عمومی طور پر زیادہ کھانے یا بے وقت کھانے کو موٹاپے کی وجہ سمجھا جاتا ہے، لیکن موٹاپے کی ایسی کئی اور وجوہات بھی ہیں جن سے آپ ناواقف ہوسکتے ہیں۔

بڑی پلیٹ میں کھانا: جو لوگ بڑی پلیٹوں میں کھانا پسند کرتے ہیں ان کا، چھوٹی پلیٹ میں کھانے والوں کی نسبت وزن بڑھے کا زیادہ خطرہ ہوتا ہے، کیونکہ جب آپ بڑی پلیٹ میں کھانا چاہتے ہیں تو اس میں کھانا بھی زیادہ نکالتے ہیں اور یوں چھوٹی پلیٹ میں کھانے والوں کی نسبت آپ جانے انجانے میں زیادہ کھالیتے ہیں۔

بڑے لقمے لینا: یہ مانا جاتا ہے کہ جو لوگ کھاتے وقت بڑے لقمے لیتے ہیں، وہ چھوٹے لقمے لینے والوں کی نسبت زیادہ کیلوریز حاصل کرتے ہیں کیونکہ بڑے لقمے کھانے والے افراد کھانا ٹھیک سے نہیں چباتے جو موٹاپے کا باعث بن سکتا، لہٰذا کھانا ٹھیک سے چبانے کی عادت اپنائی جانی چاہیے تاکہ کھانے کا اچھی طرح احساس ہو۔

وافر مقدار میں پانی نہ پینا: موٹاپے کا تعلق آپ کے پانی پینے کی مقدار سے بھی ہوسکتا ہے۔ جو لوگ کم پانی پیتے ہیں ان کا زیادہ پانی پینے والوں کی نسبت وزن بڑھنے کا زیادہ خطرہ ہوتا ہے، کیونکہ پانی آپ کے جسم سے ایسے مادوں کو باہر کردیتا ہے جو وزن بڑھانے کا باعث بنتے ہیں۔

مکمل آرام نہ کرنا: صرف کھانے کی مقدار اور عادات ہی نہیں بلکہ دیگر عوامل بھی موٹاپے کا باعث بن سکتے ہیں، جن میں مکمل آرام نہ کرنا بھی ایک بڑی وجہ ہے کیونکہ آرام کے دوران بھی آپ کا جسم چربی پگھلاتا ہے اور موٹاپے کے امکانات کم ہوجاتے ہیں۔

غیر صحت مند دوستوں کے ساتھ وقت گزارنا: انسانی صحت اور موٹاپے کے حوالے سے ایک مطالعے سے معلوم ہوا ہے کہ جو لوگ ایسے افراد کے ساتھ وقت گزارتے ہیں جو غیر صحت مند غذا کھانے پینے کے شوقین ہو جو آپ نہ چاہتے ہوئے اپنے لیے وہی کھانا آرڈر کرلیتے ہیں اور غیر صحت مند کھانا موٹاپے کی بڑی وجوہات میں شامل ہے۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں.

تبصرے (0) بند ہیں