جگر کے امراض کی 9 خاموش علامات

اپ ڈیٹ 06 فروری 2016
— کریٹیو کامنز فوٹو
— کریٹیو کامنز فوٹو

جگر انسان جسم کے ان حصوں میں سے ایک ہے جن کو عام طور پر اس وقت تک سنجیدہ نہیں لیا جاتا جب تک وہ مسائل کا باعث نہیں بننے لگتے اور کچھ لوگوں کے لیے بہت تاخیر ہوجاتی ہے۔

جگر کا درست طریقے سے کام کرنا متعدد وجوہات کے باعث اچھی صحت کے لیے انتہائی ضروری ہے تاہم اس کی بڑی اہمیت یہ ہے کہ ہم جو کچھ بھی کھاتے ہیں اسے ہضم کرنے کے لیے جگر کی ضرورت ہوتی ہے۔

تو اس میں کسی بھی قسم کی خرابی یا بیماری کی صورت میں جو علامات سامنے آتی ہیں وہ بھی اکثر افراد نظر انداز کردیتے ہیں۔

یہاں جگر کو نقصان پہنچنے کی ایسی ہی خاموش علامات کا ذکر کیا گیا ہے جن سے واقفیت ہر ایک کے لیے ضروری ہے۔

تھکاوٹ

ہر ایک کو کسی نہ کسی وقت تھکاوٹ کا سامنا ہوتا ہی ہے مگر جگر کے امراض کے باعث جس تکان کا تجربہ ہوتا ہے وہ بالکل متختلف ہوتی ہے۔ جگر میں خرابی کی صورت میں یہ عضو توانائی پر کنٹرول کرکے دن کو پورا کرنا انتہائی مشکل بنا دیتا ہے۔ کافی اور دیگر کیفین والے مشروبات جگر کی حالت کو زیادہ بدترین بنادیتے ہیں، لہذا توانائی کو واپس حاصل کرنے کے لیے پانی، پھل اور صحت مند پروٹین تک محدود رہیں۔

پلیٹ لیٹس کی کمی

پلیٹ لیٹس خون کے اندر وہ ننھے ذرات ہوتے ہیں جو جریان خون سے موت کے خطرے کو ٹالنے کے لیے ضروری ہیں۔ جگر کے بیشتر مریضوں میں پلیٹ لیٹس کی کمی ہوجاتی ہے اور یہ جگر کے امراض کی شناخت کا بھی بڑا ذریعہ ثابت ہوتے ہیں۔

متلی

قے کا احساس ہونا کسی کے لیے بھی خوشگوار ثابت نہیں ہوتا اور جگر کے امراض کے شکار افراد کو اس کا تجربہ اکثر ہوتا ہے۔

ورم

جب آپ کے جسم کے مختلف حصے سوجنا خاص طور پر ٹانگوں کا سوجنا جگر کے امراض میں عام ہوتا ہے۔ اگر آپ کے پیر اکثر سوج جاتے ہیں تو روزانہ 20 منٹ تک چہل قدمی کو عادت بنانے سے خون کی روانی کو ٹانگوں میں بہتر بنایا جاسکتا ہے۔

یرقان

یرقان کے مرض سے تو سب ہی واقف ہیں اور بالغ افراد کو اس کا تجربہ عام طور پر اس وقت ہوتا ہے جب ان کے جگر کے اندر کچھ گڑبڑ چل رہی ہو۔ اس مرض میں جلد کی رنگت بدلنے لگتی ہے اور وہ چند گھنٹوں یا دنوں میں زرد یا اورنج شیڈ کی ہوجاتی ہے۔

جلد خراشیں پڑجانا

جگر کے مختلف امراض کے شکار افراد میں خون کی بیماریاں بھی پیدا ہوجاتی ہیں، جیسے خون زیادہ بہنے لگتا ہے یا بغیر کسی وجہ کہ جلد پر خراشیں پڑجانا وغیرہ۔ اگر آپ ایسا ہوتے دیکھیں اور جلد پر خراش کی کوئی وجہ نہ مل سکے تو ڈاکٹر سے ایک بار ضرور مشورہ لیں۔

معدے میں درد

جب شکم میں موجود کسی عضو کو مسائل کا سامنا ہو تو پورے معدے میں درد کا سامنا تو ہوتا ہی ہے۔ جگر کا درد بہت تیز ہوتا ہے اور ایسا لگتا ہے جیسے خنجر سے مارا جارہا ہو۔ ایسا درد لبلبے میں خرابی کے باعث بھی ہوتا ہے تو ایسا درد ہونے پر ڈاکٹر سے رجوع ضرور کرنا چاہئے۔

ہیضہ

عام طور پر جب نظام ہاضمہ میں کسی قسم کی خرابی ہو تو ہیضہ سب سے پہلی نشانی ہوتا ہے جو آپ کو چوکنا کرنے کی کوشش کررہی ہوتی ہے۔

کھانے کی خواہش ختم ہونا

اگر آپ کا معدہ تکلیف کا شکار ہو تو کھانا ذہن میں آنے والی آخری چیز ہوسکتا ہے۔ یہ حیران کن امر نہیں کہ جگر کے امراض میں مبتلا بیشتر افراد کو جسمانی وزن میں کمی اور کھانے کی خواہش ختم ہونے کا سامنا علاج سے قبل، اس کے دوران اور بعد میں کرنا پڑتا ہے۔

نوٹ: یہ مضمون عام معلومات کے لیے ہے۔ قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ لیں۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں