قتل کے ایک اور مجرم کے ڈیتھ وارنٹ جاری

اپ ڈیٹ 16 مارچ 2015
مجرم اظہر عرف بھولا نے 20 سال قبل دیرینہ دشمنی پر ایک شخص کو فائرنگ کرکے قتل کیا تھا۔ اے پی فائل فوٹو۔
مجرم اظہر عرف بھولا نے 20 سال قبل دیرینہ دشمنی پر ایک شخص کو فائرنگ کرکے قتل کیا تھا۔ اے پی فائل فوٹو۔

منڈی بہاؤالدین: صدر مملکت ممنون حسین کی طرف سے قتل کے مجرم اظہر عرف بھولا کو پھانسی دینے کے ڈیتھ وارنٹ گجرات جیل حکام کو موصول ہوگئے ہیں۔

مجرم کو 18مارچ کو پھندہ پر لٹکا دیا جائے گا جس کے انتظامات بھی مکمل کرلئے گئے ہیں۔

پولیس تھانہ پھالیہ کو مجرم کے ورثا کو آخری ملاقات کا پیغام دے دیاگیا۔ مجرم نے20سال قبل شان علی تارڑ کو دیرینہ دشمنی پر فائرنگ کرکے قتل کیا تھا۔

مزید پڑھیں: فیصل آباد میں دو قیدیوں کو پھانسی دے دی گئی

پھانسی دئیے جانے کے لئے گجرات جیل حکام نے ضروری انتظامات مکمل کرلئے گئے،مجرم اظہرعرف بھولا نے 1995میں نواحی گاؤں سلیمان میں مقتول شان علی تارڑ کو قتل کیا تھا جس کے جرم میں اسکے خلاف تھانہ پھالیہ میں مقدمہ درج کیاتھا۔

مجرم کی اسکے ورثا سے 17مارچ کو آخری ملاقات کروانے کے سلسلہ میں پھالیہ تھانہ کوآگاہ کردیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پھانسی پر عائد پابندی مکمل طور پر ختم

واضح رہے کہ ملک کی سابق حکمران جماعت پیپلزپارٹی نے اپنے دور اقتدار میں سزائے موت پر غیراعلانیہ پابندی عائد کررکھی تھی تاہم دسمبر 2014 میں سانحہ پشاور کے بعد اس پر ایک مرتبہ پھرعمل درآمد شروع ہوا اور اب تک 27 مجرموں کو پھانسی دی جاچکی ہے۔

پہلی پھانسی 19 دسمبر کو فیصل آباد کی ڈسٹرکٹ جیل میں دو مجرموں عقیل احمد عرف ڈاکٹر عثمان اور ارشد مہربان کو دی گئی تھی۔ دونوں مجرموں کو سابق صدر پرویز مشرف پر حملے کے الزام میں پھندے سے لٹکایا گیا۔

قبل ازیں صرف دہشت گردی کے کیسز میں پھانسیوں پر عمل درآمد کیا جارہا تھا تاہم اب موجودہ حکومت کا کہنا ہے کہ تمام کیسز پر موت کی سزا پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے گا اور گزشتہ دنوں ٹوبہ ٹیک سنگھ میں پھانسی کی سزا پانے والا محمد صدیق اس حوالے سے پہلا مجرم تھا۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل کے اندازے کے مطابق پاکستان میں 8000 سے زائد افراد موت کی سزا کے منتظر ہیں جن میں سے زیادہ تر کی اپیلیں مسترد کی جاچکی ہیں۔

پابندی اٹھائے جانے پر انسانی حقوق کی تنظیموں اور یورپی یونین نے پاکستانی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں