پشاور: پشاور میں بدھ کو سانحہ اے پی ایس کا ایک سال مکمل ہونے کی تقریب میں ملک کی اعلی ترین سویلین اور عسکری قیادت کی شرکت متوقع ہے۔

پشاور کے آرمی پبلک سکول میں منعقدہ تقریب میں صدر ، وزیر اعظم، آرمی چیف، پانچوں صوبوں کے وزرائے اعلی اور آزاد کشمیر کے وزیر اعظم کے علاوہ مختلف ممالک کے سفیروں ، صوبائی اور وفاقی وزراء مدعو ہیں۔

تقریب میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرپرسن بلاول بھٹو زرداری، پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان اور عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفند یار ولی خان بھی شریک ہو سکتے ہیں۔

تقریب میں سانحہ اے پی ایس کے مرحومین کے والدین کو فوجی قیادت تمغے دے گی۔ اسی طرح حملے میں بچنے والوں کو بہادری کے ایوارڈ ملیں گے۔اس موقع پر ’شہدا کی یادگار‘ کا افتتا ح بھی ہو گا۔

افتتاحی تقریب کا انعقاد سکول کے اُسی آڈیٹوریم میں ہو گا، جہاں دہشت گردوں نے سولہ دسمبر، 2014 کی صبح سب سے پہلے حملہ کیا تھا۔

تقریب میں انتہائی اہم شخصیات کی شرکت کی وجہ سے سکول اور اس کے اطراف میں سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات ہیں۔

منگل کو ورسک روڈ پر سیکیورٹی چیک پوسٹ قائم کر نے ساتھ ساتھ فوج کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی، جس کے بعد سکول کی حدود میں صرف مجاز لوگ کو ہی داخلے کی اجازت دی جارہی ہے ۔

اسی طرح شہر کے مختلف علاقوں میں دو ہزار سے زائد پولیس اہلکار بھی نگرانی کے فرائض سر انجام دیں گے۔

صوبہ خیبر پختونخوا کی حکومت نے کل تمام تعلیمی اداروں میں عام تعطیل کا اعلان کر رکھا ہے۔

ڈان کا اے پی ایس حملے کی پہلی برسی پر شہدا کی یاد میں خصوصی فیچر

آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں