میدوگوری: نائجیریا میں شدت پسند تنظیم بوکو حرام کے حملے میں کم از کم 65 افراد ہلاک ہوگئے۔

فوجی ترجمان کرنل مصطفیٰ انکاس نے بتایا کہ شدت پسندوں نے میدوگوری سے تقریباً پانچ کلو میٹر دور دیلوری برادری کو نشانہ بنایا۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ حملے کے دوران خودکش بمباروں، دھماکا خیز مواد اور بندوقوں کا استعمال کیا گیا۔

فوجی ترجمان نے کہا کہ عسکریت پسند گاؤں میں گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں پر سوار ہوکر آئے اور فائرنگ شروع کردی اور گھر نذر آتش کرنے لگے۔

ترجمان نے بتایا کہ تین خاتون خودکش بمباروں نے راستہ روکے جانے پر خود کو دھماکا خیز مواد سے اڑا لیا۔

2009 سے لے کر اب تک بوکو حرام نے شمالی نائجیریا میں پر تشدد کارروائیاں کرتے ہوئے 17 ہزار افراد کو ہلاک کیا ہے جبکہ 26 لاکھ سے زائد افراد اپنے گھروں کو چھوڑنے پر مجبور ہوئے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں