'رینجرز دائرہ اختیار میں رہ کر کام کرے'

17 جون 2015
وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ— فائل فوٹو
وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ— فائل فوٹو

وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے رینجرز کو اپنے دائرہ اختیار میں رہتے ہوئے کام کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

وزیراعلی سندھ نے ڈی جی رینجرز کو ایک خط ارسال کیا جس میں سندھ بلڈنگ کنڑول اتھارٹی کے دفتر میں رینجرزکے چھاپے کواختیارات سے تجاوز اورمعاملات میں مداخلت قرار دیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے رینجرز کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے دائرے میں رہ کر کام کرے۔

قائم علی شاہ نے خط کی کاپی وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار کو بھی ارسال کی ہے۔

وزیراعلیٰ نے اپنے خط میں تحریر کیا ہے کہ کراچی میں رینجرز کی تعیناتی آئین کی شق 147 اور انسداد دہشتگردی ایکٹ 1997 کے تحت ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ رینجرز کا کام دہشتگردانہ سرگرمیوں کی روک تھام یا انسداد دہشتگردی ایکٹ 1997 کے مطابق نوٹیفائیڈ علاقوں میں دہشت گردوں کو سزا دینا ہے، تاہم پندرہ جون کو کراچی بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی اور لائن ایریا ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کے دفاتر میں چھاپے اور وہاں کے عہدیداراں کو ہراساں کرنے سے ظاہر ہوتا ہے کہ رینجرز نے اپنے اختیارات سے تجاوز کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دیئے گئے مینڈیٹ سے باہر نکل کر اس طرح کے واقعات ناقابل برداشت ہیں اور رینجرز کو طے کردہ قانونی دائرے کے مطابق کام کرنا چاہئے۔

تبصرے (0) بند ہیں