پشاور کے رہائشی تھے جہاں ان کا آبائی گھر ڈھکی منور شاہ نامی تنگ گلی کے اندر ڈھکی نالبندی میں واقع تھا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اس خاندان میں اس سے پہلے کوئی بھی اداکاری میں دلچسپی نہیں رکھتا تھا اور 1929 میں بائیس سالہ پرتھوی راج کپور اپنے والد کی مرضی کے خلاف ایک فلم اسٹار بننے کا خواب لیے پشاور سے بمبئی کے لیے روانہ ہوئے۔

ایک سلطنت کے بانی

پرتھوی راج کپور 1941 کی فلم سکندر کے کردار میں— آصف سعید فوٹو
پرتھوی راج کپور 1941 کی فلم سکندر کے کردار میں— آصف سعید فوٹو

اپنے خواب کو تعبیر دیتے ہوئے درحقیقت پرتھوی راج کپور نے اندازوں سے بھی زیادہ کامیابی حاصل کرتے ہوئے ایک سلطنت کی بنیادی رکھی یعنی کپور خاندان، جسے عام طور پر "ہندوستانی سینما کی فرسٹ فیملی" کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔

پرتھوی راج کے بچے (راج کپور، شمی کپور اور ششی کپور)، رشی کپور سمیت دیگر پوتے پوتیاں اور ان کے بچے (کرشمہ، کرینہ اور رنبیر کپور) اب تک اپنے پردادا کے ورثے کو آگے بڑھا رہے ہیں۔

پرتھوی راج کے تینوں بیٹوں میں سے راج کپور کے حصے میں "ہندوستانی سینما کے عظیم ترین شومین" کا اعزاز آیا جن کی پیدائش پشاور کے آبائی گھر میں 1924 میں ہوئی جبکہ ان کے دیگر بھائی ہندوستان میں پیدا ہوئے۔

ریزہ ریزہ ہوتی شہرت

تہہ خانے کی جانب جاتی سیڑھیوں کا ایک منظر — آصف سعید فوٹو
تہہ خانے کی جانب جاتی سیڑھیوں کا ایک منظر — آصف سعید فوٹو

ڈھکی نالبندی اس زمانے میں اعلیٰ طبقے کا علاقہ مانا جاتا تھا اور کپور ہاﺅس ابتداء میں پانچ منزلہ عمارت پر مشتمل تھا جس میں ایک تہہ خانہ بھی تھا۔

بدقسمتی سے اس کی اوپری دو منزلیں کافی عرصے پہلے گر گئی تھیں اور اس وقت صرف تین منزلیں اور تہہ خانہ ہی باقی بچا ہے اور ان کی حالت بھی کچھ زیادہ اچھی نہیں۔

وقت گزرنے کے باوجود متاثر کن عمارت

عمارت کا ایک منظر— آصف سعید فوٹو
عمارت کا ایک منظر— آصف سعید فوٹو

اپنی تمام تر خستہ حالت کے باوجود یہ گھر اب بھی خوبصورتی کا شاہکار ہے خاص طور پر اس کے جھروکے تو بے مثال ہیں۔

یہ گھر اب پشاور میں رہائش پذیر ایک خاندان کی ملکیت ہے تاہم یہاں کوئی بھی مقیم نہیں۔

دو سال پہلے صوبائی حکومت نے اس گھر کو میوزیم کی شکل میں تبدیل کرنے کا اعلان کیا تھا تاہم اس منصوبے کو حتمی شکل نہیں دی جاسکی۔

تاریخی مقامات اور بازار

صحن کا ایک منظر— آصف سعید فوٹو
صحن کا ایک منظر— آصف سعید فوٹو

کپور ہاﺅس کے ارگرد کا علاقہ تاریخی طور پر بہت اہمیت رکھتا ہے، جن میں بالا حصار قلعہ، لیڈی ریڈنگ ہسپتال اور مہابت خان مسجد وغیرہ قابل ذکر جگہیں ہیں۔

پشاور کے کچھ بڑے بازار بھی یہاں قریب ہی واقع ہیں جن میں صرافہ بازار اور قصہ خوانی بازار تو عالمی شہرت رکھتے ہیں جبکہ اگر کوئی پشاور کے لذیذ ترین تکوں سے لطف اندوز ہونا چاہے تو وہ قریب ہی نمک منڈی کا رخ کرسکتا ہے جو قیمتی پتھروں کے حوالے سے بھی ایک معروف بازار ہے۔

پشاور اور بولی وڈ کا تعلق

عمارت کی خستہ حالی— آصف سعید فوٹو
عمارت کی خستہ حالی— آصف سعید فوٹو

پشاور کا بولی وڈ سے مضبوط تعلق قائم ہے یہاں سے صرف پرتھوی راج کپور نے ہی بمبئی فلم نگری کو تسخیر نہیں کیا بلکہ لیجنڈ دلیپ کمار بھی اسی شہر کے باسی تھے جبکہ شاہ رخ خان کے والد اور ہندی سینما کی وینس کہی جانے والی مدھوبالا کے باپ کا تعلق بھی اسی شہر تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں