جدید سائنس انسانی بقا کیلئے ممکنہ خطرہ، سٹیفن ہاکنگز

اپ ڈیٹ 19 جنوری 2016
سٹیفن ہاکنگز۔ — اے ایف پی
سٹیفن ہاکنگز۔ — اے ایف پی

لندن: نامور ماہر طبیعات اسٹیفن ہاکنگز نے خبردار کیا ہے کہ نئی ٹیکنالوجیز انسانی بقا کیلئے نئے خطرات کا سبب بن سکتی ہیں۔

جب ہاکنگز سے پوچھا گیا کہ دنیا قدرتی انداز میں تباہ ہو گی یا پھر انسانوں کی وجہ سے؟ اس پر انہوں نے کہا انسانی بقا کو لاحق زیادہ تر خطرات کی وجہ سائنس اور ٹیکنالوجی میں ہونے والی ترقی ہے۔

نامور سائنس دان نے ایٹمی جنگ، تباہ کن ماحولیاتی تبدیلیاں اور جنیاتی وائرسز کو اس کی مثال قرار دیا۔

ہاکنگز نے ان خیالات کا اظہار سات جنوری کو بی بی سی کے سالانہ لیکچرز کی ریکارڈنگ کے دوران کیا۔ بلیک ہولز پر دو حصوں پر مشتمل ہاکنگز کا لیکچر 26 جنوری اور 2 فروری کو ریڈیو پر نشر کیا جائے گا۔

کیمبرج یونیورسٹی کے پروفیسر ہاکنگز کا کہنا ہے کہ اگلے ایک سے دس ہزار سالوں میں زمین پر کوئی بڑا سانحہ ’تقریباً یقینی‘ ہے، لیکن اس سے انسان ختم نہیں ہوں گے کیونکہ اُس وقت تک وہ خلا اور دوسرے ستاروں تک پھیل چکے ہوں گے۔

’تاہم ہم کم ازکم اگلے سو سالوں تک خلا میں مستحکم آبادیاں بسا نہیں سکیں گے، لہذا اس عرصے میں ہمیں بہت محتاط رہنا ہو گا‘۔

’ہم ترقی کا راستہ روک نہیں سکتے، لہٰذا ہمیں خطرات کو پہچانتے ہوئے ان پر قابو پانا ہو گا۔ میں ایک رجائیت پسند شخص ہوں اور مجھے محسوس ہوتا ہے کہ ہم یہ کر سکتے ہیں‘۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں.

تبصرے (0) بند ہیں