ہندوستان نے 88 پاکستانی ماہی گیر رہا کردیئے

اپ ڈیٹ 20 جون 2015
ایک روز قبل پاکستان نے بھی 113 ہندوستانی ماہی گیروں کو رہا کرتے ہوئے وطن واپس بھیج دیا تھا— اے ایف پی فائل فوٹو
ایک روز قبل پاکستان نے بھی 113 ہندوستانی ماہی گیروں کو رہا کرتے ہوئے وطن واپس بھیج دیا تھا— اے ایف پی فائل فوٹو

نئی دہلی : ہندوستان نے جذبہ خیرسگالی کے تحت 80 سے زائد پاکستانی ماہی گیروں کو رہا کردہا۔

یہ اقدام اس وقت کیا گیا جب ایک روز قبل پاکستان نے بھی 113 ہندوستانی ماہی گیروں کو رہا کرتے ہوئے وطن واپس بھیج دیا تھا اور یہ فیصلہ دونوں ممالک کے وزرائے اعظم کے درمیان گزشتہ دنوں ہونے والی ٹیلیفونک بات چیت میں کیا گیا تھا۔

ایک عہدیدار نے بتایا کہ پاکستانی ماہی گیروں کی رہائی کی تصدیق نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن نے کی ہے جس کا کہنا ہے کہ ریاست گجرات کی دو مختلف جیلوں میں تین سال سے قید 88 پاکستانی ماہی گیروں کو رہا کردیا گیا ہے اور توقع ہے کہ انہیں 21 جون کو واہگہ بارڈر پر پاکستانی حکام کے حوالے کردیا جائے گا۔

ہندوستان میں قید پاکستانی ماہی گیروں کی رہائی کے لیے قانونی اور سفارتی طریقہ کار کا خیال رکھنے والی فشر مین کوآپریٹو سوسائٹی کے ویلفیئر آفیسر غلام رسول شیخ نے بتایا " پاکستانی ماہی گیروں کو دو گروپس میں 21 اور 22 جون کو واہگہ بارڈر پر پاکستانی حکام کے حوالے کیا جائے گا"۔

انہوں نے مزید بتایا " ان 88 ماہی گیروں کی رہائی کے بعد ہندوستانی جیلوں میں باقی رہ جانے والے ماہی گیروں کی تعداد 53 رہ جائے گی۔ دوسری جانب پاکستانی جیلوں میں اب بھی تین سو کے قریب ہندوستانی ماہی موجود ہیں، مگر یہ حقیقت ذہن میں رکھنا چاہئے کہ ایک سال کے دوران ہم نے 1200 ہندوستانی ماہی گیروں اور ان کی 57 کشتیوں کو چھوڑا ہے"۔

ان کا کہنا تھا کہ اس کے جواب میں ہندوستان کی جانب سے آج رہا کیے جانے والے 88 ماہی گیروں کو نکال کر صرف 90 افراد کو چھوڑا گیا۔

غلام رسول شیخ کے مطابق ہندوستانی قبضے میں موجود 130 پاکستانی فشنگ بوٹس میں سے کسی ایک کو بھی گزشتہ ایک برس کے دوران پاکستان کے حوالے نہیں کیا گیا۔

تبصرے (0) بند ہیں