جسٹس نسیم حسن شاہ انتقال کرگئے

03 فروری 2015
پاکستان سپریم کورٹ کے سابق چیف جسٹس، جسٹس نسیم حسن شاہ — فوٹو: بشکریہ ویب سائٹ اقبال منزل
پاکستان سپریم کورٹ کے سابق چیف جسٹس، جسٹس نسیم حسن شاہ — فوٹو: بشکریہ ویب سائٹ اقبال منزل

سپریم کورٹ آف پاکستان کے سابق چیف جسٹس نسیم حسن شاہ انتقال کرگئے ہیں۔

جسٹس (ر) نسیم حسن شاہ 17اپریل 1993 کو چیف جسٹس سپریم کورٹ مقرر ہوئے اور 14 اپریل 1994 کو 65 سال کی عمر میں سپریم کورٹ سے ریٹائر ہوئے۔

انہیں سابق وزیراعظم ذوالفقارعلی بھٹو کو سزائے موت سنانے والے سپریم کورٹ کے بینچ کا ممبر ہونے کی وجہ سے بھی خاصی شہرت ملی جب کہ ان کے تاریخی فیصلوں میں سے ایک اس وقت کے صدر غلام اسحاق خان کی جانب سے تحلیل کی جانے والی پارلیمنٹ کی بحالی بھی تھا۔

پندرہ اپریل 1929 کو لاہور میں پیدا ہونے والے جسٹس (ر) نسیم حسن شاہ پاکستان اور بھارت کی تاریخ میں سب سے طویل عرصے تک جج کی حیثیت سے فرائض انجام دینے کا اعزاز بھی رکھتے تھے۔

نسیم حسن شاہ نے پیرس یونیورسٹی سے ڈاکٹریٹ آف لاء کیا جس کے بعد وہ 39 سال کی عمر میں ہائی کورٹ کے جج مقرر کردیئے گئے۔

انہیں 1993 اور 1994 کے دوران پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیرمین رہنے کا بھی اعزاز حاصل ہے جب کہ وہ ٹیزن میڈیا کمیشن آف پاکستان کے بانی چیرمین بھی تھے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں