بولی وڈ کی دلکش اداکارہ عالیہ بھٹ کا کہنا ہے کہ اگر انہیں کبھی کسی مشہور شخصیت کی زندگی پر فلم کرنے کا موقع ملے تو وہ برصغیر میں پاپ میوزک کی بنیاد رکھنے والی پاکستانی گلوکارہ نازیہ حسن ہوں گی۔

انڈین ایکسپریس کے مطابق عالیہ بھٹ کا کہنا تھا کہ اگر انہیں ایسی کوئی فلم کرنے کا موقع ملا تو وہ فوراً اس میں اداکاری کریں گی، عالیہ کے مطابق ’کوئین آف پاپ‘ نازیہ حسن پاکستان کی بے مثال گلوکارہ تھیں جو بہت کم عمر میں اس دنیا سے رخصت ہوگئیں۔

عالیہ کے مطابق نازیہ کی طرح وہ بھی ایک گلوکارہ ہیں اس لیے وہ ایسی فلم کر سکتی ہیں۔

یاد رہے کہ نازیہ حسن نے پندرہ سال کی عمر میں ہندوستانی فلم ’’قربانی‘‘ کے لیے ”آپ جیسا کوئی میری زندگی میں آئے“ گانا گایا تھا جس کے بعد وہ کامیابی کی ایک کے بعد ایک سیڑھی طے کرتی گئیں۔

گلوکارہ نازیہ حسن 13 اگست 2000 میں کینسر کی بیماری کے باعث 35 برس کی عمر میں انتقال کرگئیں۔

فلمی صنعت میں اس وقت مشہور شخصیات کی زندگیوں پر فلم بنانے کا رجحان بڑھتا جارہا ہے۔

پاکستان میں اس سال افسانہ نگار سعادت حسن منٹو کی زندگی پر فلم 'منٹو' اور باکسر حسین شاہ کی زندگی پر بنائی گئی فلم ’شاہ‘ بنائی گئی جب کہ ہندوستان میں دسرت سنگھ منجھی کی زندگی پر فلم ’منجھی دی ماؤنٹین مین‘ کافی مقبول ثابت ہوئی۔

عالیہ بھٹ اس وقت فلم ’شاندار‘ کی تشہیر میں مصروف ہیں جس میں ان کے ہمراہ اداکار شاہد کپور اہم کردار کرتے نظر آئیں گے۔

تبصرے (0) بند ہیں