جائیداد کے مبینہ تنازعے میں پانچ افراد کا ’اجتماعی قتل‘

21 فروری 2015
منڈی بہائوالدین میں جائیداد کے مبینہ تنازعے پر ایک ہی خاندان کے پانچ افراد قتل — فائل فوٹو
منڈی بہائوالدین میں جائیداد کے مبینہ تنازعے پر ایک ہی خاندان کے پانچ افراد قتل — فائل فوٹو

منڈی بہائوالدین: پنجاب کے ضلع منڈی بہاؤالدین کے علاقے میں جائیداد کے تنازعے پر ایک ہی خاندان کے پانچ افراد کا ’اجتماعی قتل‘ کردیا گیا۔

منڈی بہاؤالدین میں تھانہ سول لائن کی حدود میں چچا نے اپنے ایک ساتھی کے ساتھ مل کراپنی بھابھی، دو بھتیجیوں اورایک بھتیجے کو قتل کردیا جبکہ والد کو زخمی حالت میں چھوڑ کر فرار ہوگیا۔

واقعے میں زخمی ہونے والا 60 سالہ بزرگ مقتول علی ہسپتال میں دوران علاج ہلاک ہوگیا۔

امانت علی نے اپنے آخری بیان میں پولیس کو بتایا کہ جائیداد کی خاطر اس کے بیٹے نے اس کی بہو شمیم بی بی اور اس کے ایک پوتے اور دو پوتیوں کا قتل کیا ہے جبکہ اس کو بھی قتل کرنے کی کوشش کی گئی ہیں۔

اہل محلہ کے مطابق شمیم بی بی کو ان کے خاوند نے طلاق دے دی تھی وہ اپنے بچوں کے ساتھ محلہ رشیدآباد میں مقیم تھیں۔

ان کا سسر سلامت علی بھی اپنی بہو کے ساتھ ہی مقیم تھا اور انہوں نے مکان اپنے پوتوں کے نام کردیا تھا جس کا ملزمان کو رنج تھا۔

مقتولہ شمیم کی بڑی بیٹی انم نے پولیس کو بتایا کہ واقعے کی رات ان کا چچا اکرام ایک نامعلوم شخص کے ساتھ ان کے گھر آیا تھا۔

انم کا کہنا تھا کہ چچا نے اپنے ساتھی کے ساتھ مل کر ان کی والدہ 45سالہ شمیم بی بی، ان کے بھائی 22 سالہ سلمان علی، دو بیٹیوں 20سالہ کرن، 21 سالہ ارم کو تیز دھار آلہ کے ساتھ قتل کردیا جبکہ ان کے دادا امانت علی کو شدید زخمی کردیا تھا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ملزمان کارروائی کے بعد موقع سے فرار ہوگئے۔

پولیس تھانہ سول لائن نے مقتولہ کی بیٹی انم کی درخواست پر ان کے چچا سمیت دو ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔

دوسری جانب ڈی پی او راجہ بشارت نے واقعے میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کیلئے ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں