جانباز اعتزاز سال 2014 کیلئے ہیرالڈ کی بہترین شخصیت

01 جنوری 2015
جانباز طالبعلم اعتزاز حسن۔ فائل فوٹو اے ایف پی
جانباز طالبعلم اعتزاز حسن۔ فائل فوٹو اے ایف پی

ہنگو کے اسکول پر خود کش حملے کو ناکام بنانے کی کوشش میں جان کی بازی ہارنے والے 16 سالہ طالبعلم اعتزاز حسن کو سال 2014 کے لیے ’ہیرالڈ‘ کی بہترین شخصیت منتخب کیا گیا ہے۔

گزشتہ سال جنوری میں ہنگو کے اسکول پر خود کش حمہ کرنے کی کوشش کی گئی لیکن جانباز اعتزاز نے حملہ ناکام بنانے کے لیے اپنی جان کی بازی لگا دی۔

ہیرالڈ کی سال کی بہترین شخصیت کا ایوارڈ اس پاکستانی شخصیت کو دیا جاتا ہے جو سال بھر خبروں کی دنیا پر چھائے رہے اور انہوں نے اس سال کوئی اہم کام کیا ہو۔

16 دسمبر کو پشاور اسکول پر کیے گئے بہیمانہ حملے کے بعد اعتزاز کی قربانی کو مزید سراہا گیا اور وہ تین طرز کے ووٹنگ کے عمل کے فاتح ٹھہرے۔

ووٹنگ کے لیے آن لائن، بذریعہ پوسٹ اور 10 نامور پاکستانیوں پر مشتمل پینل کی رائے کو مدنظر رکھا گیا۔

حتمی نتیجے میں اعتزاز 24.1 فیصد ووٹ لے کر سرفہرست رہے جبکہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان محض چند ووٹ کی کمی سے دوسرے نمبر پر رہے۔

عمران خان کو سال 2014 میں ملک کی سب سے بڑی سیاسی تحریک چلانے پر اس فہرست کا حصہ بنایا گیا تھا۔

اس فہرست میں شامل دیگر امیدواروں میں توہین مذہب مقدمے کی پیروی کے دوران قتل کیے جانے والے راشد رحمان کے ساتھ اسٹریٹ چائلڈ فٹبال ورلڈ کپ میں تیسرے نمبر پر آنے والے لیاری کے فٹبالر بھی شامل تھے۔

ہیرالڈ کی سال کی بہترین شخصیات کی نامزدگیوں میں ایک اور قابل ذکر نام لاپتہ بلوچ کی واپسی کے لیے مہم چلانے والے ماما قدیر کا ہے جبکہ امن کے نوبیل انعام حاصل کرنے والی ملالہ یوسفزئی بھی امیدواروں میں شامل تھیں۔

دیگر شخصیات میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف، ٹی وی کے نامور میزبان حامد میر، تجربہ کار کرکٹر یونس خان اور رواں سال مقامی فلموں میں ڈیبیوں کرنے والے ڈائریکٹرز شامل ہیں۔

نوبیل انعام یافتہ اور 2012 میں ہیرالڈ کی بہترین شخصیت کا اعزاز حاصل کرنے والی ملالہ یوسفزئی نے اعتزاز حسن کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ملک میں بہادر لوگوں کی کمی نہیں، اعتزاز کی کہانی ہمت، بہادری اور جرات کی تابندہ مثال ہے۔

تبصرے (4) بند ہیں

حسین عبداللہ Jan 01, 2015 10:56am
اعتزاحسن بلاشبہ اس سے بڑے انعام کا مستحق ہے اس کی بہادری ایک مثال ہے کیونکہ یہ صرف بہادری نہیں بلکہ اس بہادری میں جانبازی بھی ہے ایک جذبہ بھی جو یہ سیکھاتا ہے کہ دوسروں کو بچانے کے لئے جان بھی قربان کرنا پڑے تو کرلو یہ جذبہ ایک محب وطن ایک سچے مسلمان میں ہوا کرتا ہے ایک سپاہی کی سوچ کا عکاس جذبہ ہے
Asif Ali Jan 01, 2015 12:45pm
ایک وہ خود کش تھا جو بچوں کو مارنے نکلا تھا اور ایک اعتزاز تھا جو بچوں کو بچانے کے لیئے کھڑا ہو گیا۔ اعتزاز نے پوری قوم کو ایک پیغام دیا کہ اگر کچھ لوگ جان لینے کیلئے جان دے سکتے ہیں۔ تو کچھ لوگ دوسروں کی جان بچانے کیلئے جان دے بھی سکتے ہیں۔
محمد عابس Jan 01, 2015 05:10pm
اعتزاز کی قربانی ہیرالڈ جیسے اعزازات سے کہیں بڑھ کر ہے۔ شہید نے اپنی جان دے قوم کو یہ پیغام دیا کہ جب ناانصافی قانون بن جائے تو مزاحمت فریضہ بن جاتی ہے۔
[email protected] Jan 02, 2015 09:01pm
Etiza Ehsan deserved it. He made a new history of sacrifice and proved to be an exemplary character for the coming generations. My salute to this SHAHEED-RAH-e-Allah Taala.