سکھر: ملک اور جعفری برادریوں کے درمیان دس برس پرانے خونی تنازعے کو ختم کرنے کے لیے منگل کو کندھ کوٹ کشمور ضلع کے علاقے کرم پور میں ایک جرگہ منعقد ہوا۔

دونوں فریقین میں اختلافات کاروکاری کے الزام پر حسینہ اور دادن جعفری کے قتل پر پیدا ہوئے تھے۔

رپورٹس کے مطابق اس جرگے کی صدارت سردار محبوب علی بجارانی نے کی اور دونوں برادریوں کے افراد، ان کے رشتہ دار اور حمایتیوں نے اس جرگے میں شرکت کی۔

دونوں فریقین کے بیانات سننے کے بعد جرگے نے اکبر خان ملک کے گروپ کو سائیں بخش جعفری کے قتل اور تین دیگر لوگوں کو زخمی کرنے کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے اکبر خان ملک پر 29 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا۔

دو افراد صابر ملک اور مصطفٰے ملک کے قتل، زمین پر قبضہ، ٹریکٹر کو نذرآتش کرنے اور دیگر نقصانات نواب جعفری کے گروپ کے خلاف ثابت ہوئے۔ جرگے نے جعفری برادری کے نواب پر 54 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا۔

تاہم حسینہ اور دادن جعفری کے قتل پر کوئی جرمانہ عائد نہیں کیا گیا، بلکہ جرگے نے اس قتل کو ’غیرت کے نام پر قتل‘ قرار دے دیا، جس سے دونوں فریقین نے اتفاق کیا۔

یاد رہے کہ ان دونوں کو کاروکاری کے الزام کے تحت ملک برادری کے لوگوں نے گاؤں صلاحی ملک میں ہلاک کردیا تھا۔

جرمانے کی کچھ رقم موقع پر ہی ادا کردی گئی، جبکہ یہ فیصلہ کیا گیا کہ جعفری برادری بقایا رقم پانچ پانچ لاکھ کی چار قسطوں میں ادا کرے گی۔

اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ ایک دوسرے کے خلاف درج کرائے گئے مقدمات بھی قانونی طور پر واپس لے لیے جائیں گے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں