بولی وڈ کی دلخراش اموات

بولی وڈ کی دلخراش اموات

شوبز کی دنیا باہر سے جتنی خوبصورت اور دلکش نظر آتی ہے اندر سے اتنی ہی مشکلات سے بھرپور ہوتی ہے۔

بولی وڈ کے اداکاروں کو دیکھ کر لوگ ان کی زندگی جیسی زندگی حاصل کرنے کی خواہش کرنے لگتے ہیں مگر بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ یہ دنیا باہر سے دیکھنے میں جتنی دلکش ہے اندر سے انتی ہی خطرناک بھی ہے۔

اداکار جنہیں ہم اس دنیا کے خوش قسمت لوگوں میں تصور کرتے ہیں دراصل ذاتی زندگی میں مشکلات کا شکار ہوتے ہیں۔

شوبز کی کئی شخصیات ایسی ہیں جن کی اچانک موت اور ان کے پیچھے چھپی وجوہات جان کر لوگوں کو شوبز کی دنیا کے اصل چہرے کا اندازہ ہوسکتا ہے۔

پروین بابی

فوٹو — فلم اسکرین شاٹ
فوٹو — فلم اسکرین شاٹ

بولی وڈ کی خوبصورت اداکارہ پروین بابی 1954 میں 4 اپریل کو پیدا ہوئی تھی۔ انہوں نے اپنے شوبز کیرئیر میں بولی وڈ فلموں کے ساتھ ساتھ ماڈلنگ میں بھی کام کیا تھا۔ پروین بابی نے اپنے بولی وڈ دور میں کئی ایوارڈ حاصل کیے۔ ان کی بہترین فلموں میں نمک حلال، امر اکبر اینتھونی اور شان شامل ہیں۔ پروین بابی شوبز کی دنیا میں جتنی خوبصورت اور دلکش زندگی گزار رہی تھیں ان کی ذاتی زندگی اتنی ہی تنہا رہیں۔ اداکارہ نے کبھی بھی شادی نہیں کی البتہ اپنے ساتھ کام کرنے والے متعدد اداکاروں اور ہدایت کاروں کے ساتھ ان کے رشتے کی افواہیں میڈیا میں گردش کرتی رہیں۔ پروین بابی اپنے گھر میں مردہ حالت میں پائی گئی البتہ ان کی موت کی وجہ فوری طور سامنے نہیں آسکی تھی۔ انڈین میڈیا کے مطابق پروین بابی ذیابیطس کی بیماری کا شکار تھیں جس کی باعث ان کا انتقال ہوا۔

مدھو بالا

فوٹو — فلم اسکرین شاٹ
فوٹو — فلم اسکرین شاٹ

ہندوستان کی کامیاب فلموں میں سے ایک مغل اعظم کی اداکارہ مدھو بالا جن کا اصل نام ممتاز جہاں تھا، کا انتقال 1969 میں دل کے مرض کے باعث ہوا۔ مدھوبالا کو بولی وڈ کی خوبصورت ترین اداکارہ کہا جاتا تھا جو ہر فلم میں اپنی خوبصورتی سے دیکھنے والوں کا دل جیت لیتی تھیں مگر اپنی ذاتی زندگی میں انہیں متعدد مسائل کا سامنا کرنا پڑاجس کے بعد وہ مختلف بیماریوں میں مبتلا ہوگئیں۔ مدھو بالا نے بولی وڈ کی کئی فلموں میں بے مثال اداکاری کے جوہر دکھائے جس کے باعث وہ آج بھی اپنے مداحوں کے دلوں میں زندہ ہیں۔

مینا کماری

فوٹو — فلم اسکرین شاٹ
فوٹو — فلم اسکرین شاٹ

مینا کماری نے بولی وڈ میں کئی بہترین فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔ وہ یکم اگست 1932 کو پیدا ہوئیں۔ ان کی مقبول فلموں میں پاکیزہ، بھیگی رات اور پھول اور پتھر شامل ہیں۔ مینا کماری کا انتقال 40 سال کی عمر میں ہوا۔ ان کی موت کی وجہ منشیات کی لت سے جگر کا خراب ہونا تھا۔

جیا خان

فوٹو — اے ایف پی
فوٹو — اے ایف پی

20 فروری 1988 کو پیدا ہونے والی بولی وڈ اداکارہ جیا خان کا اصل نام نفیسہ رضوی خان تھا۔ جیا خان بولی وڈ کی کچھ فلموں میں نظر آئیں جن میں گجنی اور ہاؤس فل قابل ذکر ہیں۔ جیا خان 3 جون 2013 کو پراسرار حالات میں دنیا سے رخصت ہوئیں ۔ اداکارہ نے اپنے گھر میں پنکھے سے لٹک کر خودکشی کی تھی جس کے بعد میڈیا میں کافی عرصے تک ان کی موت کی وجہ کی خبریں سامنے آتی رہیں۔ جیا خان کی موت کے بعد ان کے سابقہ دوست اداکار سورج پنچولی کا نام بھی کئی بار سامنے آیا البتہ اب تک اس بات کا پتہ نہیں چلا کہ اداکارہ جیا خان کی موت کی وجہ کیا تھی۔

دیویا بھارتی

فوٹو — فلم اسکرین شاٹ
فوٹو — فلم اسکرین شاٹ

دیویا بھارتی نے بولی وڈ میں 1990 میں قدم رکھا جس کے بعد ایک کے بعد ایک بہترین فلم دے کر انہوں نے مداحوں کے دلوں میں اپنی جگہ بنالی۔ انہوں نے اپنے شوبز کیرئیر میں کئی ایوارڈز بھی حاصل کیے۔ دیویا بھارتی کا انتقال محض 19 سال کی عمر میں 1993 میں پراسرار حالات میں اس وقت ہوا جب اداکارہ اپنے 5 منزلہ اپارٹمنٹ سے نیچے گر گئی، مگر اب تک دیویا کی موت کی وجہ سامنے نہیں آسکی کہ انہیں کسی نے گرایا یا وہ خود گری۔ دویا نے شوبز میں بہت ہی کم عرصے کام کیا لیکن انہوں نے اپنی بہترین اداکاری سے آج بھی اپنے مداحوں کے دل میں جگہ بنائی ہوئی ہے۔

گرو دت

فوٹو — فلم اسکرین شاٹ
فوٹو — فلم اسکرین شاٹ

گرو دت بولی وڈ کے مشہور ہدایت کار، پروڈیوسر اور اداکار تھے۔ وہ 9 جولائی 1925 کو پیدا ہوئے۔ انہوں نے بولی وڈ کی متعدد مقبول فلموں میں کام کیا جس میں پیاسا، کاغذ کے پھول، صاحب بیوی اور غلام شامل ہیں۔ 10 اکتوبر 1964 کو گرو دت اپنے بستر پر مردہ حالت میں پائے گئے۔ان کی موت کی وجہ بہت زیادہ شراب پینا اور نیند کی گولیوں کا استعمال بتائی گئی۔ گرو دت کی موت کو لوگوں نے خودکشی بھی کہا۔ بولی وڈ کے اس مشہور اداکار کو آج بھی ان کے مداحوں نے یاد رکھا ہوا ہے۔