لالہ سدھیر کو گزرے 18 برس بیت گئے

اپ ڈیٹ 19 جنوری 2015
پاکستانی اداکار سدھیر — اسکرین شاٹ
پاکستانی اداکار سدھیر — اسکرین شاٹ

تانگے والا خیر منگدا جیسے متعدد لازوال گیتوں کو اپنی اداکاری سے امر کرنے والے پاکستان کے پہلے ایکشن ہیرو کا خطاب پانے والے لالہ سدھیر کو جہان فانی سے رخصت ہو ئے آج 18 برس بیت گئے۔

شاہ زماں المعروف سدھیر زندہ دلوں کے شہر لاہور میں 1922 کو پیدا ہوئے، وہ پاکستان فلم انڈسٹری کے معماروں میں شامل تھے۔

معاملہ فہم اور درد مند انسان ہونے کے باعث انہیں فلم انڈسٹری میں عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا تھا۔ فلم انڈسٹری سے وابستہ لوگ انہیں لالہ سدھیر کہہ کر پکارتے تھے، وہ اداکاروں کی تنظیم کے چیئرمین بھی رہے۔

قیام پاکستان کے بعد سدھیر کی پہلی فلم "ہچکولے" تھی، اسی دور میں ان کی فلم "دوپٹہ" مقبول ہوئی، جس میں وہ نورجہاں اور اجے کمار کے مقابل جلوہ گر ہوئے، جبکہ 1956 میں فلم "ماہی منڈا" اور "یکے والی" نے سدھیر کو بام عروج پر پہنچا دیا۔

ماہی منڈا کا یہ گیت تو بہت مقبول ہوا "جھوٹیے جہان دیے"۔

` `

اس دور کی ہیروئین شمی کو اپنا شریکِ حیات بنانے والے لالہ سدھیر کو جنگ و جدل پر مبنی فلموں میں بہترین پرفارمنس پر جنگجو ہیرو کا خطاب بھی دیا گیا۔

سدھیر نے 200 سے زائد فلموں میں اپنے وقت کی معروف ہیروئینوں کے مقابل مختلف کردار کئے، جن میں نورجہاں، صبیحہ خانم، مسرت نذیر، یاسمین، آشا بھوسلے، لیلیٰ، راگنی، زیبا، دیبا، شمیم آرا، ریحانہ، نئیر سلطانہ، حسنہ، نیلو، نجمہ، فردوس، نغمہ، سلونی، شیریں، بہار بیگم اور رانی نمایاں ہیں۔

ان کی مقبول فلموں میں دوپٹہ، سسی، کرتار سنگھ، بغاوت، یکے والی، جی دار، حکومت، چاچا خوامخواہ، ڈاچی، ماں پتر، ابا جی، چٹان، جانی دشمن، لاٹری، ٹھاہ اور ان داتا شامل ہیں۔

معروف گلوکار عنایت حسین بھٹی اور لالہ سدھیر کا اشتراک بہت مقبول رہا جن کے اشتراک سے کئی یادگار گیتوں نے جنم لیا، جن میں "چن میرے مکھناں" اب بھی لوگوں کی زبان پر رواں ہے۔

انہیں 1970 میں پنجابی فلم "ماں پتر" اور 1974 میں ایک اور پنجابی فلم "لاٹری" پر بہترین اداکار کا نگار ایوارڈ دیا گیا۔

لالہ سدھیر 19 جنوری 1997 میں اس جہاں فانی سے رخصت ہوگئے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں