مانسہرہ: جیپ کھائی میں گرنے سے 10 افراد ہلاک

20 مارچ 2015
امدادی کارکن ہلاک ہونے والوں کی لاشیں منتقل کر رہے ہیں—۔فائل فوٹو/ اے ایف پی
امدادی کارکن ہلاک ہونے والوں کی لاشیں منتقل کر رہے ہیں—۔فائل فوٹو/ اے ایف پی

مانسہرہ: خیبر پختونخوا کے ڈسٹرکٹ مانسہرہ میں تیز رفتاری کے باعث جیپ کھائی میں گرنے سے 6 خواتین سمیت ایک ہی خاندان کے 10 افراد ہلاک ہوگئے۔

نمائندہ ڈان نیوز کے مطابق جمعے کو ڈسٹرکٹ مانسہرہ کے قصبے بالاکوٹ سے سنگڑ جانے والی جیپ تیز رفتاری کے باعث ڈرائیور سے بے قابو ہوکر کھائی میں جاگری۔

حادثے کے نتیجے میں جیپ میں سوار ایک ہی خاندان کے 10 افراد ہلاک ہوگئے، جن میں 6 خواتین بھی شامل ہیں، جبکہ تین افراد زخمی ہوئے۔

اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور کھائی سے لاشوں اور زخمیوں کو نکال کر ہسپتال منتقل کرنے کے لیے امدادی کارروائیاں شروع کردی گئیں۔

ہلاک شدگان کی لاشیں ان کے آبائی گاؤں روانہ کردی گئیں جبکہ زخمیوں کو مانسہرہ کے شاہ عبداللہ تدریسی ہسپتال منتقل کیا گیا۔

بعد ازاں ایک زخمی کو انتہائی تشویش ناک حالت میں ایبٹ آباد کے ایوب میڈیکل ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

پولیس کے مطابق کار میں سوار خاندان، عمرے کی ادائیگی کرکے آنے والے نواز نامی ایک شخص کو ایئرپورٹ سے لے کر واپس گھر جارہا تھا کہ حادثہ پیش آیا۔

دشوارگزار پہاڑی علاقے اور گہری کھائیوں کے باعث مانسہرہ اور گردو نواح میں اکثر اوقات تیز رفتاری کے باعث ٹریفک حادثات رونما ہوتے رہتے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں